دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول
سسٹم،پاکستان بھر کے کیمپسز میں یوم آزادی کی تقریبات
پاکستان اللہ تعالی ٰ کی ایک نعمت ہے،ہمیں اس نعمت کی
قدر کرنی چاہیے۔ اس نعمت کی قدر کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اللہ پاک کا شکر
ادا کریں اور ایسے کام
کریں جن سے ہمارے دین، ملک اور ہمیں فائدہ ہو۔ہمیں چاہیے کہ پاکستان حاصل کرنے کے مقاصد یاد رکھیں۔ دارالمدینہ
انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم (پاکستان )کے پنجاب اور سندھ ریجن کے کیمپسز میں یوم آزادی کی
تقریبات جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئیں۔ اس موقع پر کیمپسز کو پاکستانی جھنڈوں
اورسبز اور ہرے رنگوں سے مزین غباروں سے بھی سجایا گیا تھا۔یوم آزادی کی مناسبت
سے کیمپسز کی دیواروں پر پاکستانی نقشے بنائے گئے ۔ ان دیواروں پر حب الوطنی پر
مبنی اقوال اور امیر اہل سنت کے پاکستان سے متعلق کلام کے اشعار بھی لکھے گئے۔
ان تقریبات کا آغاز تلاوت ِقرآن پاک سے ہوا، بعد ازاں
نعت شریف اور اردو انگریزی تقاریر کا سلسلہ بھی ہوا ۔ طلبہ نے یوم آزادی کی
مناسبت سے تقاریر کیں ، طلبہ نے ایک آواز میں قومی ترانہ بھی پڑھا اور ملی نغمے بھی پیش کیے۔ اساتذہ
کرام نے طلبہ کی تربیت کی اور انھیں قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد سے آگاہ کیا اور
یوم ِآزادی کو اسلامی اصولوں کے مطابق منانے کی ترغیب دلائی۔
ان تقریبات کی خاص بات یہ تھی کہ طلبہ کے ہاتھوں میں سبز پرچم موجود
تھے جو وہ وقفے وقفے سے لہرارہے تھے اور ساتھ ہی پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی
بلند کررہے تھے۔آخر میں پاکستان کی سلامتی،ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں بھی
مانگی گئیں۔(رپورٹ: غلام
محی الدین ترک ،اردو کانٹینٹ رائیٹر(مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ
دارالمدینہ ،ہیڈ آفس کراچی)