سندھ کے شہر ٹنڈوباگو میں واقع علاقہ امداد ٹاؤن میں دعوتِ اسلامی کے شعبہ خدام المساجد و المدارس کے زیرِ اہتمام مقامی عاشقانِ رسول کی ضرورت کے پیشِ نظر زیرِ تعمیر مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کا افتتاح کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی فضیل رضا عطاری نے باجماعت نماز کی ادائیگی سے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ مسجد کا باقاعدہ آغاز کیا۔

اس موقع پر وہاں موجود اسلامی بھائیوں کے لئے سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی اسلامی بھائیوں، شخصیات اور ذمہ دار اسلامی بھائیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

رکنِ شوریٰ حاجی فضیل رضا عطاری نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے اسلامی بھائیوں کو دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں حصہ لینے، مساجد و مدارس کی تعمیرات میں تعاون کرنے، ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں شرکت کرنے اور علمِ دین حاصل کرنے کا ذہن دیا۔

آخر میں صلوٰۃ و سلام و دعا کا سلسلہ ہوا جبکہ مقامی عاشقانِ رسول نے دعوتِ اسلامی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئےمدنی چینل کو اپنے اپنے تأثرات بھی دیئے۔

بعدازاں رکنِ شوریٰ حاجی فضیل رضا عطاری نے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ سمیت دیگر جگہوں کا وزٹ کیا جس موقع پر آپ کا کہنا تھا کہ:ایک شخصیت نے دعوتِ اسلامی کو ایک پلاٹ دیا جس پر الحمد للہ اب مدنی مرکز فیضانِ مدینہ تعمیر ہو گیا اور نمازوں کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا ہے۔

رکنِ شوریٰ کا مزید کہنا تھا کہ ذمہ داران کی کوشش سے علاقہ امداد ٹاؤن میں جامعۃالمدینہ و مدرسۃ المدینہ کے لئے بھی جگہ خرید لی گئی جس کی تعمیر کے بعد عنقریب اس میں بچوں کو قراٰنِ پاک کی مفت تعلیم دی جائے گی جبکہ جامعۃ المدینہ میں انہیں قراٰن و حدیث سکھایا جائے گا۔

بعدازاں رکنِ شوریٰ نے مقامی شخصیات، نگرانِ ڈسٹرکٹ مشاورت بدین، نگرانِ ڈسٹرکٹ مشاورت ٹھٹہ اور نگرانِ ڈویژن مشاورت بنبھور کے ہمراہ جامعۃ المدینہ و مدرسۃالمدینہ کے پلاٹس کا وزٹ کیا۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)