ذہنی آزمائش کا پہلا سیمی فائنل کراچی کی ٹیم نے جیت لیا

فائنل 21 فروری بروز جمعہ داتا دربار کے صحن میں ہوگا

تفصیلات کے مطابق معروف مذہبی اسکالر مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری کی میز بانی میں ہونے والے مدنی چینل کے مشہور و معروف پروگرام ذہنی آزمائش سیزن 11 کا پہلا سیمی فائنل گزشتہ رات 16 فروری 2020 کو عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کے وسیع و عریض صحن میں ہوا جس میں کراچی اور مظفر آباد کی ٹیموں نے شرکت کی ۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ قراٰن مجید سے کیا گیا جس کے بعد بچوں نے بارگاہِ سرورِ کونین ﷺ میں عربی نعتوں کا گلدستہ پیش کیا۔ دورانِ مقابلہ چھوٹے بچوں نے تصور مدینہ بھی کروایا اور ایسا سماں باندھا کہ بڑوں کے ساتھ ساتھ بچے بھی مدینے کی یاد میں اشک بار ی کرتے دکھائی دیئے۔ نگرانِ شوریٰ مولانا محمد عمران عطاری مَدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے بھی سلسلے میں اپنے مدنی پھول ارشاد فرمائے اور شرکاکو شانِ صدیق اکبر رضی اللہ عنہ بیان کی۔ مقابلے کے دوران چھ مختلف زبانوں (عربی، پنجابی، سندھی،پشتو، سرائیکی، اردو )میں نعتوں کا حسین گلدستہ آقا کریم ﷺ کی بارگاہ میں پیش کیا گیا۔ زبردست اور دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کی ٹیم نے سیمی فائنل اپنے نام کرلیا اور فائنل میں پہنچ گئی۔اس موقع پر اراکینِ شوریٰ حاجی امین عطاری، حاجی رفیع العطاری، حاجی یعفور رضا عطاری، حاجی برکت علی عطاری، حاجی وقارالمدینہ عطاری، حاجی اسلم عطاری اور حاجی فاروق جیلانی عطاری بھی موجود تھے۔

سیمی فائنل کی رنراپ ٹیم مظفر آباد کے اسلامی بھائیوں کی مدینے سے محبت، الفت اور سچی تڑپ کام آگئی اور اسلامی بھائیوں کی جانب سے انہیں بھی مدینے کا ٹکٹ پیش کردیا گیا، صلاۃ و سلام، حضرت سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کے لئے فاتحہ خوانی اور دعا پر پہلے سیمی فائنل کا اختتام ہوا۔

یاد رہے! دوسرا سیمی فائنل 19 فروری کو فیضانِ مدینہ، مدینہ ٹاؤن فیصل آباد سے متصل گراؤنڈ میں ہوگا جبکہ گرینڈ فائنل 21 فروری کو لاہور شہر میں واقع حضرت سیدنا داتا گنج بخش رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کے دربار کے صحن میں ہوگا۔