خوف خدا میں رونا بھی بڑی نعمت ہے، ۔خوفِ خدا کسے کہتے ہیں؟یہ عظیم نعمت ہوتی کیا ہے؟ امیر اہلسنت بانی  دعوت اسلامی حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطار قادری دامَتْ بَرَکاتُہمُ العالِیَہ اپنی مایہ ناز تالیف کفریہ کلمات کے بارے میں سوال جواب صفحہ26 پر فرماتے ہیں:اللہ پاک کی خفیہ تدبیر، اس کی بے نیازی، اس کی ناراضی، اس کی گرفت (پکڑ) اس کی طرف سے دئیے جانے والے عذابوں، اس کے غضب اور اس کے نتیجے میں ایمان کی بربادی وغیرہ سے خوفزدہ رہنے کا نام ہے خوفِ خدا ہے، خوفِ خدا میں رونے کے فضائل :ایک ہزار دینار صدقہ کرنے سے زیادہ پسند:حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہُ عنہمافرماتے ہیں:اللہ پاک کے خوف سے ایک آنسو کا بہنا میرے نزدیک ایک ہزار دینار صدقہ کرنے سے زیادہ پسند ہے۔(شعب الایمان، ص502/1) دو جنتوں کی بشارت: سورۂ رحمٰن میں خوفِ خدا رکھنے والوں کے لئے دو جنتوں کی بشارت سنائی گئی ہے، چنانچہ ارشاد ہوتا ہے:وَ لِمَنْ خَافَ مَقَامَ رَبِّهٖ جَنَّتٰنِۚ ۔ترجمہ کنزالایمان:اور جو اپنے ربّ کے حضور کھڑے ہونے سے ڈرے ،اس کے لئے دو جنتیں ہیں۔(پ 27، رحمن: 46)جہنم سے رہائی: سرورِعالم، شفیعِ معظم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:جس مؤمن کی آنکھوں سے اللہ پاک کے خوف سے آنسو نکلتا ہے، اگرچہ مکھی کے پر کے برابر ہو، پھر وہ آنسو اس کے چہرے کے ظاہری حصّے تک پہنچیں تو اللہ پاک اسے جہنم پر حرام کر دیتا ہے۔( شعب الایمان، باب الخوف من اللہ پاک، جلد 1، صفحہ 490، حدیث: 802)جیسے درخت کے پتے جھڑتے ہیں:رسول اللہ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا:جب مؤمن کا دل اللہ پاک کے خوف سے لرزتا ہے تو اس کی خطائیں اس طرح جھڑتی ہیں، جیسے درخت سے اس کے پتے جھڑتے ہیں۔(خوف خدا، شعب الایمان، باب الخوف من اللہ ، جلد 1، صفحہ 491، حدیث: 803)بھلائی کی طرف راہ نمائی:حضرت فضیل رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں :جو اللہ پاک سے ڈرتا ہے تو یہ خوف ہر بھلائی کی طرف اس کی راہ نمائی کرتا ہے۔سبز موتیوں کا محل:حضرت کعب الاحبار رحمۃ اللہ علیہ سے مروی ہے: اللہ پاک نے سبز موتی کا ایک محل پیدا فرمایا ہے، جس میں ستر ہزار گھر ہیں اور ہر گھر میں ستر ہزار کمرے ہیں، اس میں وہ داخل ہوگا، جس کے سامنے حرام پیش کیا جائے اور وہ محض اللہ پاک کے خوف سے چھوڑ دے۔( خوف خدا، احیاء العلوم، جلد 4، صفحہ 199)کامل عقل والا:مدنی آقا صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے فرمایا:تم میں سے سب سے بڑھ کر کامل عقل والا وہ ہے، جو ربِّ کریم سے زیادہ ڈرنے والا ہے اور جو تم میں سے سب سے اچھا وہ ہے، جو اللہ پاک کے اَوامر و نواہی یعنی احکام میں زیادہ غور کرتا ہے۔( خوف خدا، احیاء العلوم، جلد 4، صفحہ 199) جنت میں داخلہ:حضرت یحی بن معاذ رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا:یہ کمزور انسان اگر جہنم سے اسی طرح ڈرے، جس طرح محتاجی سے ڈرتا ہے تو جنت میں داخل ہو۔( خوف خدا، احیاء العلوم، جلد 4، صفحہ 199)اللہ پاک سے دعا ہے کہ ہمیں حقیقی معنوں میں خوفِ خدا میں رونے کی سعادت عطا فرمائے۔آمین