قرآنِ مجید ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ اس کی تلاوت اجر وثواب کا ذریعہ ،  رحمتوں اور برکتوں کے نزول کا باعث ہے، قرآن پاک کی محبت مسلمانوں کا اثاثہ ہے۔

شیخِ طریقت، امیر ِاہلِ سنت،بانی ٔ دعوتِ اسلامی ، حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمدالیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ کی ترغیب پر جمعۃ المبارک 14جولائی 2023ء کو دارالمدینہ ہیڈآفس، ڈویژن آفیسز اور کیمپسز میں یومِ تلاوتِ قرآن ِپاک منایا گیا۔ اس موقع پر اسلامی بھائیوں نے اپنے دینی جذبے کے ساتھ خوب ذوق و شوق سے تلاوتِ کلامِ پاک کی۔

یومِ تلاوتِ قرآنِ پاک کے موقع پر دارالمدینہ کی جانب سے ایک پیغام بھی جاری کیا گیا:’’قرآنِ پاک کی محبت ایمان کی علامت ہے۔قرآن سے اپنا رشتہ اور تعلق مضبوط بنائیں اور اس کے لئے قرآنِ کریم کی تلاوت کو اپنا معمول بنائیں۔‘‘

دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم کے طلبہ اور سرپرستوں نے بھی اپنے اپنے گھروں میں تلاوتِ قرآنِ پاک کااہتمام کیا اور اپنے ویڈیو پیغامات بھی بھیجے۔ ایک طالب علم نے کہا کہ تلاوتِ قرآنِ پاک سے اللہ پاک خوش ہوتا ہے،تلاوت ِقرآنِ پاک سے دل کو سکون ملتا ہے۔کے جی کلاس کی طالبہ سمیت دوسرے طلبہ نے تلاوتِ قرآن کرتے ہوئے اپنی ویڈیوز بھی بھیجیں اور قرآنِ پاک سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے نعرے بھی لگائے۔

اس موقع پر شعبہ دینیات کے ڈائریکٹراور رکنِ مجلس محمد رضوان عطاری مدنی نے کہا کہ قرآن پاک کو دیکھنا، چھونا، پڑھنا سعادت کی بات ہے۔ ہمیں چاہیے کہ روزانہ ہی تلاوتِ قرآنِ پاک کی سعادت حاصل کریں انہوں نے قرآنِ پاک سمجھنے کے لئے تفسیر ِصراطُ الجنان پڑھنے کی ترغیب بھی دلائی۔(رپورٹ: غلام محی الدین ترک ،اردو کانٹینٹ رائیٹرمارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ ،ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)