کراچی میں بارش
کا تباہ کن اسپیل ، کرنٹ لگنے سے 4 انسانی جانیں لقمۂ اجل بن گئیں
(کراچی رپورٹ) شہرِ کراچی کو موسلا دار
بارش نے جل تھل کر دیا، مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے سے 4 افراد زندگی سے ہاتھ دھو
بیٹھے،کئی مقامات پر بجلی غائب ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق27 ستمبر 2019ء جمعۃ المبارک کی دوپہر
کراچی میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، لوگوں کو
آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے، سڑکیں تالاب بن گئیں، سرجانی ٹاؤن، ملیر، گلشن
حدید، گلشن اقبال، اورنگی ٹاون، کورنگی، ملیر، اسٹیڈیم روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ہر طرف پانی ہی پانی ہو
گیا ۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں بارش سے مختلف علاقوں میں کرنٹ
لگنے سے 4 افراد جاں بحق ہوئے۔ سائٹ ایریا میں 2 جبکہ لیاری اور کلفٹن میں ایک، ایک
شخص جاں بحق ہوا۔ عاشقانِ رسول سے درخواست کی جاتی ہے کہ ان قیمتی جانوں کے ضیاع پر مرحومین کے لئے دعائے مغفرت کیجئے۔ اللہ پاک مرحومین کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو
صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
دوسری جانب زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں آفٹر شاکس کا
سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق آفٹرشاکس کے بعد لوگ کلمہ طیبہ کا ورد
کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے جبکہ نماز جمعہ کے موقع پر مساجد میں اللہ کے حضور استغفار کا ورد کیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ
روز وزیراعظم کشمیر راجہ فاروق حیدر نے قوم سے اپیل کی تھی کہ جمعہ کو یوم استغفار
منایا جائے، علمائے کرام نماز جمعے کے بعد خصوصی طور پر دعائیں کروائیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق زلزلے کے باعث میر
پور کشمیر میں مختلف حادثات کے دوران 49 افراد جاں بحق جبکہ چھ سو چودہ زخمی ہوئے،
جبکہ پنجاب میں ایک شخص جاں بحق اور سات زخمی ہوئے۔این، ڈی، اے کے مطابق زلزلے کے باعث مجموعی طور پر 450 گھروں
کو نقصان پہنچااور کوٹلی کے کئی علاقوں میں بجلی کا نظام جزوی طور پر تباہ ہواہے۔
واضح رہے کہ امیر اہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے بھی زلزلہ زدگان کے لئے خصوصی دعا فرمائی تھی اور
دعوتِ اسلامی کوان کی جانی و مالی امداد کی خصوصی ہدایات جاری فرمائی تھیں۔ امیر
اہلِ سنت کی ہدایات پر دعوتِ اسلامی کی جانب سے زلزلہ زدہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں کا سلسلہ
شروع ہوچکا ہے۔ تمام عاشقانِ رسول دعوتِ
اسلامی کا بھرپور ساتھ دیں اور مصیبت کی
اس گھڑی میں اپنے بھائیوں کی امداد کریں۔
امیر اہلِ سنت کا زلزلہ زدگان کے نام پیغام جاننے کے لئے نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کیجئے۔
https://news.dawateislami.net/zalzala-amer-e-ale-sunnat-izhar-e-afsos