جھوٹ ایک باطنی بیماری ہے جھوٹ سب برائیوں کی جڑ  ہے جھوٹ بولنے سے فرشتہ ایک میل دور چلا جاتا ہے جھوٹا شخص اللہ پاک کا نا پسندیدہ بن جاتا ہے جھوٹا ذلیل و خوار ہوتا ہے۔

جھوٹ کی تعریف :جھوٹ کے معنی ٰ ہیں سچ کا الٹ خلافِ واقعہ بات بیان کرنے کو جھوٹ کہتے ہیں۔

پہلا جھوٹ کس نے بولا :پہلا جھوٹ شیطان لعین نے بولا تھا۔

احادیثِ مبارکہ:

1۔ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ پاک عنہ فرماتے ہیں کہ حضور اکرم ﷺ کا فرمان عالیشان ہے :تم پر سچ بولنا لازم ہے کیونکہ سچ نیکی کی طرف رہنمائی کرتا ہے اور نیکی جنت کا راستہ دکھاتی ہے آدمی ہمیشہ سچ بولتا رہتا ہے اور سچ کی جستجو میں رہتا ہے یہاں تک کہ اللہ پاک کے نزدیک صدیق لکھ دیا جاتا ہے اور جھوٹ سے بچو ! کیونکہ جھوٹ گناہوں کی طرف لے جاتا ہے اور گناہ جہنم میں پہنچا دیتے ہیں آ دمی ہمیشہ جھوٹ بولتا رہتا ہے اور اس کی جستجو میں رہتا ہے یہاں تک کہ اللہ پاک کے نزدیک کذاب لکھ دیا ہے۔

2۔ خاتم المرسلین،رحمۃ للعلمین ﷺ کا فرمانِ عظمت نشان ہے: بندہ اس وقت تک کامل مومن نہیں ہو سکتا جب تک کہ مذاق میں بھی جھوٹ بولنا اور جھگڑا کرنا نہ چھوڑ دے اگرچہ سچا ہو۔ (جہنم میں لے جانے والے اعمال،ص 717 )

3۔ حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ پاک عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :جب بندہ جھوٹ بولتا ہے تو جھوٹ کی بدبو کی وجہ سے ( رحمت کا ) فرشتہ ایک میل دور چلا جاتا ہے۔ ( سنن الترمذی،حدیث: 1972 )

4۔ فرمانِ مصطفیٰ ٰ ﷺ :جھوٹ میں کوئی بھلائی نہیں۔ ( موطا امام مالک،2/467،حدیث:1909 )

5۔ فرمانِ مصطفیٰ ﷺ :خبردار ! جھوٹ چہرے کو سیاہ کر دیتا ہے اور چغل خوری عذاب قبر کا باعث ہے۔ ( مسند ابی یعلی ٰ،6/272،حدیث:7404 )

خطاؤں کو میری مٹا یا الہٰی مجھے نیک خصلت بنا یا الٰہی

جھوٹ کی چند مثالیں: بچوں سے جھوٹ،خریدو فروخت میں جھوٹ،مال میں جھوٹ،تجارت میں جھوٹ،پڑھائی میں جھوٹ،استاد سے جھوٹ وغیرہ۔

ہائے نافرمانیاں بد کاریاں بے باکیاں آہ ! نامے میں گناہوں کی بڑی بھر مار ہے

زندگی کی شام ڈھلتی جا رہی ہے ہائے نفس گرم روزوشب گناہوں کا ہی بس بازار ہے

جھوٹ کے معاشرتی نقصانات:1۔جھوٹ بولنے سے عزت و وقار چلا جاتا ہے۔2۔جھوٹا شخص دنیا و آ خرت میں رسوا ہوتا ہے۔3۔جھوٹ ایک ایسا رشتہ ہے جس سے دوسرے رشتے ٹو ٹ جاتے ہیں۔4۔ جھوٹ ایک ایسا زہر ہے جو انسان کو اندر ہی اندر ختم کر دیتا ہے۔6۔ جھوٹا شخص اللہ پاک کا ناپسندیدہ بندہ ہے۔7۔جھوٹ بولنے سے آخرت تباہ ہو جاتی ہے۔8۔ جھوٹ ایک ایسا ہتھیار ہے جو انسان کی جڑیں کاٹ دیتا ہے۔9۔جھوٹ بولنے والا کبھی آسودہ ذہن نہیں ہو سکتا۔10۔ جھوٹے شخص پر اللہ پاک کی لعنت ہے۔11۔ جھوٹے انسان پر سے لوگوں کا اعتماد اٹھ جاتا ہے۔ اللہ پاک ہمیں جھوٹ جیسی باطنی بیماریوں سے محفوظ رکھے۔ آمین ثم آمین

نیکیوں میں دل لگے ہر دم بنا عامل سنت اے نانائے حسین!

جھوٹ سے بغض و حسد سے ہم بچیں کیجئے رحمت اے نانائے حسین!