حضرت سیدنا علقمہ اور حضرت سیدنا اسود رضی الله عنہما کا بیان ہے کہ حضرت سیدنا عبد الله بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: قرآن پاک میں یہ آیتیں ایسی ہیں کہ اگر گنہگار ان کی تلاوت کرکے رب العالمین سے معافی طلب کرے تو اس کی مغفرت کردی جائے۔ان میں سے دو درج ذیل ہیں:

(1)وَ الَّذِیْنَ اِذَا فَعَلُوْا فَاحِشَةً اَوْ ظَلَمُوْۤا اَنْفُسَهُمْ ذَكَرُوا اللّٰهَ فَاسْتَغْفَرُوْا لِذُنُوْبِهِمْ۫-وَ مَنْ یَّغْفِرُ الذُّنُوْبَ اِلَّا اللّٰهُ ﳑ وَ لَمْ یُصِرُّوْا عَلٰى مَا فَعَلُوْا وَ هُمْ یَعْلَمُوْنَ(۱۳۵) ترجَمۂ کنزُالایمان: اور وہ کہ جب کوئی بے حیائی یا اپنی جانوں پر ظلم کریں اللہ کو یاد کرکے اپنے گناہوں کی معافی چاہیں اور گناہ کون بخشے سوا اللہ کے اور اپنے کیے پر جان بوجھ کر اَڑ نہ جائیں۔(پ4، الِ عمرٰن:135)

(2)وَ مَنْ یَّعْمَلْ سُوْٓءًا اَوْ یَظْلِمْ نَفْسَهٗ ثُمَّ یَسْتَغْفِرِ اللّٰهَ یَجِدِ اللّٰهَ غَفُوْرًا رَّحِیْمًا(۱۱۰)ترجَمۂ کنزُالایمان: اور جو کوئی بُرائی یا اپنی جان پر ظلم کرے پھر اللہ سے بخشش چاہے تو اللہ کو بخشنے والا مہربان پائے گا۔(پ5، النسآء:110)

استغفار کی کثرت: جو استغفار کی کثرت کرے گاالله عز وجل اُس کی ہر پریشانی دور فرمائے گا ، ہر تنگی سے اس کے لئے نجات کی راہ نکالے گا اور ایسی جگہ سے رزق عطا فرمائے گا جہاں سے اُسے گمان بھی نہ ہوگا۔(سنن ابی داؤد ،حدیث 1518)

جنت میں درجہ:الله عز و جل جنت میں بندے کو ایک درجہ عطا فرمائے گا،بندہ عرض کرے گا: اے مولیٰ پاک! یہ درجہ مجھے کیسے ملا؟ الله پاک ارشاد فرمائے گا:اس استغفار کے بدلے جو تیرے بیٹے نے تیرے لئے کیا۔ (مسند امام احمد،حدیث:10615)

دل میں چمک اور جلا کا پیدا ہونا:رسول الله صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:جب مومن گناہ کا ارتکاب کرتا ہے تو اس کے دل میں ایک سیاہ نکتہ لگ جاتا ہے اگر وہ توبہ کرلے اور بخشش طلب کرے تو دل میں چمک اور جلا پیدا ہو جاتی ہے۔(مسند امام احمد، 3/ 154، حدیث 7957)

نامہ اعمال خوش کرے: حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:جو اس بات کو پسند کرتا ہے کہ اس کا نامہ اعمال خوش کرے تو اسے چاہئے کہ اس میں استغفار کا اضافہ کرے ۔(مجمع الزوائد،10/347 حدیث 17579)

مغفرت طلب کرنا: ایک شخص جس نے کبھی نیکی نہ کی تھی ایک روز آسمان کی طرف نگاہ اٹھا کر کہے گا۔بے شک میرا ایک پروردگار ہے، اے میرےالله عز وجل!میری مغفرت فرما ، الله عز و جل نے ارشاد فرمایا: میں نے تجھے بخش دیا۔(موسوعہ الامام ابن ابی الدنیا حدیث106)