قتل ناحق کا مطلب ہے کسی شخص یا انسان کی بے گناہی یا بغیر
کسی جرم کے قتل کرنا۔ یہ ایک ظلم ہے جو کسی کی حقوق یا جان کو نقصان پہنچانے والا
عمل ہے۔قتل ناحق کسی بھی صورت میں ہو قابل مذمت ہے۔ یہ ایک بہت بڑا جرم ہے جو
انسانی حقوق کے خلاف ہے اور سماج کی بنیادی بنیادوں پر خطرہ ہے۔ اس کی مذمت کرنا
ہماری ذمہ داری ہے اور ہمیں انسانیت کی قدر و قیمت کی حفاظت کے لیے مل کر کام کرنا
چاہیے۔
ارشادِ ربانی ہے: وَ مَنْ یَّقْتُلْ
مُؤْمِنًا مُّتَعَمِّدًا فَجَزَآؤُهٗ جَهَنَّمُ خٰلِدًا فِیْهَا وَ غَضِبَ اللّٰهُ
عَلَیْهِ وَ لَعَنَهٗ وَ اَعَدَّ لَهٗ عَذَابًا عَظِیْمًا(۹۳) (پ5، النساء: 93) ترجمہ کنز
الایمان: اور
جو کوئی مسلمان کو جان بوجھ کر قتل کرے تو اس کا بدلہ جہنم ہے کہ مدتوں اس میں رہے
اور اللہ نے اس پر غضب کیا اور اس پر لعنت کی اور اس کے لیےتیار رکھا بڑا عذاب۔
احاديث
مبارکہ:
1۔ جس نے کسی مومن کے قتل پر ایک حرف جتنی بھی مدد کی تو وہ
قیامت کے دن اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں اس حال میں آئے گا کہ اس کی دونوں آنکھوں
کے درمیان لکھا ہو گا یہ اللہ تعالیٰ کی رحمت سے مایوس ہے۔ (ابن ماجہ، 3/262،
حدیث: 2620)
2۔ جب دو مسلمان اپنی تلواروں سے لڑیں تو قاتل اور مقتول
دونوں جہنم میں جائیں گے۔ راوی فرماتے ہیں: میں نے عرض کی: مقتول جہنم میں کیوں
جائے گا؟ ارشاد فرمایا: اس لئے کہ وہ اپنے ساتھی کو قتل کرنے پرمُصِر تھا۔ (بخاری،
1/23، حدیث: 31)
3۔ جس نے کسی ذمی کو ناحق قتل کیا وہ جنت کی خوشبو بھی
نہ پا سکے گا۔ حالانکہ جنت کی خوشبو چالیس سال کی راہ سے سونگھی جا سکتی ہے۔ (بخاری،
2/365، حدیث: 3166)
4۔ جب بھی کوئی انسان ظلم سے قتل کیا جاتا ہے تو آدم علیہ
السلام کے سب سے پہلے بیٹے ( قابیل ) کے نامہ اعمال میں بھی اس قتل کا گناہ لکھا جاتا
ہے۔ کیونکہ قتل ناحق کی بنا سب سے پہلے اسی نے قائم کی تھی۔ (بخاری، 2/413،
حدیث:3335)
5۔ بڑے کبیرہ گناہوں میں سے ایک کسی جان کو( ناحق) قتل کرنا
ہے۔ (بخاری، 4/358، حدیث: 6871)
خلاصہ کلام: اگر مسلمانو ں کے قتل کو حلال سمجھ کر اس کا ارتکاب کیا تو یہ خود کفر ہے اور
ایسا شخص ہمیشہ جہنم میں رہے گا اور قتل کو حرام ہی سمجھا لیکن پھر بھی اس کا
ارتکاب کیا تب یہ گناہ کبیرہ ہے اور ایسا شخص مدت ِ دراز تک جہنم میں رہے گا۔