تمام تعریفیں اللہ رب العالمین کے لیے جس نے ہمیں مسلمان
پیدا کیا بے شمار نعمتوں سے نوازا، کروڑوں درود و سلام نازل ہو اس کے پیارے حبیب،
بیماروں کے طبیب، نبیٔ محتشم، رسولِ اعظم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر جن کے
صدقے و طفیل ہمیں زندگی ملی اور جن کی شفاعت پر ہماری بخشش موقوف ہے، جن کی بارگاہ
کا ادب ہر ایک پر فرضِ عین بلکہ تمام فرائض سے بڑھ کر فرض ہے۔ تعظیمِ رسول اطاعتِ
مصطفی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم مدارِ ایمان ہے اس بارگاہ میں ادنی سی بھی بے
ادبی دین وایمان کی ہلاکت وبربادی کا سبب ہے ۔ اللہ رب العزت نے قراٰن مجید میں
جگہ جگہ اپنے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ کے ادب سکھائے۔
بقول ڈاکٹر اقبال :ادب پہلا قرینہ ہے محبت کے قرینوں میں۔سرکارِ
کائنات کی محبت کے بغیر کوئی مؤمن نہیں ہو سکتا ۔ آقا علیہ السّلام سے مخاطبت کے
ادب سکھاتے ہوئے دیکھئے قراٰن کیا کہتا ہے:۔
(1)یٰۤاَیُّهَا
الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَقُوْلُوْا رَاعِنَا وَ قُوْلُوا انْظُرْنَا وَ
اسْمَعُوْاؕ-وَ لِلْكٰفِرِیْنَ عَذَابٌ اَلِیْمٌ(۱۰۴)ترجَمۂ کنزُالایمان: اے ایمان والو راعنا نہ کہو اور یوں عرض کرو کہ
حضور ہم پر نظر رکھیں اور پہلے ہی سے بغور سنو اور کافروں کے لیے دردناک عذاب ہے۔(پ1،البقرۃ:104) تفسیر: جب حضورِ اقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم صحابہ کرام رضی
اللہُ عنہم کو کچھ تعلیم و تلقین فرماتے تو وہ کبھی کبھی درمیان میں عرض کیا کرتے۔
’’رَاعِنَا یَارَسُوْلَ اللہْ‘‘ اس کے یہ معنی تھے کہ یا رسول اللہ !صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم، ہمارے
حال کی رعایت فرمائیے یعنی کلامِ اقدس کو اچھی طرح سمجھ لینے کا موقع دیجئے۔
یہودیوں کی لغت میں یہ کلمہ بے ادبی کامعنی رکھتا تھا اور انہوں نے اسی بری نیت سے
کہنا شروع کردیا۔ مگر اللہ پاک کو اپنے محبوب کی توہین کب گوارہ تھی اس لئے اس نے
اپنے محبوب کی عزت کی حفاظت کیلئے آیت کا نزول فرمایا اور مسلمانوں کو حکم دیا کہ
وہ راعنا کے بجائے انظرنا کہا کریں اور ساتھ ہی تاکید فرمائی کہ میرے محبوب کے
کلام کو بغور سنو تاکہ دورانِ بیان کچھ دریافت کرنے کی نوبت ہی نہ آئے ۔
یہ دیکھیں بارگاہِ رسالت کا ادب واحترام قراٰنِ پاک کس
پیارے انداز سے سکھا رہا ہے۔
(2)لَا تَجْعَلُوْا دُعَآءَ الرَّسُوْلِ بَیْنَكُمْ
كَدُعَآءِ بَعْضِكُمْ بَعْضًاؕ-قَدْ یَعْلَمُ اللّٰهُ الَّذِیْنَ یَتَسَلَّلُوْنَ
مِنْكُمْ لِوَاذًاۚ-فَلْیَحْذَرِ الَّذِیْنَ یُخَالِفُوْنَ عَنْ اَمْرِهٖۤ اَنْ
تُصِیْبَهُمْ فِتْنَةٌ اَوْ یُصِیْبَهُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ(۶۳) ترجمۂ کنزُالعِرفان: (اے لوگو!) رسول کے پکارنے کو آپس میں
ایسا نہ بنالو جیسے تم میں سے کوئی دوسرے کو پکارتا ہے، بیشک اللہ ان لوگوں کو
جانتا ہے جو تم میں سے کسی چیز کی آڑ لے کر چپکے سے نکل جاتے ہیں تو رسول کے حکم کی
مخالفت کرنے والے اس بات سے ڈریں کہ انہیں کوئی مصیبت پہنچے یا انہیں دردناک عذاب
پہنچے۔( پ18، النور:63)شرح:
سبحان اللہ! بارگاہِ نبوت کا اداب واحترام رکھنے کا حکم دیا جا رہا ہے اور اس طرح
پکارنے سے منع کیا جا رہا ہے جس طرح عام لوگ ایک دوسرے کو پکارتے ہیں لیکن اگر پکارنا
ہو تو نہایت عاجزی و انکساری کے ساتھ یا رسول اللہ، یا نبی اللہ کہہ کر پکارو تاکہ
ایمان کی دولت باقی رہے۔
(3) یٰۤاَیُّهَا
الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تُقَدِّمُوْا بَیْنَ یَدَیِ اللّٰهِ وَ رَسُوْلِهٖ وَ
اتَّقُوا اللّٰهَؕ-اِنَّ اللّٰهَ سَمِیْعٌ عَلِیْمٌ ترجمۂ کنزُالعِرفان: اے ایمان والو! اللہ اور اس کے رسول سے آگے نہ بڑھو اور اللہ
سے ڈرو بیشک اللہ سننے والا، جاننے والا ہے۔ (پ26، الحجرات:1) اس آیت میں اللہ
پاک نے ایمان والوں کو اپنے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا ادب و احترام
ملحوظ رکھنے کی تعلیم دی ہے اور آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ اے ایمان والو! اللہ پاک
اور اس کے رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی اجازت کے بغیر کسی قول اور فعل میں
اصلاً ان سے آگے نہ بڑھنا تم پر لازم ہے کیونکہ یہ آگے بڑھنا رسولِ کریم صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ادب و احترام کے خلاف ہے جبکہ بارگاہِ رسالت میں نیاز
مندی اور آداب کا لحاظ رکھنا لازم ہے اور تم اپنے تمام اَقوال و اَفعال میں اللہ
پاک سے ڈرو کیونکہ اگر تم اللہ پاک سے ڈرو گے تو یہ ڈرنا تمہیں آگے بڑھنے سے روکے
گا اور ویسے بھی اللہ پاک کی شان یہ ہے کہ وہ تمہارے تمام اقوال کو سنتا اور تمام
افعال کو جانتا ہے اور جس کی ایسی شان ہے اس کا حق یہ ہے کہ اس سے ڈرا جائے۔ (تفسیر
صراط الجنان)
(4،5 ) یٰۤاَیُّهَا
الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَرْفَعُوْۤا اَصْوَاتَكُمْ فَوْقَ صَوْتِ النَّبِیِّ وَ
لَا تَجْهَرُوْا لَهٗ بِالْقَوْلِ كَجَهْرِ بَعْضِكُمْ لِبَعْضٍ اَنْ تَحْبَطَ
اَعْمَالُكُمْ وَ اَنْتُمْ لَا تَشْعُرُوْنَ(۲) ترجَمۂ کنزُالایمان: اے ایمان والو اپنی آوازیں اونچی نہ کرو اس غیب بتانے والے (نبی) کی آواز
سےاور ان کے حضور بات چلّا کر نہ کہو جیسے آپس میں ایک دوسرے کے سامنے چلّاتے ہو
کہ کہیں تمہارے عمل اکارت(ضائع ) نہ ہوجائیں اور تمہیں خبر نہ ہو۔ (پ26،الحجرات:2) اس آیت ِمبارکہ میں بھی اللہ پاک نے ایمان والوں کو اپنے
حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے دو عظیم آداب سکھائے ہیں ،پہلا ادب یہ ہے
کہ اے ایمان والو! جب نبیٔ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم تم سے کلام فرمائیں
اور تم ان کی بارگاہ میں کچھ عرض کرو تو تم پر لازم ہے کہ تمہاری آواز ان کی
آواز سے بلند نہ ہو بلکہ جو عرض کرنا ہے وہ آہستہ اور پَست آواز سے کرو ۔دوسرا
ادب یہ ہے کہ حضورِ اقدس صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو ندا کرنے میں ادب کا
پورا لحاظ رکھو اور جیسے آپس میں ایک دوسرے کو نام لے کر پکارتے ہو اس طرح نہ
پکارو بلکہ تمہیں جو عرض کرنا ہو وہ ادب و تعظیم اور توصیف وتکریم کے کلمات اور
عظمت والے اَلقاب کے ساتھ عرض کرو جیسے یوں کہو: یا رسولَ اللہ! صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم ، یا نَبِیَّ اللہ! صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم، کیونکہ ترکِ ادب
سے نیکیوں کے برباد ہونے کا اندیشہ ہے اور اس کی تمہیں خبر بھی نہ ہو گی ۔( قرطبی
، الحجرات ، تحت الآیۃ: 2 ، 8 / 220 ، الجزء السادس عشر)
بارگاہِ رسالت کا ادب
بجا لانے کا درس : بارگاہِ رسالت صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا جو ادب و
احترام ان آیات میں بیان ہوا، یہ آپ کی ظاہری حیاتِ مبارکہ کے ساتھ ہی خاص نہیں
ہے بلکہ آپ کی وفات ِظاہری سے لے کر تا قیامت بھی یہی ادب و احترام باقی ہے۔ مفتی
احمد یار خان نعیمی رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں :اب بھی حاجیوں کو حکم ہے کہ جب
روضۂ پاک پر حاضری نصیب ہو تو سلام بہت آہستہ کریں اور کچھ دور کھڑے ہوں بلکہ
بعض فُقہا نے تو حکم دیا ہے کہ جب حدیث ِپاک کا درس ہو رہا ہو تو وہاں دوسرے لوگ
بلند آواز سے نہ بولیں کہ اگرچہ بولنے والا (یعنی حدیث ِپاک کا درس دینے والا)
اور ہے مگر کلام تو رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا ہے ۔(شان حبیب
الرحمٰن،ص225)