استغفار ایک بہت ہی اہم عمل ہے جو ہمیں اللہ سے مغفرت کی دعا کرنے کا موقع دیتا ہے۔یہ ہمیں اپنے گناہوں کو تسلیم کرنے اور ان سے توبہ کرنے کا ذریعہ بنتا ہے۔استغفار کرنے سے ہمارے دل کی پاکی، روح اور ذہن کی صفائی میں اضافہ ہوتا ہے۔استغفار اللہ کی بخشش کا دروازہ ہے اور ہمیں نیکیوں کی طرف رجوع کرنے کا راستہ دکھاتا ہے۔

استغفار کرنے کی فضیلتوں کے بارے میں احادیث سننا بہت اہم ہے۔آئیے استغفار کے حوالے سے کچھ احادیث ملاحظہ فرمائیں۔

(1)رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: میں ایک دن میں سو بار اللہ سے استغفار کرتا ہوں۔(صحیح مسلم، حدیث نمبر 6858)

(2)حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: میں نے رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو فرماتے ہوئے سنا: اللہ کہتا ہے: اے آدم کے بیٹے! جب تک تو مجھ سے دعائیں کرتا رہے گا اور مجھ سے اپنی امیدیں اور توقعات وابستہ رکھے گا میں تجھے بخشتا رہوں گا، چاہے تیرے گناہ کسی بھی درجے پر پہنچے ہوئے ہوں، مجھے کسی بات کی پرواہ و ڈر نہیں ہے، اے آدم کے بیٹے! اگر تیرے گناہ آسمان کو چھونے لگیں پھر تو مجھ سے مغفرت طلب کرنے لگے تو میں تجھے بخش دوں گا اور مجھے کسی بات کی پرواہ نہ ہو گی۔اے آدم کے بیٹے! اگر تو زمین برابر بھی گناہ کر بیٹھے اور پھر مجھ سے ملے لیکن میرے ساتھ کسی طرح کا شرک نہ کیا ہو تو میں تیرے پاس اس کے برابر مغفرت لے کر آؤں گا (اور تجھے بخش دوں گا)۔ (جامع ترمذی، حدیث نمبر 3540)

(3)حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: ہم رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو ایک مجلس میں سو مرتبہ (یہ استغفار کہتے ہوئے ) شمار کرتے تھے:رَبِّ اغْفِرْلِی وَتُبْ عَلَیَّ اِنَّكَ اَنْتَ التَّوَّابُ الرَّحِیْمُ یعنی اے میرے رب! مجھے بخش دے اور میری توبہ قبول فرما۔بے شک تو بہت توبہ قبول کرنے والا، نہایت مہربان ہے۔ (سنن ابن ماجہ، حدیث نمبر 3814)

(5)حضرت عبداللہ بن بسر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: مبارک ہو اس شخص کو جسے اپنے نامہ اعمال میں زیادہ استغفار ملا۔ (سنن ابن ماجہ، حدیث نمبر 3818)

ان احادیث سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ استغفار کے بہت فضائل ہیں لہٰذا ہمیں چاہیے کہ جو ہم سے خطائیں ہوئیں ان کی اللہ تبارک و تعالیٰ سے معافی مانگیں اور اللہ سبحانہ و تعالیٰ کی بارگاہ میں استغفار کرتے رہیں۔

اللہ تبارک و تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین