اساتذہ اور طلبہ کی کارکردگی کو جانچنے، تعلیمی سہولتوں کی دستیابی کو یقینی بنانے، تدریسی عمل کو مزید مؤثر بنانے اور انتظامی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لئے دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم کے ذمہ داران کیمپسز کا جائزہ لیتے رہتے ہیں۔

جدول کے دوران اسکول کو تعلیمی و انتظامی اعتبار سے بہتر کرنے کے لئے ہدایات دی جاتی ہیں اور اساتذہ کو اپنے فرائض منصبی مزید بہتر انداز میں ادا کرنے کی تربیت دی جاتی ہے۔

گزشتہ دنوں نگران پنجاب دارالمدینہ مولانا زبیر عطاری مدنی نے لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، راوالپنڈی، گجرات، کنجا، کھاریاں، لالہ موسیٰ اور چشمہ میں قائم دارالمدینہ کے کیمپسز کا دورہ کیا۔

اس دوران اُنہوں نے تعلیمی اور انتظامی اُمور کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا اورمختلف امور پر تدریسی عملے کی تربیت کی۔نگرانِ پنجاب نے حاضری، وقت کی پابندی اورڈسپلن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئےکہا کہ ہر فرد کو ان خوبیوں پر عمل پیرا ہونا چاہیے۔ان خوبیوں پر عمل پیراہونے والے لوگ ہرادارے کا مان ہوتے ہیں۔

مزید اُن کا کہنا تھا کہ دارالمدینہ آنے والی نسلوں کے ایمان و عقائد کا تحفظ قائم کرنے کے لئے قائم کیا گیا ہے، ہمیں مصلح بن کراس عظیم مقصد کے لئے کام کرنا چاہیے۔ ہمیں اپنے کردار کو اس طرح ڈھالنا چاہیے کہ طلبہ ہمارے نقش وقدم پر چلیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے نماز اور دعوت ِ اسلامی کے 12دینی کاموں کی ترغیب دلاتے ہوئے کہا کہ ہم خود بھی نماز، ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماعات، مدنی مذاکرے اور دیگر نیک اعمال کی پابندی کرنے والے ہوں تاکہ ہمیں دیکھ کر طلبہ کے دلوں میں دین سے محبت پیدا ہو اور وہ بھی ان باتوں پر عمل کریں نیز انہوں نے اساتذہ اور والدین کے روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس دورے میں نگران پنجاب نے چشمہ میں دعوت اسلامی کے ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں بیان کی سعادت بھی حاصل کی اور تنظیمی ذمہ داران سے مشورے بھی کئے۔(رپورٹ:غلام محی الدین ترک اردو کانٹینٹ رائٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ، ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)