جھوٹ گندی اور بہت بری عادت ہے۔جھوٹے آدمی کو اپنے جھوٹ کی وجہ سے لوگوں میں رسوا ہونا پڑتا ہے۔ جھوٹ بولنا گناہ کبیرہ ہے اور جھوٹے انسان پر اللہ پاک کی لعنت ہوتی اور وہ رب کی رحمت سے محروم رہتا ہے۔ ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ اس لعنتی عادت سے زندگی بھر خود کو محفوظ رکھے۔

جھوٹ کی تعریف:خلافِ واقعہ بات کرنے کو جھوٹ کہتے ہیں۔(حدیقہ ندیہ،2/200)

سب سے پہلے جھوٹ کس نے بولا ؟دنیا میں سب سے پہلا جھوٹ شیطان نے بولا۔

دلیل : ترجمہ کنز الایمان:اور ہم نے فرمایا: اے آدم! تم اور تمہاری بیوی جنت میں رہو اور بغیر روک ٹوک کے جہاں تمہارا جی چاہے کھاؤ،البتہ اس درخت کے نزدیک نہ جانا ور نہ حد سے بڑھنے والوں میں شامل ہو جاؤ گے۔ تو شیطان نے ان دونوں کولغزش دی پس انہیں وہاں سے نکلوادیا جہاں وہ رہتے تھے۔(پ1،البقرۃ: 36-35)

حدیثِ مبارک: جب بندہ جھوٹ بولتا ہے تو فرشتہ اس کی بدبو سے ایک میل دور ہو جاتا ہے۔(سنن الترمذی،کتاب البر والصلۃ،3/392)

حدیثِ مبارک: اس شخص کے لیے خرابی ہے جو کر بات کرتے ہوئے لوگوں کو ہنسانے کے لیے جھوٹ بولتا ہے اس کے لیے خرابی ہے۔اس کے لیے خرابی ہے۔(مشکوۃ المصابیح،کتاب الادب،3/41،حدیث:4835)

حدیث مبارک: جس نے روزہ رکھ کر جھوٹ بولنا اور جھوٹ پر عمل کرنا نہ چھوڑا تو الله پاک کو کوئی حاجت نہیں کہ یہ شخص اپنا کھانا پینا چھوڑے۔(صحیح بخاری،حدیث: 1903)

حدیث مبارک: جھوٹ سے منہ کالا ہوتا ہے اور چغلی سے قبر کا عذاب ہے۔ (بہار شریعت،3/517،حصہ: 14 تا 16)

حدیث مبارک: بڑی خیانت کی یہ بات ہے کہ تو اپنے بھائی سے کوئی بات کہے اور وہ تجھے اس بات میں سچا جان رہا ہے اور تو اس سے جھوٹ بول رہا ہے۔(بہار شریعت،3/515،حصہ: 14 تا 16)

جھوٹ کی چند مثالیں:مثلا مدنی منے یامنی کو بہلا نے کے لیے جھوٹ بولا کہ سو جاؤ بلی آجائے گی وغیرہ۔ یا اپنی ادنیٰ چیز کو بیچنے کے لیے کہے کہ بہت اچھی ہے یا سو فیصد اچھی ہے اور گاہک جب کوئی چیز خریدے کسی دکان دار سے تو کہےکہ میں نے فلاں سے اتنے میں خریدی ہے فلاں دکان سے حالانکہ حقیقت میں ایسا نہ ہو۔ اس طرح لوگ رشتہ کرتے وقت بھی لڑکی والے لڑکی کی اور لڑکے والے لڑکے کی بڑھا چڑھا کر تعریفیں کرتے ہیں جو ان میں نہیں ہوتیں،تو اس وجہ سے شادی کے بعد امن نہیں رہتا۔کسی کو اپنی طرف مائل کرنے کیلئے بھی خود کے بارے میں جھوٹی تعریفیں کرنا وغیرہ وغیرہ۔

الله پاک سے دعا ہے کہ ہمیں جھوٹ جیسی لعنتی عادت سے بچائے۔ہمیں سچے سچے،پیارے پیارے آقا،مکی مدنی مصطفیٰ،سردار انبیا ﷺ کے صدقے ہمیشہ سچ سچ اور سچ ہی بولنے کی توفیق عطا فرمائےاور ہمیں اپنا فرماں بردار بنائے۔ آمین بجاہ النبی الامین ﷺ