کراچی میں آج صبح سے سمندری ہواؤں اور بادلوں کی آنکھ
مچولی نے شہر کا موسم انتہائی دلفریب بنائے رکھا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں
مون سون کے دوسرے اسپیل نے بھی دستک دے دی ہے اور جمعہ سے پیر تک بادل جم کر برسنے
کا امکان ہے جس کے نتیجے میں 80 ملی میٹر
سے بھی زائد بارش ریکارڈ کی جاسکتی ہے۔
سرمئی بادل اور تیز ہواؤں سے شہر کراچی کا موسم انتہائی
سہانا ہوگیا۔ شہریوں نے ابر رحمت برسنے اور موسم کی تبدیلی پر اللہ پاک کا شکر ادا کیا۔ محکمہ موسمیات نے بھی کراچی
میں مون سون کے دوسرے اسپیل کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا درجہ حرارت کم سے کم
27 اور زیادہ سے زیادہ 32 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا
کہنا تھا کہ 9 سے 12 اگست تک تیز بارشوں کا امکان ہے ۔ خلیج بنگال میں ہوا کے کم
دباؤ سے بننے والا سسٹم گزشتہ سسٹم سے زیادہ طاقتور ہوسکتا ہے ۔
شہری انتظامیہ نے برسات سے نمٹنے کےلئے محکموں میں رین ایمرجنسی
نافذ کردی ہےجبکہ کے الیکٹرک نے برسات کے موسم میں شہریوں کو بجلی کے کھمبوں، ٹوٹے
تاروں اور دیگر برقی آلات سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ لہٰذا شہریوں کو چاہئے کہ
بارش کا سلسلہ جاری ہو تو اس دوران صرف انتہائی ضرورت کے تحت گھر سے باہر نکلیں۔ ایسے
تمام ممکنہ حادثات سے بچنے کیلئے بہترین پناہ گاہ گھر کے سوا کچھ نہیں ہے۔