(1) نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: سچ بولنا نیکی ہے اور نیکی جنت میں لے جاتی ہے اور جھوٹ بولنا فسق و فجور ہے اور فسق وفجور (گناہ) دوزخ میں لے جاتا ہے۔ (صحیح مسلم )

(2) رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جھوٹ گناہ کی طرف لے جاتا ہے اور گناہ جہنم کی طرف لے جاتا ہے اور بے شک بندہ جھوٹ بولتا رہتا ہے ، یہاں تک کہ اللہ پاک کے نزدیک کذاب یعنی بہت بڑا جھوٹا ہو جاتا ہے۔ ( بخاری شریف )

(3) بارگاہ رسالت میں ایک شخص نے حاضر ہو کر عرض کی یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جہنم میں لے جانے والا عمل کونسا ہے ؟ فرمایا: جھوٹ بولنا، جب بندہ جھوٹ بولتا ہے تو گناہ کر تا ہے اور جب گناہ کر تا ہے تو ناشکری کر تا ہے اور جب ناشکری کر تا ہے تو جہنم میں داخل ہو جاتا ہے۔ (مسند امام احمد )

(4) حضرت معاویہ بن حیدہ قشیری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ سے سنا، آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم فرماتے تھے: ہلاکت ہے اس کے لئے جو اس غرض سے جھوٹ بولے کہ اس سے لوگ ہنسیں ہلاکت ہے اس کے لئے! ہلاکت ہے اس کے لئے۔(سنن ابوداؤد )

(5 ) حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جب کوئی جھوٹ بولتا ہے تو جھوٹ کی بدبو کی وجہ رحمت کا فرشتہ ایک میل دور چلا جا تا ہے۔(سنن الترمذی )

گناہ چاہے چھوٹا ہو یا بڑا اس سے بچنے میں ہی عافیت ہے ، بالخصوص جھوٹ سے کہ ایک جھوٹ کئی گناہوں کا سبب بنتا ہے اور ایک جھوٹ کو چھپانے کیلئے لوگوں کو کئی جھوٹ مزید بولنے پڑتے ہیں۔ مگر بد قسمتی سے آج لوگوں کی ایک تعداد جھوٹ کی آفت میں گرفتار ہے ، کئی مواقع ایسے ہیں جہاں سچ بولنے میں کوئی خرابی نہیں ہوتی پھر بھی لوگ جھوٹ کا سہارا لیتے ہیں ، مثلاً جہاں چند افراد کی بیٹھک ہو تو وہاں ایک دوسرے کو ہنسانے اور محفل کو گرمانے کیلئے جھوٹ بولا جا تا ہے۔جھوٹ کی مذمت پر 2 فرامین مصطفی صلی اللہ علیہ و الہ وسلم

(1) ارشاد فرمایا: بندہ بات کر تا ہے اور محض اس لیے کر تا ہے کہ لو گوں کو ہنسائے، اس کی وجہ سے جہنم کی اتنی گہرائی میں گر تا ہے جو آسمان و زمین کے درمیان کے فاصلہ سے زیادہ ہے اور زبان کی وجہ سے جتنی غلطی ہوتی ہے ، وہ اس سے کہیں زیادہ ہے جتنی قدم سے غلطی ہوتی ہے۔

(2) ارشاد فرمایا: خرابی ہے اس کے لیے جو بات کرے تو جھوٹ بولے تا کہ اس سے قوم کو ہنسائے ، اس کے لیے خرابی ہے ، اس کے لیے خرابی ہے ۔ (ترمذی)

یا اللہ پاک ہمیں جھوٹ جیسے گناہ کبیرہ سے بچنے کی توفیق عطا فرما۔ اٰمین بجاہ سید المرسلین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم