خوف خدا عزوجل سے رونا ایک عظیم نعمت ہے اور عظیم نیکی ہے رب تعالی کی بارگاہ میں رونے والے کا کاسہ خالی نہیں لوٹایا جاتے بلکہ رب تعالی کی طرف سے انعام و اکرام سے نوازا جاتا ہے ۔بیشک یہ ایک ایسی نیکی ہے جو  گناہوں کی معافی کا سبب ہونے کے ساتھ ساتھ درجات میں بلندی کا ذریعہ بھی ہے خوف خدا سے رونا سنت انبیاء ہے ۔

حضرت یحیٰ علیہ السلام جب نماز کے لیے کھڑے ہوتے اس قدر گریہ و زاری کرتے کہ آپکے ساتھ درخت اور مٹی کے ڈھیلے بھی رونا شروع کردیتے حتی کہ آپکے والد محترم حضرت زکریا علیہ السلام بھی رونا شروع کردیتے یہاں تک کہ بے ہوش ہوجاتے مسلسل بہنے والے آنسوؤں کے سبب یحییٰ علیہ السلام کے رخساروں پہ زخم پڑ گئے(خوف خدا ،ص :45)

خوف خدا رکھنے والے کو رب تعالی کا قرآن کھلے الفاظ سے یہ خوشخبری سناتا ہے :

وَ لِمَنْ خَافَ مَقَامَ رَبِّهٖ جَنَّتٰنِۚ(۴۶) احادیثِ کریمہ میں رونے کے فضائل و انعامات بکثرت واقع ہیں ترغیباً چند احادیث گوش گزار کرتا ہوں۔ پڑھیے اور جھومئے۔

(پ :27، الرحمن: 46)

سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :وہ شخص جہنم میں داخل نہیں ہوگا جو اللہ تعالی کے ڈر سے رویا ہو۔(شعب الایمان باب فی الخوف من اللہ تعالی :1/489،حدیث :798)

سرکار عاشقاں حضور جان جاناں صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:جس مومن کی آنکھوں سے اللہ عزوجل کے خوف سے آنسوں نکلتے ہیں اگرچہ مکھی کے سر کے برابر ہوں پھر وہ آنسو اسکے چہرے کے ظاھری حصے کو پہنچیں تو اللہ عزوجل اسے جہنم پر حرام کردیتا ہے"

(شعب الایمان ،باب فی الخوف من اللہ تعالی ،1/491،حدیث:802)

خلیفہ رابع امیر المومنین علی المرتضی کرم تعالی وجھہ الکریم فرماتے ہیں:جب تم میں سے کسی کو خوف خدا سے رونا آئے تو وہ آنسوؤں کو کپڑے سے صاف نہ کرے بلکہ رخساروں پر بہہ جانے دے کہ وہ اسی حالت میں رب تعالی کی بارگاہ میں حاضر ہوگا۔

(شعب الایمان ،باب الخوف من اللہ تعالی،1/493، حدیث :808)

حضرت سیدنا عبداللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:اللہ عزوجل کے خوف سے آنسو کا ایک قطرہ بہنا میرے نزدیک ایک ہزار دینا صدقہ کرنے سے بہتر ہے ۔

(باب فی الخوف من اللہ تعالی ،1/502، حدیث :842)

حضرت سیدنا کعب بن احبار رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: جو شخص اللہ کے ڈر سے روئے اور اسکے آنسوؤں کا ایک قطرہ بھی زمین پر گرجائے تو جہنم کی آگ اسے کبھی نہیں چھوئے گی ۔

(درۃ الناصحین ،المجلس الخامس و الستون فی بیان البکاء حدیث :253)

جی چاہتا ہے پھوٹ کر روؤں تیرے ڈر سے

اللہ مگر دل سے قساوت نہیں جاتی

اللہ عزوجل ہماری قساوت قلبی کو دور کرتے ہوئے ہمیں اپنے خوف سے رونے کی توفیق عطا فرمائے ۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم