نظامِ تربیت(Training System) کی اہمیت بتانا،اِس کےخد و خال واضح کرنا اور اِسے نافذکرنا اسلام کی امتیازی خصوصیات میں سےہے۔اسلا م کے عطاکردہ نظامِ تربیت سے گزر کر آنے والے افراد نے دین و دنیا کی تعمیر و ترقی میں وہ نمایاں کارنامے انجام دئیےجو قیامت تک آنے والے افراد کے لئےمشعلِ راہ بن گئی۔ دعوتِ اسلامی نےاسلام کی اِس امتیازی خصوصیت کواپنایا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ اس تحریک نے اپنی دعوتی خدمات اورقائم کردہ علمی ،دعوتی اور فلاحی اداروں کے ذریعےایسے تربیت یافتہ افراد فراہم کیے جودین کی ترویج و اشاعت اورمعاشرےکی تعمیر و ترقی میں نمایاں نظرآتے ہیں ۔

دعوتِ اسلامی کا علمی و تحقیقی ادارہ ”المدینۃ العلمیہ “ اپنی علم و تحقیق سےبھرپورتصنیفات،تالیفات،تراجم اور مضامین وغیر ہ کے ذریعے گزشتہ20 سال(2001تا2021) میں اپنی منفرد شناخت بناچکا ہے۔المدینۃ العلمیہ نے اپنے اِس بیس سالہ تجربے اوراِس اظہار واعتراف کو مدِّ نظر رکھ کر یہ فیصلہ کیا ہےکہ نوآموز قلم کاروں،مدارس و جامعات،اکیڈمیزاوریونیورسٹیزسےوابستہ طلبۂ کرام کو میدانِ تحقیق وتصنیف و ترجمہ کا شہسوار بنانے اوراِس راہ میں آنے والی مشکلات کو حل کرنے کے لیے تربیتی نظام قائم کیاجائے۔ اِن تربیتی سیشنز اور کورسزکےنفاذکےلیےشعبہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے تحت”شعبہ پروفیشنل ٹریننگ پروگرامز“ کی بنیاد رکنِ شوریٰ و نگرانِ مجلس المدینۃ العلمیہ مولانا حاجی ابوماجد محمدشاہد عطاری مدنی نے 3دسمبر2021 کو رکھی۔

المدینۃ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کے شعبہ پروفیشنل ٹریننگ پروگرامز دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام 10 جنوری 2022ء بروز پیر سے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں’’ فنِّ تخریج حدیث کورس ‘‘کا آغاز ہوچکا ہے جس میں المدینۃ العلمیہ اور مدنی چینل کے 21 مدنی اسلامی بھائی شرکت كررہے ہیں۔ اس کورس میں اسلامی بھائیوں کی کم وقت میں جدید اور قدیم انداز پر تلاشِ حدیث کے حوالے سے تربیت کی جائےگی۔

کورس کے پہلے لیکچرمیں مولانا راشد عطاری مدنی (نائب مدیر ماہنامہ فیضان ِ مدینہ ، ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ )نے اسلامی بھائیوں کو کورس کے حوالے سے شوق دلاتے ہوئے کورس کی اہمیت اور خصوصیات پر مشتمل ڈیمو دیا اورچند احادیث کی کتابوں کا تعارف کروایا جبکہ مولانا ناصر جمال عطاری مدنی(نگران فیضانِ حدیث،رکن مجلس ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ) نے بھی کورس کےنتائج و اثرات سے آگاہ کیا۔

جبکہ سیشن رکن شوریٰ حاجی ابو ماجد مولانا شاہد عطاری مدنی نے اس کورس کے حوالے سے اظہار مُسرَّت کرتے ہوئے اسلامی بھائیوں کو اس کورس سے ٹریننگ لے کرمدارس و جامعات اورعلوم ِ اسلامیہ کے شائقین کو”ٹریننگ دینےوالا بننے“کی اہمیت ذہن نشین کروائی اور مکمل ذوق و شوق اور پوری توجہ کےساتھ تمام سیشنز میں شرکت کرنے کی ترغیب بھی دلائی ۔