پیارے اسلامی بھائیو! اسلام ایک مسلمان کو اور پورے مسلم معاشرے کو پاک و صاف اور شرم و حیا سے بھر پور دیکھنا چاہتا ہے۔

کبیرہ گناہوں میں جن گناہوں کا شمار ہوتا ہے ان میں سے ایک بدکاری بھی ہے۔ اس گناہ کی قباحت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اگر شادی شدہ افراد سے اس جرمِ قبیح کے تَحَقُّق کی صورت میں جبکہ ہر طرح سے یقین و ثبوت ہو اور ضروری شرائط پائی جائیں تو اس کی سزا بطورِ حد رجم (سنگسار کرنا) ہے جس کی تفصیل کتبِ احادیث وفقہ میں ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔ قراٰن و حدیث میں اس گناہ کی شدید مذمت بیان کی گئی ہے۔ چند فرامین مصطفی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ملاحظہ ہو:۔

(1) شرک کے بعد سب سے بڑا گناہ : رحمتِ عالم، نُورِ مُجَسَّم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے حضرتِ سیِّدُنا ابوہریرہ رضی اللہُ عنہ سے ارشاد فرمایا : جب بندہ اللہ کی بارگاہ میں حاضر ہوگا تو شرک کے بعد اس کا کوئی گناہ بدکاری سے بڑھ کر نہ ہوگا اور قِیامَت کے دن بدکاری کرنے والے کی شرمگاہ سے ایسی پیپ نکلے گی کہ اگر اس کا ایک قطرہ سَطْحِ زمین پر ڈال دیا جائے تو اسکی بو کی وجہ سے ساری دنیا والوں کا جینا دُوبھر ہوجائے ۔ (آنسوؤں کا دریا، ص 227 ملخصاً)

(2) مؤمن نہیں رہتا : حضرت ابوہریرہ رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا کہ زنا کرنے والا جتنی دیر تک زنا کرتا رہتا ہے اس وقت تک وہ مؤمن نہیں رہتا۔(صحیح البخاری، کتاب المحاربین، باب اثم الزناۃ...الخ، 4/338، حدیث:6810)

مطلب یہ ہے کہ زنا کاری کرتے وقت ایمان کا نور اس سے جدا ہو جاتا ہے پھر اگر وہ اس کے بعد توبہ کر لیتا ہے تو اس کا نورِ ایمان پھر اس کو مل جاتا ہے، ورنہ نہیں ۔ (جہنم کے خطرات، ص 32)

(3) غم کے کنویں کی مخلوق : دو عالَم کے مالِک و مختار باذنِ پروردگار ، مکّی مَدَنی سرکار صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ عبرت نشان ہے : جہنّم میں ایک وادی کا نام جُبُّ الحزن (یعنی غم کا کنواں) ہے، اس میں سانپ اور بچھو ہیں، ان میں سے ہر بچھو خچر جتنا بڑا ہے، اس کے 70 ڈنک ہیں، ہر ڈنک میں زہر کی مشک ہے، جب وہ بدکاری کرنے والے کو ڈنک مار کر اپنا زہر اس کے جسم میں انڈیلے گا تو وہ 1000 سال تک اس کے درد کی شدّت محسوس کرتا رہے گا، پھر اس کا گوشت جھڑ جائے گا اور اس کی شرم گاہ سے پیپ اور کَچ لَہُو (یعنی خون ملی پیپ) بہنے لگے گی ۔ (کتاب الکبائر للذہبی، الکبیرۃ العاشرۃ : الزنی…الخ ، ص59)

(4) لعنت کرتی ہیں : حضرت بریدہ رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے، سرکارِ دو عالم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا : ساتوں آسمان اور ساتوں زمینیں بوڑھے زانی پر لعنت کرتی ہیں اور زانیوں کی شرمگاہ کی بدبو جہنم والوں کو ایذا دے گی۔ (مجمع الزوائد، کتاب الحدود والدیات، باب ذم الزنا ، 6 / 389، حدیث: 10541)

(5) دردناک عذاب ہوگا : حضرت ابوہریرہ رضی اللہُ عنہ سے روایت ہے کہ رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: تین شخصوں سے اللہ پاک نہ کلام فرمائے گا اور نہ انہیں پاک کرے گا اور نہ اُن کی طرف نظرِ رحمت فرمائے گا اور اُن کے لئے دردناک عذاب ہوگا۔ (1) بوڑھا زانی۔(2)جھوٹ بولنے والا بادشاہ (3)تکبر کرنے والا فقیر۔ (مسلم، کتاب الایمان، باب بیان غلظ تحریم اسبال الازار والمنّ بالعطیۃ۔۔۔ الخ، ص68، حدیث: 172)

بدکاری سے بچنے کے طریقے : (1) شرم وحَیا: ہمیں اگر اپنے معاشرے کو پاکیزہ بنانا ہے تو اس کے لئے شرم وحَیا کے پیغام کو عام کرنا ہوگا ۔(2) بے پردگی کا خاتمہ: معاشرے سے بے پردگی کا خاتمہ کرنا بدکاری کا راستہ روکنے کے لئے نہایت اہم ہے ۔ (3)نکاح کرنا: نکاح کی استطاعت ہونے کی صورت میں نکاح کرنا ورنہ روزے رکھنا۔

اللہ پاک ہر مسلمان کو زنا جیسے بد ترین گندے اور انتہائی مذموم فعل سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم