استغفار کی تعریف: استغفار کے معنی پوشیده اسم، طلبِ مغفرت، توبہ، گناہوں کی معافی کے لیے دعا کرنا، بخشش طلب کرنا۔

استغفار کے فوائد: استغفار کرنے سے اللہ گناہوں کو مٹاتا ہے۔ استغفار کرنے سے جنت میں داخلہ نصیب ہو گا۔ استغفار کرنے سے رحمتوں کی بارشیں برسیں گی۔ استغفار کرنے سے مال و اولاد میں برکت ہوگی۔ استغفار کرنے سے جسمانی قوت حاصل ہوگی۔ استغفار کرنے سے بستی پر آنے والے عذاب ٹل جائیں گے۔ استغفار کرنے سے ہر مشکل و پریشانی سے چھٹکارا ملے گا۔ استغفار کرنے سے دعائیں قبول ہوں گی۔ استغفار غموں سے نجات کا ذریعہ ہے۔ استغفار نیکیوں میں اضافے کا ذریعہ ہے۔

احادیث مبارکہ:

1۔ جو شخص یقین کی حالت میں شام کے وقت یہ دعا(سید الاستغفار ) پڑھے اور اسی رات فوت ہو جائے تو وہ شخص جنت میں داخل ہو جائے گا اور اسی طرح (حالت یقین میں) جو شخص صبح کے وقت یہ دعا پڑھے اور شام تک فوت ہو جائے تو وہ بھی جنت میں جائے گا۔ (بخاری، 4/ 190،189، حدیث: 6306)

2۔ جو شخص پابندی سے استغفار کرتا ہے اللہ اس کے لیے فکر سے کشادگی اور ہر تنگی سے راستہ بنا دیتا ہے اور اس کو ایسی جگہ سے روزی دیتا ہے جو اس کے وہم و گمان میں بھی نہیں ہوتی۔ (ابن ماجہ، 4/257، حدیث: 3819)

3۔ جو شخص یہ دعا (سید الاستغفار) پڑھے، اس کی مغفرت کردی جاتی ہے اگر چہ وہ میدان جہاد سے ہی فرار کیوں نہ ہوا ہو۔ (ترمذی، 5/ 336، حدیث: 3588)

4۔ جو شخص پابندی سے استغفار کرتا ہے اللہ اس کے لیے ہر تنگی سے نکلنے کا راستہ بنا دیتا ہے۔ (ابن ماجہ، 4/257، حدیث: 3819)

5۔ اے لوگو! اللہ سے توبہ کیا کرو کیونکہ میں خود دن میں 100 مرتبہ اللہ سے توبہ کرتا ہوں۔ ( صحیح مسلم، ص 1111، حدیث: 6859)

اللہ کریم ہمیں توبہ و استغفار کرنے، اپنے گنا ہوں پر ندامت کا اظہار کرنے اور آئندہ گناہ نہ کرنے کی تو فیق عطا فرمائے۔ آمین یارب العالمین