نگران شوری مولانا عمران عطاری کی وزیرِ اعظم سے ملاقات

مدارس اصلاحات میں حکومت دعوتِ اسلامی کے تجربے سے فائدہ اٹھائے گی، عمران خان

مزارات اولیاء سے منشیات فروشوں کا صفایا کیا جائے۔نگرانِ شوریٰ مولانا عمران عطاری

حکومت کا ریاستِ مدینہ کی طرز پر اسلامی فلاحی ریاست قائم کرنے کا ارادہ بہت خوش آئند ہے، وفد دعوتِ اسلامی

تفصیل: دعوتِ اسلامی کے وفد نے 18 اکتوبر 2019ء کو نگران شوری مولانا عمران عطاری کی سربراہی میں وزیرِ اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ وزیرِ اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی اس ملاقات میں دعوت اسلامی کے وفد نے وزیر اعظم کو ریاست مدینہ کی طرز پر اسلامی فلاحی ریاست قائم کرنے کے حوالےسے اپنی سفارشات پیش کیں۔ مولانا عمران عطاری کا کہنا تھا کہ منشیات کی لعنت کا خاتمہ اگرچہ پورے ملک سے ہوناضروری ہے لیکن تعلیمی اداروں سے اس کو فوراًنکالنا ضروری ہے، آپ کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں ایک پیریڈ سیرتِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے لئے مخصوص کیا جائے۔ نگرانِ شوریٰ نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا کہ الیکٹرانک میڈیا  بے شرمی اور بے حیائی کا بازار گرم کررہا ہے اس کی بھی فوری روک تھام کی جائے۔ اولیاء کے مزارت سے منشیات فروشوں کا صفایا کیا جائے تاکہ اولیاء کی درست تعلیمات عام ہوں۔ دعوت اسلامی کے وفد نے وزیر اعظم کو دعوت اسلامی کی طرف سے ایک ارب پودے لگانے کی شجر کاری مہم سے بھی آگاہ کیا۔دوران ملاقات وفد نے وزیر اعظم کو اسلامی کتابوں کا ہدیہ بھی پیش کیا۔ وفد میں مولانا عمران عطاری کے ہمراہ رکن شوریٰ حاجی وقار المدینہ عطاری اور مبلغِ دعوتِ اسلامی محمد یوسف سلیم عطاری بھی شامل تھے ۔