توبہ اور استغفار میں فرق: ندامتِ قلب کے ساتھ ہمیشہ کے لئے گناہ سے رُک جانا توبہ ہے جبکہ ماضی کے گناہوں سے معافی مانگنا استغفار ہے توبہ اصل ہے جبکہ توبہ کی طرف جانے والا راستہ استغفار ہے۔

دِلوں کے زنگ کی صفائی: نبی پاک ﷺ کا فرمان ہے: بے شک لوہے کی طرح دلوں کو زنگ لگ جاتا ہے اور اس کا جِلاء یعنی صفائی استغفار کرنا ہے۔ (مجمع الزوائد، 10/346، حدیث: 17575)

حدیث سے معلوم ہوا کہ صرف لوہے کو ہی زنگ نہیں لگتا بلکہ ہمارے دلوں کو بھی زنگ لگ جاتا ہے اور یہ زنگ گناہوں کے دلدل میں پھنسنے سے ہی لگتا ہے اور اس زنگ کو دور کرنے کے لئے بہترین دعا توبہ و استغفار ہے۔

پریشانیوں اور تنگدستیوں سے نجات: جس نے استغفار کو اپنے اوپر لازم کر لیا اللہ پاک اُس کی ہر پریشانی دور فرمائے گا اور ہر تنگی سے اُسے راحت عطا فرمائے گا اور اُسے ایسی جگہ سے رزق عطا فرمائے گا جہاں سے اُسے گمان بھی نہ ہوگا۔ (ابن ماجہ، 4/257، حدیث:3819)

جس طرح پہلی حدیث سے پتا چلا کہ استغفار کرنے سے دلوں کا زنگ دور ہوتا ہے اور جب ہمارے دلوں کا زنگ دور ہوگا اس سے ہماری زیادہ توجہ نیکیوں کی طرف ہو گی اور اللہ ہم سے خوش ہوگا پھر ہماری پریشانیاں اور تنگدستیاں دور کرے گا اور پھر ہمیں ایسی جگہ سے رزق عطا کرے گا جہاں سے ہمارا ظن گماں بھی نہ ہوگا اور یہ سب استغفار کرنے کی بدولت ملے گا۔

توبہ و استغفار کے دُنیوی و اُخروی فوائد:

1۔ توبہ و استغفار کرنے سے اللہ بے پناہ خوش ہوتا ہے۔

2۔ توبہ و استغفار کرنے سے خوش حال زندگی نصب ہو گی۔

3۔ توبہ و استغفار کرنے سے طاقت و قوت ملے گی۔

4۔ توبہ و استغفار کرنے سے مال ملے گا۔

5۔ توبہ و استغفار کرنے سے اولاد نصیب ہو گی۔

6۔ مبارکبادی ہے اس شخص کے لیے جس کے نامہ اعمال میں استغفار زیادہ ہو۔

خوش کرنے والا اعمال نامہ: حضرت زبیر بن عوام رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی پاک ﷺ کا فرمان مسرت ہے: جو اس بات کو پسند کرتا ہے کہ اس کا نامہ اعمال اُسے خوش کرے تو اُسے چاہیے کہ اس میں استغفار کا اضافہ کرے۔ (مجمع الزوائد، 10/347، حدیث:17579)

اس حدیث پر عمل کرتے ہوئے ہمیں چاہئے کہ ہم زیادہ سے زیادہ دنیا میں استغفار کا اضافہ کریں اور اپنے نامہ اعمال کو نیکیوں سے بھر لیں تاکہ آخرت میں ہمارا بیڑا پار ہو۔

گناہ پر ندامت، گناہ کو مٹا دیتی ہے۔ (ابن ماجہ، 4/492، حدیث: 4252)

اللہ پاک عمل کی توفیق عطا فرمائے اور اللہ پاک ہمیں نیک کام کرنے اور کثرت سے استغفار کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین بجاہ خاتم النبیین ﷺ