خوف خدا عزوجل میں رونا ایک عظیم الشان نیکی ہے اور یہ مقدر والوں کا ہی حصہ ہے۔بسا اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ رونے والے کی برکت سے نہ رونے والوں کا بھی بیڑا پار ہو جاتا ہے۔ اگر رونا نہ آئے تو رونے جیسی صورت ہی بنا لے کیونکہ اچھوں کی نقل بھی اچھی ہوتی ہے۔ اگر کوئی خوف خدا کی وجہ سے رو پڑے تو ہمیں اس پر بدگمانی نہیں کرنی چاہیئے کیونکہ مسلمان پر بدگمانی کرنا حرام اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے۔(نیکی کی دعوت، ص:272)

رونے والی آنکھیں   مانگو رونا سب کا کام نہیں

ذِکرِ مَحَبَّت عام ہے لیکن سوزِ مَحَبَّت عام نہیں

احادیث مبارکہ:

(1) ۔ حضور علیہ سلام نے ارشاد فرمایا :یعنی’’خوفِ خدا سے رونے والا ہرگز جہنَّم میں   داخِل نہیں   ہوگا حتّٰی کہ دودھ تھن میں   واپَس آجائے ۔‘‘ 

(شُعَبُ الْاِیمان ،1/490، حدیث :800)

(2)۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :قیامت کے دن سب آنکھیں رونے والی ہوں گی مگر تین آنکھیں نہیں روئے گی ان میں سے ایک وہ ہوگی جو خوف خوف سے ہوئی ہوگی۔( کنز العمال 8/356)

(3) ایک مرتبہ سروَر ِ کونین، رَحمتِ دارین، نانائے حَسَنَین صلّی اللہُ علیہ و سلم نےخُطبہ دیا تو حاضِرین میں   سے ایک شخص رو پڑا ۔ یہ دیکھ کر آپ صلّی اللہُ علیہ و سلم نے فرمایا:اگر آج تمہارے درمیان وہ تمام مُؤمِن موجود ہوتے جن کے گناہ پہاڑوں   کے برابر ہیں   تو انہیں   اس ایک شخص کے رونے کی وجہ سے بخش دیا جاتا کیونکہ فرشتے بھی اس کے ساتھ رو رہے تھے اور دُعا کر رہے تھے : اَللّٰہُمَّ شَفِّعِ الْبَکَّائِیْنَ فِیْمَنْ لَّمْ یَبْکِ یعنی اے اللہ عزوجل! نہ رونے والوں   کے حق میں   رونے والوں   کی شَفاعت قَبول فرما۔ 

(شُعَبُ الْاِیمان  ج1ص494،حدیث 810)

حضرتِ مولاناروم عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَیُّوْمفرماتے ہیں :  

ہر کُجاآبِ رَواں    غُنچہ بُوَد              ہر کُجا اشکِ رَواں   رَحمت بُوَد

(جب آسمان سے بارش برستی ہے توزمین پر غُنچے اور گُل کِھلتے ہیں   اور جب خوفِ خدا سے کسی کے آنسو جاری ہوتے ہیں   تو رحمت کے پھول کِھلتے ہیں) (نیکی کی دعوت، ص:273)

(4)۔حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ سرکار رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:جس مومن بندے کی آنکھ سے اللہ عزوجل کے خوف سے آنسو نکلے خواہ وہ مچھر کے سر جتنا ہو پھر وہ رخسار کے سامنے کے حصے کو مس کرے۔ تو اللہ تعالی اس پر دوزخ کی آگ کو حرام کر دیتا ہے۔( ابن ماجہ 4/467،حدیث:4197)

اللہ رب العزت ہمیں اپنے خوف بھی رونا نصیب فرمائے۔اٰمین