یہ امیر المومنین حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی نور نظر اور دختر نیک اختر ہیں۔ان کی والدہ ماجدہ کا نام ام رومان ہے یہ چھ برس کی تھیں جب حضور ﷺ نے اعلان نبوت کے دسویں سال ماہ شوال میں ہجرت سے تین سال قبل نکاح فرمایا اور شوال 6 ہجری میں مدینہ منورہ کے اندر یہ کا شا نہ نبوت میں داخل ہو گئیں اور نو برس تک حضور ﷺ کی محبت سے سر فراز رہیں۔ ازواج مطہرات میں یہی کنواری تھیں۔

احادیث مبارکہ:

حضور ﷺ نے فرمایا: تین راتیں میں خواب میں یہ دیکھتا رہا کہ ایک فرشتہ تم کو ایک ریشمی کپڑے میں لپیٹ کر میرے پاس لاتار ہا اور مجھ سے یہ کہتا رہا کہ یہ آپ کی بیوی ہیں۔جب میں نے تمہارے چہرے سے کپڑا بٹا کردیکھا تو نا گہاں وہ تم ہی تھی اس کے بعد میں نے اپنے دل میں کہا کہ اگر یہ خواب اللہ کی طرف سے ہے تو وہ اس خواب کو پورا کر دکھائے گا۔(ترمذی، 5/470، حدیث: 3906)

ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں نور مجسم ﷺ نے میری باری کے دن میری گردن اور سینے کے درمیان وصال فرمایا اور اللہ نے موت کے وقت میرا اور آپ ﷺ کا لعاب اقدس ملاد یا۔ (بخاری، 3/468، حدیث: 5217)

حضور اقدس ﷺ نے ام المومنین حضرت عائشہ کے بارے میں ارشاد فرمایا: اے ام سلمہ! مجھے عائشہ کے بارے میں کوئی تکلیف نہ دو۔ اللہ کی قسم مجھ پر عائشہ کے سوا تم میں سے کسی بیوی کے لحاف میں وحی نازل نہیں ہوئی۔ (بخاری، 2/552، حدیث: 3775)

حضرت عائشہ فرماتی ہیں: حضور ﷺ نے میرے سوا کسی دوسری کنواری عورت سے نکاح نہیں فرمایا۔ میرے سوا ازواج مطہرات میں سے کوئی بھی ایسی نہیں جس کے ماں باپ دونوں مہاجر ہوں۔ اللہ تعالیٰ نے میری براءت اور پاک دامنی کا بیان آسمان سے قرآن میں نازل فرمایا۔ حضور اقدس ﷺ نماز تہجد پڑھتے تھے اور میں آپ کے آگے سوئی رہتی تھی ا مہات المومنین میں سے کوئی بھی حضور ﷺ کی اس کریمانہ محبت سے سر فراز نہیں ہوئی۔ (شرح الزرقانی، 3/323)

ام المومنین وہ عظیم خاتون ہیں کہ جنہوں نے ا پنی ہر ہر ادا سے اپنے شوہر نامدار کو زندگی کے ہر موڑ پر اپنائیت کا احساس دلایا شوہر کی اطاعت فرمان برداری کو اپنا شعار بنایا اور دینی و دنیاوی معاملات میں بے مثال بیوی کے طور پر خود کو پیش کیا۔ ہجرت کا موقع پر یا جنگی تیاریاں مہمانوں کی خدمت ہویا حضور ﷺ کے شب وروز کے دیگر معاملات کی دیکھ بھال آ پ نے اپنے شوہر نامدار نبیوں کے تاجدار ﷺ کی خوشنودی و رضا حاصل کر نے کا کوئی موقع بھی ضائع نہ کیا۔

اللہ ہم کو بھی حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین