شہر کراچی میں گرمی کی لہر جاری ہے محکمہ موسمیات نے کراچی میں پانچ مئی سے آٹھ مئی کے دوران ہیٹ ویو کی پیشین گوئی کی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق روزہ داروں کو اس موقع پر زیادہ احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔  گرمی کی شدید لہر اور روزے کے دوران دوپہر کے وقت گھر سے غیر ضروری باہر نہ نکلیں اگر نکلنا پڑے بھی تو سر ڈھانپ کر اور ہلکے کپڑوں کا استعمال کریں۔ ڈاکٹر فواد فاروق کا کہنا ہے کہ روزے کی حالت میں کوشش کریں کہ دھوپ میں زیادہ نہ نکلیں اور جو افراد باہر دھوپ میں کام کرتے ہیں تو وہ وقتاً فوقتاً چھائوں میں رہنے کی کوشش کریں کیونکہ جسم سے پسینہ خارج ہوا تو آپ کے جسم میں پانی کی کمی واقع ہونا شروع ہوجائے گی۔

ڈاکٹر فواد فاروق کا مزید کہنا تھا کہ گھر میں موجود خواتین جو باورچی خانے میں کھانا بنانے کی تیاری کررہی ہوتی ہیں وہ ایسی جگہ پر زیادہ نہ رہیں جہاں گرمی زیادہ ہو تو تھوڑی تھوڑی دیر کیلئے ٹھنڈی جگہ پر رہیں اور کوشش کریں کہ باورچی خانے میں یا گرم جگہ پر زیادہ نہیں رہیں۔

اگر کوئی گرمی کا شکار ہو جائے تو متاثرہ شخص کو فوری طور پر گرمی سے اے سی والے کمرے ، چھاؤں میں یا پنکھے والی جگہ پر لے جائیں۔اگر اس کے کپڑے چست ہیں تو انھیں ڈھیلا کر دیا جائے اور برف کو پلاسٹک کے لفافوں یا کپڑے میں ڈال کر جسم میں رکھا جائے اور اس کے جسم کے درجۂ حرارت کو کم کیا جائے اور اگر وہ ہوش میں نہیں تو اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جائے۔