میٹھے میٹھے اسلامی بھائیوں ! دین اسلام حکمرانوں کو رعایا کے ساتھ اچھا برتاؤ کرنےاور رعایا کو حکمرانوں کے حکم ماننے کی تاکید کرتا ہے حاکم کے خلاف بغاوت کرنے والوں کے لیے سخت سزائیں مقرر کی گئی ہیں حکمرانوں کی بات سننا اور بقدر استطاعت اطاعت کرنا ہر مسلمان پر لازم ہے : اللہ تعالی نے حکمرانوں کی اطاعت فرماں برداری کا جو حکم ارشاد فرمایا اُسے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے بہت واضح کر کے لوگوں تک پہنچا دیا اللہ عز و جل ہمیں نیک اور اچھے پرہیز گار حکمران نصیب فرمائے اور جائز امور کی اطاعت کرنے کی توفیق عطا فرمائے.

(1) اطاعت کرنا : یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اَطِیْعُوا اللّٰهَ وَ اَطِیْعُوا الرَّسُوْلَ وَ اُولِی الْاَمْرِ مِنْكُمْۚ اے ایمان والو حکم مانو اللہ کا اور حکم مانو رسول کا اور ان کا جو تم میں حکومت والے ہیں ۔

صراط الجنان میں اس کی تفسیر میں لکھا ہے اس آیت سے ثابت ہوا کہ مسلمان حکمرانوں کی اطاعت کا بھی حکم ہے۔ جب تک وہ حق کے موافق رہیں اور اگر حق کے خلاف حکم کریں تو اُن کی اطاعت نہیں کی جائے گی: آیت میں " أولي الأمر" کی اطاعت کا حکم ہے اس میں امام، امیر، بادشاہ حاکم سب داخل ہیں۔ (تفسیر صراط الجنان، پارہ 5، ص 230)

(2) ناپسند یدہ بات پر صبر کرنا : حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جسے اپنے حاکم سے کوئی ناپسندیدہ شے پہنچے تو اُس کو چاہیے کہ صبر کرے کیونکہ جو سلطان سے ایک بالشت بھی دور نکلا تو وہ جاہلیت کی موت مرا۔ ( ریاض الصالحین جلد 5 ، ص 657)

(3)اہانت نہ کرنا : حضرت سیدنا ابوبکرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے کہ میں نے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا : " جس نے سلطان کی اہانت کی، اللہ عزوجل اُسے ذلیل کرے گا" ۔ ( ترمذی شریف، حدیث 2231)

(4) بات سننا :حضرت ام الحصین رضی اللہ عنہا سے روایت ہے فرماتی ہیں: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اگر تم پر ناقص الاعضاء غلام حاکم بنا دیا جائے جو تم کو اللہ کی کتاب سے چلائے اُس کی سنو اور اطاعت کرو. (مرآۃ المناجح , جلد 5 ص 382)

(5) حکم ماننا: حضرت سیدنا ابن عمر رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہر مسلمان پر حاکم کا حکم سننا اور اُس کی اطاعت کرنا لازم ہے چاہے وہ حکم اس کو پسند ہو یا نہ ہو سوائے گناہ کے حکم کے کہ جب گناہ کا حکم دیا جائے تو اُسے نہ سننا لازم ہے اور نہ ہی اُس کی اطاعت کرنا لازم ہے. (مسلم ، کتاب الامارة،حدیث 4763)

اللہ عزوجل ہمیں حاکم کا حکم ماننے اور اس کی اطاعت کرنے کی توفیق عطا فرمائے امین بجاہ خاتم النبیین صلی اللہ تعالی علیہ وسلم

یہ مضمون نئے لکھاری کا ہے ،حوالہ جات کی تفتیش و تصحیح کی ذمہ داری مؤلف کی ہے، ادارہ اس کا ذمہ دار نہیں۔