ابوالتبسم نصر اللہ عطّاری(درجہ دورۃ الحدیث جامعۃُ المدینہ فیضانِ مہر علی
اسلام آباد پاکستان)
پیارے اسلامی بھائیو ! اسلام بلکہ دنیا بھر کے تمام مذاہب
میں بدکاری (زنا) کو بد ترین گناہ اور جرم تسلیم کیا جاتا ہے یہ انتہائی بے حیائی
اور فتنہ و فساد کی جڑ ہے اس کی مذمت قراٰن و احادیث میں اوضح من الشمس موجود ہیں۔
آئیے زنا کی مذمت پر 5 احادیثِ مبارکہ ملاحظہ فرمائیں:۔ (1) حضرت ابو ہریرہ رضی اللہُ عنہ سے روایت
ہے کہ حضورِ اقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جب مرد زنا کرتا
ہے تو اُس سے ایمان نکل کر سر پر سائبان کی طرح ہوجاتا ہے، جب اِس فعل سے جدا ہوتا
ہے تو اُس کی طرف ایمان لوٹ آتا ہے۔(ابوداؤد، کتاب السنّۃ، باب الدلیل علی زیادۃ
الایمان ونقصانہ، 4 / 293، حدیث: 4290)
(2)حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، رسولُ اللہ صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : تین شخصوں سے اللہ پاک نہ کلام فرمائے
گا اور نہ انہیں پاک کرے گا اور نہ ان کی طرف نظر رحمت فرمائے گا اور ان کے لئے
دردناک عذاب ہوگا۔ (1) بوڑھا زانی۔ (2) جھوٹ بولنے والا بادشاہ (3) تکبر کرنے والا
فقیر۔(3)حضرت مقداد بن
اسود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں، نبی اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اپنے
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے ارشاد فرمایا: زنا کے بارے میں تم کیا کہتے ہو ؟ انہوں
نے عرض کی : زنا حرام ہے، اللہ پاک اور اس کے رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
نے اسے حرام کیا ہے اور وہ قیامت تک حرام رہے گا۔ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : دس عورتوں کے ساتھ زنا کرنا اپنے پڑوسی کی عورت
کے ساتھ زنا کرنے (کے گناہ) سے ہلکا ہے۔
(4) حضرت
میمونہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے
ارشاد فرمایا: میری امت اس وقت تک بھلائی پر رہے گی جب تک ان میں زنا سے پیدا ہونے
والے بچے عام نہ ہو جائیں گے اور جب ان میں زنا سے پیدا ہونے والے بچے عام ہو
جائیں گے تو اللہ پاک انہیں عذاب میں مبتلا فرما دے گا۔(مسند امام احمد، مسند
الانصار، حدیث میمونۃ بنت الحارث الہلالیّۃ زوج النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ
وسلَّم، 10 / 246، الحدیث: 26894)
(5)️ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسولُ اللہ صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: قیامت کی علامتوں میں ایک یہ علامت بھی ہے کہ
علم اٹھ جائے گا اور جہل قائم ہوجائے گا اور شراب نوشی ہونے لگے گی اور زنا
اعلانیہ ہونے لگے گا۔
زنا کے نقصانات: اس کے اخروی و دنیاوی نقصانات ہیں : اخروی جیسے کہ اس کی وجہ سے بندہ مرنے کے بعد
عذاب قبر اور میدان حشر میں رسوائی، اللہ پاک کی ناراضگی اور جہنم میں جانے کا سبب ہے۔ دنیاوی جیسا کہ بندے
کی عزت میں کمی اور ایڈز وغیرہ کی مہلک بیماری میں مبتلا ہونے کا سبب ہے۔
پیارے اسلامی بھائیو ! اس برے فعل سے بچنے کے طریقوں میں سے
یہ بھی ہے کہ مذکورہ احادیثِ مبارکہ پر غور کیا جائے اور اس کام پر ابھارنے والے
آلات۔(بد نگاہی سوشل میڈیا) سے دور ہونا بھی ہے۔اللہ پاک ہمیں بھی اس برے فعل سے
بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین
بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم