دعوت اسلامی کے جامعات المدینہ سے سال 2021ء میں 1040 طلبہ کرام نے درسِ نظامی (عالم کورس) مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی۔

اس سلسلے میں کراچی، حیدر آباد، اوکاڑہ، ملتان، فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات اور اسلام آباد میں دستار فضیلت اجتماعات کا انعقاد کیاگیا جن میں نگران شوریٰ حاجی مولانا محمد عمران عطاری، اراکین شوریٰ، مفتیان کرام، علمائے کرام، اساتذۂ کرام، طلبہ اور ان سرپرستوں کے ساتھ ساتھ دیگر عاشقان رسول نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔

عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں بھی جامعات المدینہ سے عالم کورس مکمل کرنے والے طلبۂ کرام کی دستار بندی کے سلسلے میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ہوا۔

شیخ طریقت امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے طلبہ کرام اور عاشقان رسول سے گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ علماء انبیائے کرام کے وارث ہیں ، امت کی کشتی علما کے ہاتھ میں ہے، طلبہ اپنے اخلاق و کردار کو ستھرا کریں۔

امیر اہلسنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کا مزید کہنا تھا کہ اللہ پاک علمائے اہلسنت کا سایہ ہمارے سروں پر دراز کرے، علمائے کرام دین کی اہم اساسہ ہیں، عالم بڑی اہمیت کا حامل ہوتا ہے کیونکہ اللہ کی صفت عابد نہیں ہے بلکہ اللہ پاک کی صفت عالم ہے، ہر نبی اپنی اپنی قوم میں سب سے بڑے عالم ہوتے ہیں، پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ساری مخلوق میں سب سے بڑے عالم ہیں، عابد اور عالم کا مقام جدا جدا ہے، ہر نبی بے شک عابدبھی تھے لیکن اس کے ساتھ ساتھ زبر دست عالم بھی تھےتو اللہ پاک عابد نہیں ہےبلکہ وہ عالم ہے، اس سے بھی عالم کی فضیلت واضح ہے ، عالم بہت بڑی ہستی کو کہا جاتا ہے۔

اس تقریب میں مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران حاجی مولانا محمد عمران عطاری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے بھی سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ درس نظامی ”معرفت الہٰی“ یعنی اللہ پاک کی پہچان کے لئے کرنا چاہیئے ۔ بندے کو جتنی رب کی معرفت ہوتی ہے وہ اسی قدر رب سے ڈرتا ہے۔ کائنات میں سب سے زیادہ معرفت الہٰی آقاکریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو حاصل تھی۔

بیان کے بعد عالمی مدنی مرکزفیضان مدینہ کراچی میں نگران شوریٰ حاجی مولانا محمد عمران عطاری، حاجی مفتی محمد حسان عطاری مدنی، مفتی جمیل عطاری، اراکین شوریٰ حاجی محمد امین عطاری، حاجی محمد علی عطاری، حاجی محمد عقیل عطاری مدنی، مدنی مرکز فیضان مدینہ ملتان میں اراکین شوریٰ حاجی محمد اسلم عطاری، حاجی محمد اسد عطاری مدنی ، مدنی مرکز فیضان مدینہ جوہر ٹاؤن لاہور میں مفتی محمد ہاشم خان عطاری، نگران پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطاری، حاجی یعفور رضا عطاری، حاجی محمد جنید عطاری مدنی، مدنی مرکز فیضان مدینہ گوجرانوالہ میں رکن شوریٰ حاجی محمد منصور عطاری ، مدنی مرکز فیضان مدینہ اسلام آباد میں رکن شوریٰ حاجی وقار المدینہ عطاری، اوکاڑہ کے نجی ہال میں رکن شوریٰ حاجی فضیل رضا عطاری، حیدر آباد رانی باغ عید گاہ میں اراکین شوریٰ حاجی اطہر عطاری، حاجی ایاز عطاری، حاجی فارق جیلانی عطاری اور فیصل آباد کے نجی ہال میں اراکین شوریٰ حاجی مولانا عبد الحبیب عطاری، حاجی امین قافلہ عطاری، گجرات میں رکن حاجی محمد اظہر عطاری اور ابوالبنتین حاجی محمد حسان عطاری مدنی، سمیت جامعۃ المدینہ کے اساتذۂ کرام نے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کے سروں پر دستار سجائی۔

شعبہ دعوت اسلامی کے شب و روز کی ٹیم فارغ التحصیل ہونے والےان مدنی علمائے کرام کو مبارکباد پیش کرتی ہے اور دعاگو ہے کہ اللہ پاک انہیں اپنے علم پر عمل کرتے ہوئے دین ِمتین کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتم ِالنَّبِیِّین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم