اللہ تعالی نے اپنی مقدس کتاب قرآن مجید میں فرمایا کہ: اِنَّ السَّاعَةَ اٰتِیَةٌ یعنی بے شک قیامت آنے والی ہے ۔

قیامت کیا ہے ؟

اللہ تعالی نے اپنے بندوں کو اُن کے اچھّے اور برے کاموں کا بدلہ دینے کے لئے ایک خاص دن مقرر فرمایا ہے ۔ جس دن وہ نیکو کاروں اور بدکاروں کے اچھے اور برے اعمال کی جزا کا فیصلہ فرمائے گا ۔ اور نیکوں کو جنّت کی نعمتیں اور بدوں کو جہّنم کا عذاب دے گا ۔اسی دن کا نام "قیامت" ہے ۔

آئیے موجودہ زمانے میں قیامت کی پائی جانے والی چند نشانیوں کے بارے میں جانتے ہیں۔

(1) امانت کی بربادی :

عَنْ اَبِيْ هُرَيْرَةَ قَالَ بَيْنَهُمَا النَّبِىُّ صلي الله عليه وسلم يُحَدِّثُ اِذْ جَاءَ اَعْرَابِيٌّ فَقَالَ مَتَي السَاعَةُ قَالَ اِذَا ضُيِّعَتِ الْاَمَانَةُ فَانْتَظِرِ السَاعَةُقَالَ كَيْفَ اِضَاعَتُهَا قَالَ اِذَا وُسِّدَ الْاَمْرُ اِلَى غَيْرِ اَهْلِهِ فَنْتَظِرِالسَّاعَةَ ( مشكوة ، ج 2، ص 469 )

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ راوی ہیں کہ اس درمیان میں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم گفتگو فرما رہے تھے کہ اچانک ایک دیہاتی آیا اور یہ کہا کہ قیامت کب آئے گی ؟ حضور علیہ السلام نے فرمایا کہ جب امانت برباد کی جانے لگے تو تم قیامت کا انتظار کرو ۔اُس نے کہا کہ امانت کی بربادی کس طرح ہوگی ؟ آپ نے فرمایا کہ جب ہر کام اس کے نا اہل کی طرف سونپا جانے لگے تو قیامت کا انتظار کرو ۔

تشریح : قیامت کی یہ نشانی بھی ظاہر ہونے لگی ہے ۔

(2) مسجدوں پر فخر :

عَنْ اَنَسٍ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللهِ صلي الله عليه وسلم لَا تَقُوْمُ السَّاعَةُ حتَّي يَتَبَاهَي النَّاسُ فِي الْمَسْجِدِ

ترجمہ : حضرت انس رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ قیامت نہیں قائم ہوگی یہاں تک کہ لوگ مسجدوں کے بارے میں ایک دوسرے پر فخر کریں ۔(حجة اللہ علي العاملين ج 2 ' ص 540 مسند امام احمد )

تشریح: اس نشانی کا بھی ظہور ہو چکا ہے جیسا کہ آج کل لوگ کہتے ہیں کہ میرے باپ دادا کی بنائی مسجد تیرے باپ دادا کی بنائی مسجد سے بہتر ہے ۔

(4)دین کے ذریعہ دنیا :

عَنْ اَبِيْ هُرَيْرَةَ مِنْ اَشْرَاطِ السَاعَةِ سُوْءُالْجِوَارِ وَ قَطِيْعَةُالْاَرْحَامِ وَاَنْ يُّعَطَّلَ السَّيْفَ مِنَ الْجِهَادِ وَاَنْ تُخْتَلَّ الدُّنْيَا بِاالدِّيْنِ ترجمہ: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ قیامت کی علامتوں میں سے یہ ہے کہ(1) پڑوسیوں کے ساتھ برا سلوک کرنا (2)رشتہ داریوں کو کاٹ دینا (3) تلوار کا جہاد سے مُعطَّل ہو جانا (4) دین کے ذریعہ دنیا کمانا ۔

(حجة الله ,ج 2 ,ص 831 ,ابن مروويہ)

تشریح: قیامت کی یہ چاروں نشانیاں دنیا میں علی الاعلان ظاہر ہو چکی ہیں ۔کون نہیں جانتا کہ آج دنیا کا ہر پڑوسی اپنے پڑوسیوں کی بد سلوکی سے بےزار ہے ۔اسی طرح ذرا ذرا سی باتوں پر بھائی بہن سے رشتہ توڑ دیتا ہے ۔ماں باپ کو بے سہارا چھوڑ دیتا ہے ۔اور تمام دنیا میں جہاد بند ہو چکا ہے ۔تلواریں راہ خدا میں نکلنے کے لئے بے قراری کے ساتھ تڑپ رہی ہیں ۔اور بد عمل علماء اور مصنوعی مشائخ جس طرح لوگوں سے پیسہ لے لے کر دنیا بنانے میں لگے ہیں اس کو بیان کرنے کے لئے الفاظ بھی کم پڑ جائیں گے ۔

(5)خون ريزی کی کثرت :

عن ابي هريرة قال قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم لا تقوم الساعة حتي يكثر الهرج قالوا و ما الهرج يا رسول اللہ قال القتل القتل

ترجمہ : حضرت ابو ہريره سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ قیامت قائم نہیں ہوگی یہاں تک کہ ہرج کثرت سے ہو جائے ۔صحابہ کرام نے عرض کیا کہ حرج کیا ہے یا رسول اللہ ؟ فرمایا قتل قتل ۔

تشریح :قتل اور خون ریزی پوری دنیا میں بہت زیادہ بڑھ رہی ہے اور اس کی تعداد میں ہر دن اضافہ ہوتا ہی جا رہا ہے ۔لہذا قیامت کی یہ نشانی بھی پوری ہو گئی ہے۔

اللہ تعالی ہم سب کو قیامت پر ایمان رکھنے اور قيامت كی ہولناکیوں سے محفوط فرمائے ۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ علیہ وسلم


