لیاری کھڈا مارکیٹ میمن سوسائٹی کھوکھر کچن والی
گلی نمبر 3 میں پانچ منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی۔ عمارت کے گرنے کی اطلاع جنگل کی
آگ کی طرح پورے شہر میں پھیل گئی اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچنا شروع
ہوگئی۔ پولیس، رینجرز، فوج اور دیگر ریسکیو
اہلکاروں کے ساتھ ساتھ دعوت اسلامی ویلفیئر
کے ذمہ داران بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے
اور وہاں امدادی کاموں کا آغاز کردیا۔ امدادی کاموں کے دوران ملبے سے خاتون سمیت دو
افراد کی لاشیں ملی ہیں جبکہ پانچ سے زائد افراد زخمی ہوئے جنہیں ابتدائی طبی
امداد کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
حادثے کی خبر ملنے پر امیر اہل سنت علامہ محمد
الیاس عطار قادری دَامَتْ
بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور انتقال کر جانے والے اور زخمیوں کے لئے دعائیں
کیں۔
دعوت اسلامی ویلفیئر کے ذمہ دار اسلامی بھائی کا
کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ہم جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تھے اور امدادی
کاموں اور پانی تقسیم کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما جاوید ناگوری نے
دعوت اسلامی ویلفیئر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دعوت اسلامی ویلفیئر کے اسلامی
بھائی جس طرح کام کررہے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔
زمین بوس ہونیوالی عمارت کے ملبے کو ہیوی مشینری کے ذریعے اٹھایا جارہا
ہے۔ ابتدائی طور پر معلومات کے مطابق
عمارت 25 سے 30 سال پرانی ہے اور اس میں کم و بیش 45 فلیٹ موجود تھے۔