دین محمدی ایک کامل دین  ہے جو کہ مسلمانوں کے لئے تاقیامت ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اس کا کامل نمونہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات اقدس ہے دین اسلام دور حاضر میں وہ واحد دین ہے جو انسانیت کے لیے رہتی دنیا تک روز مرہ کے معمولات زندگی سے وابستہ احکامات اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہیں دین اسلام پانچ ارکان پر مشتمل ہے۔ جن میں نماز سرفہرست ہے نماز مسلمانوں کو اپنے رب کریم سے ملنے والا وہ نایاب تحفہ ہے جس کی قدر و قیمت اور اہمیت کا اندازہ صرف وہی شخص لگا سکتا ہے جس نے اس کا حقیقی مزہ چکھا ہو۔ ایمان اور عقائد کی درستی کے کے بعد تمام فرائض میں نہایت اہم و اعظم نماز ہے قرآن و حدیث اس کی اہمیت سے مالامال ہیں ایک روایت کے مطابق قیامت کے روز سب سے پہلے نماز کا حساب لیا جائے گا اس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ قرآن پاک کے متعدد مقامات پر نماز کے بارے میں آیات الہی جلوہ افروز ہیں جیسا کہ اللہ سبحانہ و تعالی نے قرآن کریم میں جابجا نماز کی تاکید فرمائی چنانچہ بچہ پارہ 16 سورہ طہٰ آیت 14 میں ارشاد ربانی ہوتا ہے: وَ اَقِمِ الصَّلٰوةَ ِذِكْرِیْ(۱۴)

ترجمہ کنزالایمان : اور میری یاد کے لیے نماز قائم رکھ۔

اسی طرح دوسری جگہ ارشاد فرمایا: اِنَّ الصَّلٰوةَ كَانَتْ عَلَى الْمُؤْمِنِیْنَ كِتٰبًا مَّوْقُوْتًا(۱۰۳) ترجمہ کنزالایمان :بے شک نماز مسلمانوں پر وقت بندھا ہوا فرض ہے۔(سورۃ النساء پارہ 5)

مندرجہ بالا آیات سے نماز کی فرضیت و اہمیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ نماز ایک عظیم الشان عبادت ہے جس کے ذریعے انسان قرب الہی سے اپنےدل کو منور کرتا ہےاسی طرح احادیث مبارکہ میں بھی نماز کی اہمیت روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا گیا اسلام میں اللہ تعالی کے نزدیک سب سے زیادہ محبوب کیا چیز ہے تو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا نماز کو اپنے وقت میں ادا کرنا جس نے نماز چھوڑی اس کا کوئی دین نہیں نماز دین کا ستون ہے۔

اسی طرح ایک اور روایت ملاحظہ ہو حضرت سیدنا ابو مالک اشعری رضی اللہ عنہٗ سے روایت ہے کہ اللہ پاک کے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا الصلاۃ نور یعنی نماز نور ہے

حضرت سیدنا امام ابو زکریا یحییٰ بن شرف نووی رحمۃ اللہ علیہ نماز کے نور ہونے کی وضاحت کرتے ہوئے لکھتے ہیں اس کا معنی یہ ہے کہ جس طرح نور کے ذریعے روشنی حاصل کی جاتی ہے اسی طرح نماز بھی گناہوں سے باز رکھتی ہے اور بےحیائی اور بری بات سے دور رکھتی ہے اور بے حیائی کے کاموں سے روکتی ہے صحابہ کرام علیہم رضوان اور دیگر بزرگان دین اور اولیاء کرام کی حیات مبارکہ کا مطالعہ کرنے سے نماز کی اہمیت کا پتہ چل جاتا ہے کہ

جنت میں نرم نرم بچھونوں کے تخت پر

آرام سے بٹھائے گی اے بھائیو نماز

اللہ تعالی ہم سب کو پنجگانہ نماز کی ادائیگی کرنے کی توفیق دے۔ آمین