بیشک زمین وآسمان اور جن و انس ملک سب ایک دن فنا ہونے والے ہیں،صرف ایک اللہ تعالٰی کے لیے ہمیشگی و بقا ہے۔دنیا کے فنا ہونے کو قیامت کہتے ہیں اور یہ کب فنا ہوگی اس کے بارے میں ہم نہیں جانتے لیکن اس سے پہلے چند نشانیاں ظاہر ہوگی جسے ہم قیامت کی نشانیاں کہتے ، قیامت کی نشانیاں جاننے سے پہلے ہم قیامت کے دن کے بارے میں کچھ سنتے ہیں۔

قیامت :اس کی دہشت ،ہَولْناکی اور سختی سے (تمام انسانوں کے) دل دہل جائیں گے اور بعض مفسرین فرماتے ہیں کہ حضرت اسرافیل عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی آواز کی وجہ سے قیامت کو ’’قارِعہ ‘‘ کہتے ہیں کیونکہ جب وہ صُور میں پھونک ماریں گے تو ان کی پھونک کی آواز کی شدت سے تمام مخلوق مر جائے گی۔

جس طرح پروانے شعلے پر گرتے وقت مُنتَشِر ہوتے ہیں اور ان کے لئے کوئی ایک جہت مُعَیَّن نہیں ہوتی بلکہ ہر ایک دوسرے کے خلاف جہت سے جاتا ہے یہی حال قیامت کے دن مخلوق کے اِنتشار کا ہو گا کہ جب انہیں قبروں سے اٹھایا جائے گا تو وہ پھیلے ہوئے پروانوں کی طرح مُنتَشِر ہوں گے اور ہر ایک دوسرے کے خلاف جہت کی طرف جا رہا ہو گا،

دل دہلا دینے والی قیامت کی ہَولْناکی اور دہشت سے بلند و بالا اور مضبوط ترین پہاڑوں کا یہ حال ہو گا کہ وہ ریزہ ریزہ ہو کر ہوا میں اس طرح اڑتے پھریں گے جس طرح رنگ برنگی اُون کے ریزے دُھنتے وقت ہوا میں اڑتے ہیں تو ا س وقت کمزور انسان کا حال کیا ہو گا!،

قرآنِ پاک میں قیامت کے ذکر کردہ کچھ نام یہاں ذکر کیا جاتا ہے:۔

(1)… قیامت کا دن قریب ہے کیونکہ ہر وہ چیز جس کا آنا یقینی ہے وہ قریب ہے، ا س اعتبار سے اسے ’’یَوْمَ الْاٰزِفَةِ‘‘ یعنی قریب آنے والادن کہتے ہیں ۔

(2)…دنیا میں قیامت کے عذاب کی وعید سنائی گئی ہے،اس اعتبار سے اسے ’’ یَوْمُ الْوَعِیْدِ‘‘ یعنی عذاب کی وعیدکا دن کہتے ہیں ۔

(3)…اس دن اللہ تعالیٰ سب کودوبارہ زندہ فرمائے گا اس لئے وہ ’’یَوْمُ الْبَعْثِ‘‘ یعنی مرنے کے بعد زندہ ہونے کا دن ہے۔

اب ہم قیامت کی چند نشانیوں کے بارے میں جانتے ہیں:

(1)علم اٹھ جائے گا یعنی علما اٹھالیے جائیں گے،یہ مطلب نہیں کہ علما تو باقی رہیں اور ان کے دلوں سے علم محو کردیا جائے۔

(2)جہل کی کثرت ہوگی۔

(3)ملک عرب میں کھیتی اور باغ اور نہریں ہو جائیں گی۔

(4) وقت میں برکت نہ ہوگی،یہاں تک کہ سال مثل مہینہ کے اور مہینہ مثل ہفتہ کے اور ہفتہ مثل دن کے اور دن ایسا ہو جائےگا جیسے کسی چیز کو آگ لگی اور جلد بھڑک کر ختم ہوگئی، یعنی بہت جلد جلد وقت گزرےگا۔

(5) مسجد میں لوگ چلائیں گے۔

(6) مرد ماں باپ کی نافرمانی کرےگا۔

(7) گانے باجے کی کثرت ہوگی

(بہار شریعت حصہ۔1،ص۔118سے119)


ہم مسلمانوں کے بنیادی عقائد میں سے ایک بنیادی عقیدہ جو کہ ضروریات دین میں سے ہے وہ  یہ کہ ایک دن قیامت آنے والی ہے کہ جس دن انس و جن سب کچھ فنا ہونے والے ہیں صرف اللہ تعالیٰ کے لئے ہمیشگی و بقا ہے۔ جس کے بارے میں اللہ تبارک و تعالیٰ قرآن پاک میں کچھ اس طرح ارشاد فرماتا ہے

اِنَّ السَّاعَةَ اٰتِیَةٌ اَكَادُ اُخْفِیْهَا لِتُجْزٰى كُلُّ نَفْسٍۭ بِمَا تَسْعٰى(۱۵)

ترجمہ کنزالایمان۔بے شک قیامت آنے والی ہے قریب تھا کہ میں اسے سب سے چھپاؤ کہ ہر جان اپنی کوشش کا بدلہ پائے۔(پ 16،طٰہٰ 15)

قیامت کے دن کے آنے سے پہلے چند نشانیاں بھی ظاہر ہونگی جن کی نشاندہی ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے پہلے ہی فرما دی ہے۔اور ابھی موجودہ وقت میں ان میں سے کئی علامات کا ظہور بھی ہو چکا ہے۔جن میں سے چند کا ہم یہاں ذکر کرتے ہیں۔ درج ذیل نشانیاں پڑھنے سے پہلے یہ نیت فرما لیجئے کہ اگر ان میں سے کوئی بری خصلت ہمارے اندر پائی جائے تو ہم اسے دور کرنے کی کوشش کریں گے۔ ان شاء اللہ

1۔جہل کی کثرت ہوگی (بخاری الحدیث 5231)

واقعی ایسا ہی ہے کہ ہمارے زمانے میں لوگ علم دین سے دور ہوتے نظر آرہے ہیں اور جہالت کا بازار اتنا گرم ہے کہ جاہل ہی دین کے مسائل بیان کرتے نظر آ رہے ہیں۔

2۔زنا کی زیادتی ہوگی: (بخاری الحدیث 5231)

موجودہ دور میں زنا اس قدر عام ہے کہ بظاہر سیدھا دکھنے والا شخص بھی ان میں ملوث ہوتا‌ دِکھ رہا ہے بلکہ یہاں تک کہ کئی ملکوں میں میں سرکاری طور پر اس حرام کام کی اجازت دی جا چکی ہے۔

3۔وقت میں برکت نہ ہوگی ( ترمذی حدیث 2339)

اس کا تجربہ تو ہر خاص و عام کو ہےکہ وقت یوں تیزی سے گزر رہا ہے کہ سال مثل مہینے کے اور مہینہ مثل ہفتہ کے اور ہفتہ مثلے دن کے گزرتے نظر آ رہے ہیں۔

4۔ ماں باپ کی نافرمانی کی جائے گی: (ترمذی 2218)

یہ ہمارے معاشرے میں پکے دینداروں کے گھروں کے علاوہ شاید ہی کوئی ایسا گھر ہو جس میں ماں باپ کی نافرمانی نہ کی جا رہی ہو ۔

5۔گانے باجے کی کثرت ہوگی (ترمذی حدیث 2218)

یہ علامت موجودہ دور میں اس کثرت سے پائی جا رہی ہے کہ بظاہر شریف دین دار نظر آنے والے بھی کسی نہ کسی ذرائع سے سے میوزک کی دُھن میں ملوث نظر آتے ہیں۔

یہ چند وہ علامتیں تھیں جو ہمارے موجودہ دور میں بکثرت پائی جا رہی ہیں ان کے علاوہ اور بھی کثیر قیامت کی نشانیاں کتب احادیث میں‌ مذکور ہیں۔

(مزید نشانیوں کی معلومات کے لئے بہار شریعت حصہ 1 کا مطالعہ فرمائیے)

اللہ تبارک و تعالی ہمیں قیامت کے فتنوں اور اسکی سختیوں سے محفوظ فرمائے اور قیامت کے دن کی تیاری کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین یارب العالمین بجاہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم۔


نمبر1 جب لوگ نماز کو ضائع کریں گے :قیامت کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے اللہ کے آخری نبی مکی مدنی صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جو شخص جان بوجھ کر  ایک وقت کی نماز چھوڑ دیتا ہے تو اللہ تبارک و تعالی اس شخص کا نام جہنم کے اس دروازے پر لکھ دیتا ہے جس سے وہ داخل جہنم ہوگا۔

نمبر 2 جب معاشرے میں بے حیائی پھیلے گی: اللہ اکبر آج کل معاشرے میں تیزی کے ساتھ بے حیائی بے پردگی اور نہ جانے ایسی برے کام ہو رہے ہیں جن کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا ہے۔

نمبر 3 جب عورتیں مردوں سے مشابہت رکھے گی اور مرد عورتوں سے مشابہت رکھے گے :فی زمانہ یہ نشانی بہت تیزی سے پھیلتی جا رہی ہے اللہ کے نبی صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم نے نے ایسے شخص پر لعنت فرمائی ہے ہے جو مرد عورت سے مشابہت رکھے اور عورت مرد سے مشابہت رکھے ۔

نمبر 4جب غیر اللہ کی قسم کھائی جائے گی: حدیث مبارک میں آیا ہے جب قسم کھانے کا ارادہ کرے تو اللہ کی کھائے ورنہ چپ رہے ۔( فیض القدیر جلد 2 صفحہ207)

نمبر 5 اولاد جب ماں باپ کی نافرمانی کرے گی: یہ بھی قیامت کی نشانیوں میں سے ہے۔ یہ دنیا میں میں تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے ۔

اللہ کریم کریم ہمارے حال پر رحمت کی نظر فرمائے۔ آمین یا رب العالمین


یوں تو کئی ساری قیامت کی ایسی نشانیاں ہیں جو موجودہ دور میں  پائی جاتی ہیں بطور خاص پانچ کا ذکر کیا جاتا ہے۔

قالَ رَسُولُ اللَّهِ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم: «يَتَقارَبُ الزَّمانُ، ويَنْقُصُ العَمَلُ، ويُلْقى الشُّحُّ، ويَكْثُرُ الهَرْجُ» قالُوا: وما الهَرْجُ؟ قالَ: «القَتْلُ القَتْلُ»

حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: زمانہ مختصر ہو جائے گا نیک عمل کی کمی ہوگی بخل پیدا ہوجائے گا اور کثرت سے ھرج ہوگا صحابہ نے عرض کی یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ھرج کا ہے : فرمایا کہ قتل کرنا قتل کرنا ۔

اس حدیث پاک میں قیامت کی چار نشانیاں بیان کی گئی ہیں اگر ہم غور کریں تو پتا چلے گا کہ مذکورہ چاروں نشانیاں موجودہ دور میں پائی جاتی ہیں

1۔۔ زمانے کا جلد گزرنا ،وقت میں برکت نہیں ،بہت تیزی کے ساتھ وقت گزرتا جارہا ہے یہ ایک قیامت کی نشانی ہے

2۔۔ بخل کنجوسی کرنا ایسی بڑی بیماری ہے جس کو قیامت کی نشانی فرمایا گیا اللہ پاک فرماتا ہے:

﴿ وَ مَنْ یُّوْقَ شُحَّ نَفْسِهٖ فَاُولٰٓىٕكَ هُمُ الْمُفْلِحُوْنَۚ(۹)﴾ (پ 28الحشر 9)

ترجمہ کنز العرفان : جو اپنے نفس کے لالچ سے بچایا گیا تو وہی لوگ کامیاب ہیں۔

میرے آقا صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: واتَّقُوا الشُّحَّ؛ فَإنَّ الشُّحَّ أهْلَكَ مَن كانَ قَبْلَكُمْ۔بخل سے بچو کہ بخل نے تم سے پہلے والوں کا ہلاک کردیا ۔

(مرقاة المفاتيح شرح مشكاة المصابيح 4/‏1321 )

3۔۔ قتل کا عام ہونا اب معاشرے میں قتل کتنا عام ہوچکا ہے آئے دن شوشل میڈیا پر خبریں آتی ہیں فلاں کو قتل کردیا گیا تو فلاں کو ماردیا گیا۔ یہ کتنا عظیم گناہ ہے اس کا اندازہ اس آیت سے لگائیں ،اللہ پاک فرماتا ہے:

مَنْ قَتَلَ نَفْسًۢا بِغَیْرِ نَفْسٍ اَوْ فَسَادٍ فِی الْاَرْضِ فَكَاَنَّمَا قَتَلَ النَّاسَ جَمِیْعًاؕ-ترجمہ کنزالایمان:جس نے کوئی جان قتل کی بغیر جان کے بدلے یا زمین میں فساد کئے تو گویا اس نے سب لوگوں کو قتل کیا۔(پ 6،المائدہ 32)

رَسُولَ اللَّهِ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم يَقُولُ: «لا تَقُومُ السّاعَةُ أوْ مِن شَرائِطِ السّاعَةِ، أنْ يُرْفَعَ العِلْمُ، ويَكْثُرَ الجَهْلُ، ويُشْرَبَ الخَمْرُ، ويَظْهَرَ الزِّنى، ويَقِلَّ الرِّجالُ، وتَكْثُرَ النِّساءُ، حَتّى يَكُونَ لِخَمْسِينَ امْرَأةً قَيِّمٌ واحِدٌ» (صحيح ابن حبان 15/171، رقم الحدیث:7678)

یعنی حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: کہ قیامت قائم نہ ہوگی ،یا قیامت کی نشانیوں میں سے ہے کہ علم اٹھ جائے گا ، جہالت زیادہ ہوگی، شراب پی جائے گی، زنا کی کثرت ہوگی ، مرد کم ہوں گے عورتیں زیادہ ہوں گی حتی کی پچاس عورتوں کا ایک نگران ہوگا۔

4۔۔ شراب کا عام ہونا :اب تو شراب ایسی عام ہو گئی ہے کہ ان کو غلط بھی سمجھا نہیں جارہا ہے شراب پینا حرام اور جہنم میں لے جانے والا کام ہے ۔حضور صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں: جو دنیا میں شراب پیئے گا وہ جنت کی پاکیزہ شراب سے محروم رہے گا ۔(صحيح البخاري 7/104)

5۔۔ زنا کی کثرت بےحیائی عام ہوگی عورتوں نے پردہ ختم کردیا عورت مرد کے شانہ بشانہ چلنے میں اپنا وقار سمجھنے لگیں عورتوں نے یہ نعرہ لگایا کہ میرا جسم میری مرضی، زنا گاہ آباد ہوگئے، مختلف ناموں سے زنا کی کثرت ہونے لگی۔ کہیں مساج سینٹر کے نام سے تو کہیں گلفرنڈ بوائےفرینڈ کے نام پر دوستی کا بہانہ بناکر زنا کیا جارہا ہے۔

نبی کریم صَلَّی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: لا يَزْنِي الزّانِي حِينَ يَزْنِي وهُوَ مُؤْمِنٌ

زانی زنا کرتے وقت مومن نہیں رہتا ۔(سنن ابن ماجہ 2/‏1298 )

اللہ پاک ہم سب کو تمام گناہوں سے محفوظ فرمائے اور حسنِ خاتمہ عطا فرمائے ۔

اٰمین بجاہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم

اللہ پاک کے‌محبوب دانائے غیوب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے وقتاً فوقتاً اپنے اصحاب کو قبلِ قیامت وقوع پذیر ہونے‌والی نشانیوں کے متعلق خبر دی۔ جن میں سے بیشتر کا ظہور ہو چکا اور کچھ اس زمانے‌ میں ظاہر ہیں‌ اور کچھ کا ظاہر ہونا‌باقی ہے۔  جو قیامت کی نشانیاں اس دور میں ظاہر ہیں ان میں سے‌پانچ کا یہاں ذکر کیا جاتا ہے۔

(1)علم اٹھ جائےگا اور جہالت پھیل جاے گی:نبیِّ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے‌‌فرمایا:قیامت کی نشانیوں میں سے علم کا اٹھ جانا اور جہالت کی کثرت ہونا ہے۔(بخاری،3/472،حدیث:5231)

علم سے مراد علمِ دین‌، جہل‌ سے مراد اس‌ سے‌ غفلت ہے۔

(مراٰة المناجیح،7/254،ملتقطاً)

علم‌ کے‌اٹھنے کا ذریعہ یہ نہ ہوگا کہ لوگ پڑھا ہوا بھول‌ جائیں گے بلکہ علماء وفات پاتے رہیں گے اور بعد میں ان‌کے جانشین پیدا نہ ہوں گے۔ جیسا کہ اس‌ دور میں ہو رہا ہے علماء ربانی‌اس دنیا سے رخصت ہو رہے‌ ہیں‌ اور ان کے بعد ویسے علماء پیدا‌ نہیں ہورہے ہیں۔ ایسے علماء کی کمیابی ہی کی وجہ سے پورے عالم میں جہالت کی کثرت ہو رہی ہے۔ لوگ دنیاوی علوم‌ و فنون‌کے لئے اپنا مال اپنا وقت اور اپنی پوری قوت لگا رہے‌ ہیں مگر علمِ دین سے مکمل طور پر دوری اختیار کئے ہوئے ہیں۔ دنیاوی علوم بہت ترقی پر ہیں مگر علمِ حدیث، تفسیر، فقہ بہت کم‌ہو رہے ہیں۔

(2)وقت میں برکت نہ ہوگی: سال‌ مہینے کی طرح، مہینا ہفتے کی طرح، ہفتہ دن کی طرح اور دن ایسے ہو جائے گا جیسے کسی چیز کو آگ لگ گئی اور جلد بھڑک کر ختم ہو گئی۔

(بہار شریعت حصہ 1/118ملخصاً)

یعنی اس‌ زمانے میں عیش و‌ آرام بہت زیادہ ہوگا اور عیش و آرام کا

وقت محسوس نہیں ہوتا۔(مراٰةالمناجیح،7/260)اِس‌ زمانے میں بھی لوگوں کے وقت میں برکت نہیں‌ رہی ہے۔ اتنی ساری جدید ٹیکنالوجی اور جدید آلات کا روز مرہ کی زندگی میں استعمال کے باوجود لوگوں کے کام وقت پر مکمل نہیں ہو پا رہے۔جس شخص کو دیکھئے وہ ”وقت نہیں ہے“ کا وِرد اپنی زبان پر جاری رکھے ہو ئے ہے۔

(3)علمِ دین پڑھیں گے مگر دین کے لئے نہیں۔(ترمذی،4/90،حدیث:2218)

یعنی دینی علوم صرف دنیا کمانے کیلئے حاصل کریں گے۔ یہ نشانی بھی اس دور میں ظاہر ہے۔ اب تحصیلِ علومِ دین کو محض ذریعہ آمدنی بنا لیا ‌گیا ہے۔ علم ِدین کے ذریعے تبلیغِ دین،اشاعتِ دین، خدمتِ دین کے بجائے ایک طبقہ اس‌سے مال ودولت اور جاہ و حشمت حاصل کرنے کا ذریعہ سمجھنے لگا ہے۔ بعض طلبہ صرف وعظ گوئی کیلئے کتابیں پڑھتے ہیں۔

(4) لوگ مسجدوں میں دنیا کی باتیں کریں گے۔

(شعب الایمان،3/87،حدیث:2962)

جیسا کہ آج‌ دیکھا جا رہا ہے لوگوں نے مساجد کو دنیوی اجلاس کا مقام بنا لیا ہے۔مساجد میں اپنے ذاتی،کاروباری مسائل پر بھی گفتگو کرنے سے گریز نہیں کرتے بلکہ اب تو مساجد میں بیٹھ کر موبائل‌ کے ذریعے کئی طرح کے معاملات انجام دے رہے ہوتے ہیں۔

(5) گانے باجے کی کثرت ہوگی۔ (بہار شریعت،1/119)

یہ نشانی بھی آج‌ بالکل ظاہر ہے۔ گھر، بازار، ہوٹل، گاڑی، بس‌، ریل، ہوائی جہاز، الغرض‌اب کوئی ایسی جگہ نہیں جہاں گانے باجے اور موسیقی عام نہ ہو۔ بازاروں اور‌ موسیقی کے اڈے‌ تو اپنی‌ جگہ اب تو مساجد میں بھی نمازیوں کے موبائل سے موسیقی اور گانے باجے کی آوازیں بلند ہوتی رہتی ہیں۔


 قیامت اس دن میں اٹھنے کو کہتے ہیں جس دن اللہ تبارک و تعالی مخلوق کو فنا کرنے کے بعد دوبارہ زندہ کر کے اٹھائے گا۔

قرآن و احادیث اس پر ناطق بیان ہیں چنانچہ اللہ پاک فرماتا ہے:

وَ هُوَ الَّذِیْ یَبْدَؤُا الْخَلْقَ ثُمَّ یُعِیْدُهٗ وَ هُوَ اَهْوَنُ عَلَیْهِؕ-

ترجَمۂ کنزُالایمان: اور وہی ہے کہ اوّل بناتا ہے پھر اسے دوبارہ بنائے گا اور یہ تمہاری سمجھ میں اس پرزیادہ آسان ہونا چاہیے ۔(پ 21،الروم 27)

قیامت کا منکر کافر ہے کہ یہ نص قطعی کا انکار کرنا ہے۔ اور جو کچھ ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی علامتوں کی خبر دی وہ سب حق ہیں۔

علامت قیامت دو قسم کی ہیں (1) ایک تو وہ ہیں جو جناب رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائش سے لے کر تا ظہور امام مہدی رضی اللہ عنہ آئے گی۔ ان کو علامات صغری کہتے ہیں۔

(2) وہ علامتیں جو بعد ظہور امام مہدی رضی اللہ عنہ سے لے کر تا نفخ صور اول آئیں گے۔ اس کو علامت کبری کہتے ہیں۔

پہلے قسم کے لحاظ سے موجودہ دور میں علامات قیامت کچھ یہ ہیں:۔

*جہل زیادہ ہوگا علماء اٹھ جائیں گے۔

* زنا ،شراب خوری اور مزامیر ( گانے باجوں )کی کثرت ہونا۔

* مرد بیوی کی مانے گا والدین کی نافرمانی کرے گا ۔

* باپ کو دور ڈال دے اور یاروں سے دوستی کر لے۔

* مسجد میں شور گل ،چلانا اور دنیوی باتوں کا ہونا۔

* قبیلے کے سردار کا فاسق ہونا ۔

* موجودہ زمانے والے گزرے ہوئے زمانے والوں پرلعنت کرنا ۔

* حیا و شرم کا اٹھ جانا ۔

* ظلم و ستم اور قتل و غارت کا عام ہونا۔

* جھوٹی احادیث اور بدعات شنیعہ یعنی بری بدعتیں کا شیوع (عام) ہونا۔

* اس طرح مال کی کثرت بھی قیامت کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے وہ کہ موجودہ دور میں مال کی کثرت عام ہے۔

خالق لم یزل ہمیں سرور کائنات صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور اللہ تبارک و تعالی ہمیں موجودہ دور کے فتنوں اور آزمائشوں سے امان میں رکھیں ۔

یقینا فی زمانہ علماء سے دوری ،والدین کی نافرمانی، گانوں باجو کی شہرت اور مسجدوں کے اندر شور و غل بالکل عام ہو چکا ہے۔ اللہ عزوجل ہمیں مسجدوں کی ادب کرنے اور اس کی خیال رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔


یہ وسیع مضمون ہیں بہار شریعت کے پہلے حصے میں قیامت کی بہت سی نشانیاں لکھی ہوئی ہیں ان میں سے کئی نشانیاں ظاہر ہوگئی ہیں۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ اللہ کے پیارے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ عالیہ میں ایک شخص نے عرض کی: یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قیامت کب آئے گی؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے پوچھا :تم نے اس کے لیے کیا تیاری کی ہے؟ تو اس نے عرض کی: تیاری تو کچھ نہیں کی مگر میں اللہ پاک اور اس کے رسول سے محبت کرتا  ہوں۔ تو آپ نے ارشاد فرمایا :تم جس سے محبت کرتے ہو اسی کے ساتھ رہو گے۔ حضرت سیدنا انس رضی اللہ عنہ ارشاد فرماتے ہیں کہ ہمیں کبھی اتنی خوشی نہیں ہوئی جتنی خوشی اس دن ہوئی۔( ترمذی)

قیامت کی نشانیاں معلوم کرنا اور ان کے بارے میں پڑھنا منع نہیں ہے۔ اگر کسی کو قیامت کی نشانی معلومات ہو تو اس سے عبرت حاصل کرنی چاہیے۔ تفریح کے طور پر اس کا مذاق نہیں اڑانا چاہیے۔ میں موجودہ دور میں پائی جانے والی چند نشانیاں عرض کرتا ہوں۔ اللہ پاک ہمیں قیامت کی بھرپور انداز میں تیاری کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

موجودہ دور میں پائی جانےقیامت کی پانچ نشانیاں:

(1) علم اٹھا لیا جائے گا اور جہالت بڑھ جائے گی:

علم سے مراد علم دین ہے اور جہل سے مراد علم دین سے غفلت۔ آج یہ علامت شروع ہو چکی ہے۔ دنیاوی علوم بہت ترقی پر ہیں مگر علوم تفسیر، حدیث، فقہ بہت کم رہ گئے ۔علماء اٹھتے جا رہے ہیں ۔ان کے جانشین پیدا نہیں ہوتے۔ مسلمانوں نے علم دین سیکھنا قریبا چھوڑ دیا۔ یہ سب کچھ اس پیشنگوئی کا ظہور ہے۔ جو حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا :کہ قیامت کی نشانیوں میں سے یہ ہےکہ ان یرفع العلم و یکثر الجہل یعنی علم اٹھا لیا جائے گا اور جہالت بڑھ جائے گی۔( مسلم ،بخاری)

(2) زنا اور شراب خوری بڑھ جائے گی:

زنا کی زیادتی کے اسباب عورتوں کی بے پردگی، سکولوں، کالجوں، لڑکوں اور لڑکیوں کی مخلوط تعلیم، سینما وغیرہ کی بے حیائی، گانے، ناچنے کی زیادتیاں یہ سب آج موجود ہیں۔ان وجوہ سے زنا بڑھ رہا ہے اور شراب کی بھی کثرت بہت زیادہ ہوگئی ہے۔

(3) علم دین پڑھیں گے مگر دین کے نہیں:

طلباء علم دین پڑھیں گے مگر تبلیغ دین کے لئے نہیں بلکہ دنیا کمانے کے لیے۔ جیسے آج مولوی، عالم فاضل، درس میں فقہ ،تفسیرو حدیث داخل ہے تو امتحان دینے والے یہ کتابیں پڑھ تو لیتے ہیں مگر صرف امتحان میں پاس ہو کر نوکریاں حاصل کرنے کے لئے بعض طلباء صرف وعظ گوئی کے لیے دینی کتابیں پڑھتے ہیں۔

(4) گانے باجے کی کثرت ہوگی:

یہ والی بھی نشانی آج ہمارے معاشرے میں عام ہے۔ چھوٹا ہو یا بڑا مرد ہو یا عورت۔ اکثر اس برائی میں مبتلا نظر آتے ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ گویا موسیقی مسلمانوں کی نس نس میں اترتی چلی جا رہی ہے۔ تقریبا ہر جگہ کوئی موسیقی کی دھنی سنی جاتی ہے۔ ہوٹل ہو یا مکان، دکان ہو یا گودام، کار ہو یا بس، ٹیکسی ہو یا سوزوکی ،ہر جگہ میں مسلمان اس بری آفت کا شکار نظر آتے ہیں۔

(5)زکوٰۃ دینا لوگوں پر گرا ہوگا اور اس کو تاوان سمجھیں گے:

یہ والی بھی قیامت کی نشانی بہت زیادہ ہمارے معاشرے میں عام ہوگئی ہے۔ لوگ ادا کرتے ہی نہیں جو لوگ ادا کرتے ہیں وہ بھی کچھ مکمل نصاب کے مطابق نہیں دیتے۔ امیر اہل سنت دامت برکاتہم العالیہ فرماتے ہیں کہ اگر لوگ شرعی نصاب کے مطابق زکوۃ ادا کر کرتے تو ہمارے معاشرے سے غربت ختم ہو سکتی ہیں۔

اللہ پاک سے دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمیں قیامت آنے سے پہلے اس کی تیاری کرنے کی توفیق عطا فرمائے، ایمان کی حالت میں اس جہانِ فانی سے اٹھائے۔ آمین


قاعدہ ہے کہ کسی شئے کی  عظمت اس کے ناموں کی کثرت سے ہوتی ہے اور قیامت کے اسماء ابن کثیر نے البنایہ والنہایہ جلد اول میں 8 زائد گنوائے ہیں۔ چند ثابت شدہ اسماء قرآن مجید سے یہ ہے:۔

الساعۃ : اللہ تعالی نے فرمایا بے: اِنَّ السَّاعَةَ لَاٰتِیَةٌ لَّا رَیْبَ فِیْهَا

ترجمہ کنزالایمان:بے شک قیامت ضرور آنے والی ہے اس میں کچھ شک نہیں۔

( پ 24،المومن 59)

الصاخۃ: اللہ تعالی نے فرمایا : فَاِذَا جَآءَتِ الصَّآخَّةُ٘(۳۳)

ترجمہ کنزالایمان:پھر جب آئے گی وہ کان پھاڑنے والی چنگھار۔(پ 30،عبس :33)

قرآن پاک میں ہے: فَقَدْ جَآءَ اَشْرَاطُهَاۚ

ترجمہ کنزالایمان:اس کی علامتیں تو آہی چکی ہیں۔(پ 26،محمد 18)

صراط الجنان میں اس کے تحت لکھا ہے مثلا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تشریف آوری اور چاند کا دو ٹکڑا ہونا۔

احادیث کی روشنی میں موجودہ دور میں پائی جانے والی قیامت کی نشانیاں:

قیامت کی علامات اور نشانیوں سے ہے اولاد کا غلیظ ہونا اور بارش کی کثرت، شرپسندوں اور شرارتوں کی بھرمار ۔

اس حدیث شریف میں تین نشانیاں بتائی گئی ہیں۔

1۔ اولاد والے جانتے ہیں کہ کوئی خوش قسمت ماں باپ ہوں گے جن کی اولاد والدین کے اشارہ پر ہو ورنہ اکثر کا حال ظاہر ہے کہ کیسے ماں باپ کے دل جلائے جاتے ہیں اور جا رہے ہیں۔

2۔ بارش کی کثرت ہونا ۔یہ گندم کاٹنے کے وقت منظر دیکھیں گے۔

3۔ شرپسندوں اور شرارتوں کی بھرمار ۔یہ بھی ہمارے دورمیں پورے جوبن پرہے جیسے دہشت گردی اور دہشت گردوں کا راج ہے جس سے پوری دنیانالاں و فریاد کناں ہے۔

4۔ قیامت کی نشانی ہے کہ آدمی مسجد میں سے گزرے گا لیکن دو رکعت نہیں پڑھے گا۔ آج کل عموما مسلمان مسجد سے گزرتے ہوئے دو رکعت نفل کے لیے مسجدمیں آنا تو بڑی بات ہے۔ مسجد میں کسی کام کے لیے آتے تو دو رکعت نہیں پڑھتے۔ عوام تو ہیں عوام اور خواص میں سے اکثر اس سعادت مندی سے محروم ہیں۔ (قیامت کی نشانیاں ص 373)


 قیامت کی نشانیوں سے کیا مراد ہے؟

اس سے مراد دنیا کے فنا ہونے سے پہلے ظاہر ہونے والی چھوٹی،بڑی نشانیاں ہیں، جن میں سے بعض ظاہر ہو چکی ہیں اور کچھ باقی ہیں۔ (بہار شریعت ۔1/116)

جیسا کہ علاوہ بڑے دجال کے تیس دجال ہوں گے جو سب نبی ہونے کا دعوی کریں گے ۔حالانکہ نبوت ختم ہو چکی ہے۔ ہمارے پیارے نبی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد کوئی نبی نہ ہوگا۔ ان دجالوں میں سے بہت سے گزر چکے ہیں۔ جیسے مسیلمہ کذّاب، مرزا علی حسین بہاء اللہ، مرزا غلام احمد قادیانی وغیرہ اور جو باقی ہیں وہ ضرور ہوں گے۔

( ماخوذ از قانون شریعت ص 51)

اب ہم بات کریں گے موجودہ دور میں پائی جانے والی قیامت کی نشانیاں:۔

نمبر 1۔ زکوٰۃ دینا لوگوں پر گرا ں ہوگا ،اس کو تاوان سمجھیں گے۔

(بہار شریعت، 1/119)

نمبر 2۔ علم دین پڑھیں گے مگر دین کے لیے نہیں۔(بہار شریعت، 1/119)

نمبر 3۔ اپنے احباب سے میل جول رکھے گا اور ماں باپ سے جدائی۔

(بہار شریعت، 1/119)

نمبر 4 ۔ وقت میں برکت نہ ہوگی یہاں تک کہ سال مثل مہینے کے مہینہ مثل ہفتہ کے اور ہفتہ مثل دن کے اور دن ایسا ہوگا جیسے کسی چیز کو آگ لگی اور جلد بھڑک کے ختم ہوگئی یعنی بہت جلد وقت گزرے گا۔(بہار شریعت، 1/118)(سنن الترمذی 4/115،حدیث:2267)

نمبر 5۔ گانے باجے کی کثرت ہوگی۔(بہار شریعت، 1/119)

اگر بیٹا کسی اونچی پوسٹ پہ چلا جائے اگر پوسٹ پر نہ بھی جائے۔ گھر سے باہر دوست احباب میں ہنس ہنس کر بات کریں گے۔ گھر آیا تو باپ یا ماں نے کچھ سمجھا دیا تو اس طرح ٹوٹ پڑیں گے کہ ماں باپ ان کے بہت بڑے دشمن ہیں۔

دنوں میں برکت نہیں سال کا تو پتہ ہی نہیں چلتا کہ پچھلے دنوں میں 2020 ءآیا پھر 21 ء اب 2022 ءآنے والا ہے۔پتہ ہی نہ چلا اس طرح دو سال گزر گئے ۔

گانے باجے کثرت آج کل شادی بیاہ میں گانا باجا بچایا جاتا ہے اور کسی بھی فنکشن میں ماں باپ نے یا کسی بھی مفتی صاحب نے کہا کہ ڈھول نہ بجایا جائے تو آگے سے جواب آتا ہے :او جی خوشی کے موقع پہ سب چلتا ہے۔

اس سے پتہ چلتا ہے کہ قیامت کتنی قریب ہوتی جا رہی ہے اور کیا کیا رونما ہوتا جا رہا ہے۔ احادیث نبوی کی روشنی یہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی علم غیب پر بھی دلالت کرتا ہے کہ حضور نے جو ارشاد فرمایا وہ ہوتا جا رہا ہے۔ بس اللہ ہمیں آخرت کی تیاری کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔آمین


مسلمانوں کے بنیادی عقائد میں سے ایک عقیدہ قیامت کا قائم ہونا ہے۔ یہ عقیدہ ضروریات دین میں سے ہیں جو اس کا منکر ہوگا وہ کافر ہو جائے گا۔ اس پر ایمان لانے کا حکم قرآن پاک میں ہے۔

" بلکہ اصل نیکی وہ ہے جو ایمان لائے اللہ پر اور آخرت کے دین پر" ۔

(پ2،سورہ بقرہ:177)

کفار قیامت کے قائم ہونے کا انکار کرتے ہیں اور اس کےقائم ہونے کا سوال کرتے ہیں۔

"آپ سے قیامت کے متعلق سوال کرتے ہیں کہ اس کے قائم ہونے کا وقت کب ہے؟ تم فرماؤ :اس کا علم تو میرے رب کے پاس ہے۔(پ 9،اعراف:187)

صحیح وقت تو نہیں بتایا مگر اس کے قائم ہونے سے پہلے چند نشانیاں ظاہر ہوگی ان میں سے چند نشانیاں ایسی ہیں جو موجودہ میں پائی جاتی ہیں۔

(1) ۔ لوگوں پر ایسا زمانہ آئے گا کہ دین پر صبر کرنے والا والے کا حال ایسے ہوگا جیسے انگارہ ہاتھ میں رکھے نے والے کا۔(رواہ الترمذی عن انس)

اگر گراتا ہے تو دین جاتا ہے اگر رکھتا ہے تو ہاتھ جلتا ہے۔یعنی دینی امور میں موافقت و معاونت کرنے والا نہ ملے گا تنہا دین کے لیے کو شاں ہوگا۔

(2)۔ قیامت قائم نہ ہوگی یہاں تک کہ لوگ مساجد کے بارے میں فخر کریں گے۔

(رواہ احمد عن انس)

ہمارے دور میں شہروں اور دیہاتوں میں مساجد کا تعمیراتی کام زوروں پر ہے اور اکثر کا حال بھی ظاہر ہے کہ اپنی اپنی مسجد کی تعمیر پر فخر کرتے نہیں تھکتے۔

(3)۔ قیامت کی نشانیوں میں سے ہے کہ بری بات کرنا ،بدکلامی کرنا ،قطع رحمی، امین کا خیانتی ہونا اور خیانتی کا امانت دار ہونا۔(رواہ الطبرانی عن انس)

بری بات کرنا اور بدکلامی میں کون سی کمی رہ گئی اور قطع رحمی کا یہ حال ہے کہ اقارب کالعقارب یعنی رشتہ دار بچھو بنے ہوئے ہیں ۔آپس میں بیاہ ونکاح کرنا دشمنی خرید کرنا ہے۔وغیرہ وغیرہ

(4)۔ بارش کی کثرت ،کھیتوں کی کمی،قراء (علماء و حفاظ) کی بہتات، قلت فقہاء،کثرت امراء اور امانت داروں کی کمی ۔(رواہ الطبرانی عن عبد الرحمٰن بن عمر)

اللہ ہمیں آخرت کی فکر اور اس کی تیاری کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین


عام دستور ہے کہ ہر اہم شے کے آنے سے پہلے اس کی نشانیاں ظاہر ہوتی ہے۔ مثلاً بارش سے پہلے کالے بادلوں کا چھا جانا،بڑھاپے سے پہلے بالوں کی سفیدی اعضاء کی کمزوری وغیرہ۔ ٹھیک اسی طرح قیامت جیسی عظیم شے کے قائم ہونے کیلئے بھی بہت سی نشانیاں ہیں۔ بعض نشانیاں "علامات صغریٰ" کہلاتی ہیں اور بعض "علامات کبریٰ"۔

فی زمانہ پائی جانے والی کثیر نشانیوں میں سے پانچ (5) علامات و نشانیاں ملاحظہ ہوں:

1: شرابوں کا نام بدل کر پیا جانا:

ابو مالک اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: میری امت کے کچھ لوگ شراب پئیں گے اور اس کا نام کچھ دوسرا رکھ لیں گے۔

مفتی احمد یار خان نعیمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں:

یعنی آخری زمانہ میں لوگ شراب کے نام بدل دیں گے اور اسے حلال سمجھ کر پئیں گے حالانکہ وہ نشہ والی ہوگی۔ (مراۃ المناجيح ج 6 ص 139)

2:ذلیل لوگوں کا باعزت ہونا:

ایک طویل حدیث میں یہ بھی ہے: اور تم ننگے پاؤں ننگے بدن والے فقیروں،بکریوں کے چرواہوں کو (بڑے بڑے) محلوں میں فخر کرتے دیکھو گے(صحیح مسلم حدیث 93)

3:جہالت عام ہونا:

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:قیامت کی نشانیوں میں سے یہ بھی ہے کہ علم اٹھا لیا جائے گا اور جہالت بڑھ جائے گی۔(صحیح البخاري ، کتاب النکاح، باب:يقل الرجال ویکثر النساء، الحدیث :5231 ،ج 3 ،ص472 ،ملتقطاً)

4: دين پر چلنا دشوار ہونا:

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”لوگوں پر ایک ایسا زمانہ آئے گا کہ ان میں اپنے دین پر صبر کرنے والا آدمی ایسا ہو گا جیسے ہاتھ میں انگارہ پکڑنے والا“۔

(سنن الترمذي، کتاب الفتن، الحدیث : 2267 ، ج 4، ص 115)

5:وقت میں ہے برکتی ہونا:

رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا: قیامت قائم نہ ہوگی حتی کہ زمانہ جلد گزرنے لگے گا تو ایک سال ایک مہینہ کی طرح ہوگا اور مہینہ ہفتہ کی طرح اور ہفتہ ایک دن کی طرح اور دن ایک گھڑی کی طرح ہوگا اور گھڑی آگ سلگانےکی طرح“۔(جیسے کسی چیز کو آگ لگی اور جلد بھڑک کر ختم ہوگئی )(سنن الترمذي، کتاب الفتن، الحدیث: 2339 ، ج 4 ، ص 149)

اللہ تعالیٰ ہمارے حال و زار پر رحم فرمائے۔آمین