محمد فرحان رضا(درجۂ دورۂ حدیث شریف جامعۃُ المدینہ
فیضانِ اولیاء احمد آباد ہند)
تمام تعریفیں اللہ پاک کے لئے جس نے ہمیں اشرف المخلوقات
بنانے کے ساتھ ساتھ ایک بہت پیاری نعمت زبان سے بھی نوازا، زبان اللہ پاک کی عظیم
نعمت ہے، اس کا درست استعمال دخولِ جنت کا سبب اور اس کا غلط استعمال جہنم میں
جانے کا سبب بن سکتا ہے، زبان کے غلط استعمال میں جھوٹ بولنا بھی ہے۔
جھوٹ کی تعریف :کسی کے بارے میں خلافِ حقیقت خبر دینا جھوٹ ہے۔ (76 کبیرہ
گناہ، ص 99)
(1)مسلم شریف میں حضرت عبداللہ سے روایت فرماتے ہیں کہ رسول
اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: بے شک جھوٹ فسق و فجور کی طرف لے
جاتا ہے اور بے شک فسق و فجور جہنم تک لے جاتا ہے اور ایک شخص جھوٹ بولتا رہتا ہے
حتی کہ وہ اللہ کے نزدیک کذاب لکھ دیا جاتا ہے۔ ( مسلم ،کتاب البر والصلہ و الادب
باب قبح الکذب، 2/325)
(2) رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جس نے
وہ خواب بیان کیا جو دیکھا نہیں تھا تو اسے بروزِقیامت اس بات کی تکلیف دی جائے گی
کہ وہ جوَ کے دو دانوں کے درمیان گرہ لگائے اور وہ ہر گز ایسا نہیں کر سکے
گا۔(بخاری شریف،کتاب التعبیر، باب، من کذب فی حلمہ، 2/ 1969،حدیث : 7042)
(3) حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول پاک
صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: منافق کی تین نشانیاں ہیں (1) جب
بات کرے تو جھوٹ بولے (2)جب وعدہ کرے تو پورا نہ کرے(3) جب اس کے پاس امانت رکھی
جائے تو خیانت کرے۔( بخاری شریف کتاب الایمان، باب علامات المنافق، 1/10)
(4) رسول الله صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے پوچھا گیا کیا
مومن بزدل ہوتا ہے ؟ فرمایا ہاں۔ پھر عرض کی گئی کیا مومن بخیل ہوتا ہے؟ فرمایا
ہاں۔ پھر کہا گیا کیا مومن کذاب ہوتا ہے؟ فرمایا نہیں ۔ ( مشکاۃ شریف ، باب حفظ
اللسان والغیبۃ والشتم،ص414 )
(5) امام ترمذی نے ابن عمر سے روایت کی کہ رسول اللہ صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا :جب بندہ جھوٹ بولتا ہے اس کی بدبو سے فرشتہ ایک
میل دور ہو جاتا ہے۔(ترمذی ، کتاب البر والصلۃ، باب الصدق والکذب، 2/18)
پیارے پیارے اسلامی بھائیو ! دیکھا آپ نے؟ جھوٹ بولنے کی کیسی
نحوست ہے، کہ جھوٹے شخص پر اللہ کی لعنت ہے، جھوٹا شخص جہنم کے قریب ہو جاتا ہے
اور اس سے فرشتہ ایک میل دور ہو جاتا ہے ، ہمیں چاہیے کہ ہم جھوٹ سے دور رہیں اور
سچ بولنے کی عادت ڈالیں۔
اللہ پاک ہمیں سچ کو اختیار کرنے اور جھوٹ سے بچنے کی توفیق
عطا فرمائے۔ اٰمین بجاہ النبی الامین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم