طلبہ کو ان کی حوصلہ افزائی ہمیشہ یاد رہتی ہے۔رزلٹ ڈے کی تقریب بھی حوصلہ افزائی کا ایک ذریعہ ہے۔اس تقریب میں جہاں طلبہ اپنی کامیابی کا پھل پاتے ہیں ،وہیں تقاریر، خاکے اور دوسری ہم نصابی سرگرمیوں کے ذریعے ان کی خود اعتمادی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

گزشتہ روز دارالمدینہ بوائز ہائی اسکول کے گلشن کیمپس،گزری کیمپس اور ملیر کیمپس کے رزلٹ ڈے کی تقریب این ای ڈی یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔ اس پروقار تقریب کا آغاز تلاوت قراٰن پاک سے کیا گیا،اس کے بعد بارگاہ ِرسالت مآب صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ میں نعت ِ رسول مقبول پڑھی گئی ۔

رزلٹ ڈے کی تقریب میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوری ٰ کے رکن حاجی محمد علی عطاری نے ٹائم مینجمنٹ کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ ہر شخص کو چاہیئے کہ اپنے ہر کام کو کسی وقت کے اندر قید کرلے۔ میں تلاوت اس وقت کروں گا۔ درود پاک اس وقت پڑھوں گا۔ ماضی میں جن بزرگوں نے کامیابیاں حاصل کیں، ان کے لئے بھی 24گھنٹے کا دن تھا ۔وہ دنیا میں بھی کامیاب ہوئے اور آخرت میں بھی کامیاب ہوں گے (ان شاء اللہ عزوجل )۔رکنِ شوری نے زندگی کے مختلف امور میں نیکی کی دعوت اور دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔

دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک ایجوکیشن سسٹم کے CEOڈاکٹر دانش اقبال گوڈیل عطاری کا کہنا تھاکہ مسلمانوں کی بھلائی کی نیت ہو تو ہم سائنسی علوم کے ذریعے ثواب کماسکتے ہیں ۔ انہوں نے والدین کو متوجہ کرتےہوئے کہا کہ آپ دارالمدینہ کے پارٹنرز ہیں۔ ہم مل کر دارالمدینہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں جبکہ دارالمدینہ اسٹرٹیجک کمیٹی کے رکن عرفان حسن نے کہا کہ طالب علموں کو اس بات پر شکر ادا کرنا چاہیئے کہ وہ دارالمدینہ میں تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔

دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک ایجوکیشن سسٹم کے COO اور نگران پنجاب مولانا زبیر عطاری مدنی نے کہا کہ دارالمدینہ آپ کے بچوں کے سینوں میں قرآنی الفاظ محفوظ کردیتا ہے۔ اس وقت تک 17ہزار سے زائد طلبہ مدنی قاعدہ اور پانچ ہزار سے زائد بچے ناظرہ قراٰن کی تکمیل کرچکے ہیں۔ ہمارا قرآنی مونٹیسوری کاایک نظام ہے ۔ پاکستان بھر کے منتخب کیمپسز میں حفظِ قراٰن اور پنجاب میں ترجمہ قراٰن کی تفہیم کا آغازبھی ہوچکا ہے۔ ہم ہر ماہ ایک تربیہ تھیم بناتے ہیں ۔ماہِ شعبان میں ایک ہفتے کی تھیم کی برکت سے ایک ارب سے زائد درود پاک بھیجے گئے۔

دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم کے COO اور نگرانِ سندھ مدنی رضا عطاری نےاظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 2011 میں دارالمدینہ کے سفر کا آغاز ہوااور اب دنیا کے 7 ممالک کے195کیمپسزمیں تقریبا39ًہزارطلباوطالبات تعلیم حاصل کررہے ہیں۔رواں تعلیمی سال میں پاکستان کے میٹرک بورڈز میں ہونے والے امتحانات میں دارالمدینہ کے 73فی صد، کراچی کے 95فی صد اور کورنگی کیمپس ، کراچی کے 100فی صد طلباوطالبات نے اے ون اور اے گریڈحاصل کیا۔انہوں نے تعلیمی عمل میں والدین کے فیڈ بیک کی اہمیت اور پیرنٹ ٹیچرز میٹنگ میں ان کی شرکت پر زور دیا۔

تقریب میں دارالمدینہ کے طلبہ نے والدین کے آداب ، ری سائیکلنگ اور saving water پر تقاریر اور گفتگو کے آداب اور ماڈرن ٹیکنالوجیز پر مدنی خاکے بھی پیش کئے۔تقریب کے شرکاکو دارالمدینہ کی نئی ڈاکیومینٹری بھی دکھائی گئی ۔

اس تقریب میں دارالمدینہ انٹرنیشنل اسلامک اسکول سسٹم کے اراکین مجلس،ڈویژنل ہیڈز اورہیڈآف ڈیپارٹمنٹس کے علاوہ الکرم انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ کے وائس چانسلر محمد اسلم کمبوہ ، محکمہ تعلیم ،صوبہ سندھ کے افسران شمس الدین شیخ، ایڈیشنل سیکریٹری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ،عبدالرشید بروہی، ڈپٹی سیکریٹری، کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور عبدالستار عباسی، ٹاؤن ایجوکیشن آفیسرنے خصوصی طور پر شرکت کی۔

تقریب میں مدنی قاعدہ اور ناظرہ قراٰن کی تکمیل اور پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ دارالمدینہ ہیڈآفس میں بہتر کارکردگی پیش کرنے والے اسلامی بھائیوں میں بھی سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے گئے۔ سلام اور دعا پر اس روح پرور نتائج کی تقریب کا اختتام ہوا۔ (رپورٹ: غلام محی الدین ترک ،اردو کانٹینٹ رائیٹرمارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ دارالمدینہ ،ہیڈ آفس کراچی، ویب ڈیسک رائٹر:غیاث الدین عطاری)