پیارے اسلامی بھائیو !  آج ہم تین چیزوں کے متعلق پڑھنے کی سعادت حاصل کریں گے احادیث کی روشنی میں جن کے ذریعے رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ہماری تربیت فرمائی ہے ۔

1 حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا : منافق کی تین علامتیں ہیں مسلم نے یہ زیادتی بھی بیان کی کہ اگر یہ روزہ رکھے، نماز پڑھے اپنے کو مسلمان سمجھے پھر مسلم بخاری متفق ہوگئے کہ 1-جب بات کرے، جھوٹ بولے، 2-وعدہ کرے تو خلاف کرے 3-امانت دی جاے تو خیانت کرے۔ (مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح باب الکبائر وعلامات النفاق جلد اول حدیث 48صفحہ 73)

2 حضرت انس سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا کہ جس میں تین خصلتیں ہوں وہ ایمان کی لذت پالے گا 1-اللہ ورسول تمام ماسوا سے زیادہ پیارے ہوں 2-جو بندے سے صرف اللہ کے لیے محبت کرے 3-جوکفر میں لوٹ جانا جبکہ رب نے اس سے بچالیا ایسا برا جانے جیسے آگ میں ڈالا جانا - (متفق علیہ) (مرآة المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح کتاب الایمان حدیث نمبر 6 صفحہ 39)

3- حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کجاوہ پر تھے معاذ حضور کے ردیف تھے _ حضور نے فرمایا : اے معاذ! عرض کیا: حاضر ہوں یارسول اللہ خدمت میں،فرمایا: اے معاذ !عرض کیا حاضر ہوں خدمت میں، تیسری بار عرض کرنے پر فرمایا، ایسا کوئی نہیں جو گواہی دے کہ اللہ کےسوا معبود نہیں اور بےشک محمد اللہ کے رسول ہیں-سچے دل سے مگر اللہ اسے آگ پر حرام فرمادے گا عرض کی یارسول اللہ تو کیا میں لوگوں کو اس کی خبر دے دوں کہ وہ خوش ہو جائیں فرمایا تب تو وہ بھروسہ کر بیٹھیں گے۔پھر حضرت معاذ نےکتمان علم سے بچنے کیلئے اپنی وفات کے وقت خبر دے دی۔(مسلم بخاری،. مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح کتاب الایمان جلد اول صفحہ نمبر 51 حدیث نمبر 22)

4-حضرت ابوہریرہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا :لوگ پوچھ گچھ کرتے رہیں گے حتیٰ کہ یہ کہا جائے گا کہ مخلوق کوخدا نے پیدا کیا تو خدا کو کس نے پیدا کیا جب یہ کہیں تو تم کہہ دینا اللہ ایک ہے، بے نیاز ہے، نہ اس نے جنا نہ جنا گیا اور نہ کوئی اس کے برابر کا پھر اپنے بائیں طرف تین بار تھتکاردے اور مردود شیطان سے اللہ کی پناہ مانگے۔(باب فی الوسوسۃ مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح حدیث نمبر 68 ص 84)

5_حضرت عائشہ رضی اللہ عنھا سےروایت ہے فرماتی ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم بقدر طاقت اپنے تمام کاموں میں داہنے سے شروع فرمانا پسند کرتے تھے - 1-اپنی طھارت 2-اور کنگھی کرنے3-اور نعلین پہننے میں (مسلم بخاری) (مرآۃ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح باب سنن الوضو حدیث 368ص 266)

7-حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا : اے علی تین چیزوں میں دیر نہ لگاؤ 1-نماز جب آجائے اور 2 -جنازہ جب تیار ہوجائےاور 3-لڑکی جب اس کا ہم قوم مل جائے (ترمذی) (مرآہ المناجیح شرح مشکوٰۃ المصابیح باب تعجیل الصلوۃ حدیث 557 ص 363)

9- نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا تین شخص جنت میں نہیں جائیں گے :1-ماں باپ کو ستانے والا اور 2-دیوث اور 3- مردانی وضع بنانے والی عورت (معجم اوسط جلد 2ص43 حدیث2443 )

10-کسی مسلمان کیلئے جائز نہیں کہ تین سے زائد اپنے مسلمان بھائی سے تعلق توڑے جو تین دن سے زیادہ تعلق توڑے اسی حال میں مرجاے تو جہنم میں جائے گا (ابو داؤد کتاب الادب باب فیمن یھجر اخاہ المسلم ص 770 حدیث 4914)

اللہ پاک ہمیں نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تعلیمات پہ عمل کی توفیق عطا فرمائے