(اسٹاف رپورٹ:اسلام آباد)حکومت پاکستان کے زیراہتمام 12 ربیع الاول 1441ھ بروز  اتوار اسلام آباد میں انٹرنیشنل رحمۃ للعالمین کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم پاکستان عمران خان نے خصوصی شرکت کی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری سمیت ممبران اسمبلی، سینٹرز، کابینہ اراکین، حکومتی وزراء و شخصیات کے علاوہ ملک بھر سے علما و مشائخ، محققین، ڈاکٹرز، پروفیسرز اور عالمی اسکالرز نے بھی کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس میں مولانا عبدالحبیب عطاری نے دعوتِ اسلامی کی نمائندگی کی اور ”ریاست مدینہ کا پیغام مسلمانوں کے نام“ کے عنوان پر خصوصی خطاب کیا۔

مولانا عبدالحبیب عطاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کا سرکاری سطح پر رحمۃ للعالمین کانفرنس کا انعقاد نہایت اچھا اقدام ہے، میں اس اقدام پر وفاقی وزیر نورالحق قادری صاحب اور بالخصوص وزیرِ اعظم پاکستان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی ﷺ وجہِ تخلیقِ کائنات ہیں، قرآن مجید فرقانِ حکیم میں پیارے آقا کو ہمارے لیے رول ماڈل قرار دیا گیا، وہ ہمیشہ سچ کی تلقین فرماتے رہے اور وعدوں کی پاسداری کرتے رہے۔

رکنِ شوریٰ کا مزید کہنا تھاکہ اگر ہم اپنے وطن عزیز میں ریاستِ مدینہ کی کوئی جھلک دیکھنا چاہتے ہیں تو مِن حیث القوم ہمیں اپنے اندر بھی تبدیلی لانا ہوگی۔ ریاستِ مدینہ میں سب ایک دوسرے کا خیال رکھتے تھے،ایک دوسرے کو تکلیف نہیں دیتے تھے، ایثار کرتے تھے اور ایک دوسرے کے خیرخواہ ہوتے تھے۔رکنِ شوریٰ نے اپنے خطاب میں حاضرین اور ناظرین کو پابندی سے نماز پڑھنے، ہمیشہ سچ بولنے اور دھوکہ دہی سے بچتے رہنے پر زور دیا۔