سرکارِ دوعالم ،نورِ مجسم صلی اللہ علیہ و اٰلہ وسلم ایک صحابی رضی اللہ عنہ سے محوِ گفتگو تھے کہ آپ پر وحی آئی کہ اس صحابی کی زندگی کی ایک ساعت (یعنی گھنٹہ بھر زندگی) باقی رہ گئی ہے ۔ یہ وقت عصر کا تھا ۔ رحمت ِ عالم صلی اللہ علیہ و اٰلہ وسلم نے جب یہ بات اس صحابی رضی اللہ عنہ کو بتائی تو انہوں نے مضطرب ہوکر التجاء کی : ”یارسول اللہ صلی اللہ علیہ و اٰلہ وسلم ! مجھے ایسے عمل کے بارے میں بتائے جو اس وقت میرے لئے سب سے بہتر ہو۔” تو آپ نے فرمایا : ”علمِ دین سیکھنے میں مشغول ہوجاؤ ۔” چنانچہ وہ صحابی رضی اللہ عنہ علم سیکھنے میں مشغول ہوگئے اور مغرب سے پہلے ہی ان کا انتقال ہوگیا ۔ راوی فرماتے ہیں کہ اگر علم سے افضل کوئی شے ہوتی تو رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ و اٰلہ وسلم اسی کا حکم ارشاد فرماتے۔ (تفسیر کبیر ، ج١،ص٤١٠)

مَنْ طَلَبَ الْعِلْمَ تَـکَفَّلَ اللهُ بِرِزْقِهٖ“ جو شخص علم کی طلب میں رہتا ہے اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس کے رِزْق کا ضامن ہے۔ (تاریخ بغداد، محمد بن القاسم بن ھشام، ۳/)

عاشقان رسول میں علمِ دین کو عام کرنے کے لئے ہرجمعرات کو بعد نمازِ مغرب /بعض مقامات پر بعدِ عشاء ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماعات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ ہر ہفتے کی طرح 2 دسمبر 2021ء کی رات بھی دعوت اسلامی کے زیر اہتمام دنیا بھر میں ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماعات منعقد کئے جائینگے۔

تفصیلات کے مطابق مدنی چینل پر بعدِ عشاء تقریباً آٹھ بج کر تیس منٹ پر ہفتہ وار اجتماع شروع ہوجائے گا جس میں مدنی مرکز فیضانِ مدینہ محبوب ٹاؤن اوکاڑہ سے رکن شوریٰ حاجی محمد اسد عطاری مدنی ”پیار کا حقدار کون؟“کے موضوع پر خصوصی بیان فرمائیں گے جبکہ مدنی مرکز فیضان مدینہ جوہر ٹاؤن لاہور میں رکن شوریٰ حاجی محمد امین عطاری، رضائے مصطفٰے مسجد کورنگی نمبر 4 میں رکن شوریٰ حاجی محمد علی عطاری، نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ کراچی میں رکن شوریٰ حاجی مولانا عبد الحبیب عطاری اور جامع مسجد فیضان جیلان کلفٹن بلاک 8 میں رکن شوریٰ حاجی ابو ماجد محمد شاہد عطاری مدنی سنتوں بھرے بیانات فرمائیں گے۔

تمام عاشقانِ رسول سے گزارش کی جاتی ہے کہ آپ بھی اپنے شہر میں ہونے والے سنتوں بھرے اجتماع میں ضرور شرکت فرمائیں۔ آپ کے قریب میں ہفتہ وار سنتوں بھرا اجتماع کہاں ہوتا ہے یہ جاننے کے لئے درج ذیل لنک پر کلک کیجئے۔

https://www.dawateislami.net/map/ijtema