الله پاک ارشاد فرماتا ہے۔ ترجمہ کنزالایمان جھوٹ بہتان وہی باندھتے ہیں جو الله کی آیتوں پر ایمان نہیں رکھتے اور وہی جھوٹے ہیں (النحل : 105)  آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ جھوٹ بولنا اور بہتان باندھنا بے ایمانوں کا ہی کام ہے۔ (خازن،النحل،تحت الآیۃ : 105،3/ 144،ملخصا)

جھوٹ کیا ہے ؟ بات کا حقیقت کے خلاف ہونا جھوٹ ہے۔ یہ ایک ایسی برائی ہے کہ ہر مذہب والے اس کی برائی بیان کرتے ہیں۔ ہر دین نے اس کو حرام قرار دیا ہے۔ اسلام میں خاص طور پر جھوٹ سے بچنے کی تاکید کی گئی ہے۔ قرآنِ پاک میں جھوٹ کی مذمت بیان کی گئی ہے جھوٹ بولنے والوں پر الله پاک کی لعنت آئی۔ حضور اکرم ﷺنے بھی جھوٹ کو سخت نا پسند فرمایا۔

جھوٹ کا حکم : اوپر بیان کی گئی آیت سے معلوم ہوا کہ جھوٹ کبیرہ گناہوں میں بد ترین گناہ ہے۔ (تفسیر صراط الجنان) گویا جھوٹ بولنا مسلمانوں کا طریقہ نہیں،جھوٹ تو منافقوں کا طریقہ ہے۔ افسوس! ہمارے معاشرے میں ایسے غافل بھی ہیں جو یہ کہتے ہیں کہ اب تو سچ کا زمانہ ہی نہیں ہےجھوٹ کے بغیر کام ہی نہیں چلتا۔

جھوٹ کے متعلق احادیث :

ابو داود نے سفیان بن اسید حضرمی رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ حضور ﷺ نےفرمایا : بڑی خیانت کی بات ہے کہ تو اپنے بھائی سے کوئی بات کہے اور وہ تجھے اس بات میں سچا جان رہا ہے اور تو اس سے جھوٹ بول رہا ہے۔(سنن ابی داود،4/281،حدیث: 297)

امام احمد و ترمذی وابوداود اور دارمی نے بروایت بہزبن حکیم روایت کی کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا : ہلاکت ہے اس کے لیے جو بات کرتا ہے اور لوگوں کو ہنسانے کے لیے جھوٹ بولتا ہے۔ اس کے لیے ہلاکت ہے،اس کے لیے ہلاکت ہے۔(سنن ترمذی،4/142،حدیث : 2322 )

امام مالک و بیہقی نے صفوان بن سلیم سے روایت کی،کہ رسول الله ﷺ سے پوچھا گیا،کیا مومن بزدل ہوتا ہے؟ فرمایا : ہاں پھر عرض کی گئی،کیا مومن بخیل ہوتا ہے؟ فرمایا: ہاں۔ پھر کہا گیا : کیا مومن کذاب (جھوٹا) ہوتا ہے؟ فرمایا: نہیں۔( موطا،2/468،حدیث : 1913)

ترمذی نے ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی،رسول اکرم ﷺ نے فرمایا: جب بندہ جھوٹ بولتا ہے،اس کی بدبو سے فرشتہ ایک میل دور ہو جاتا ہے۔(المرجع السابق)

امام احمد نے ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ حضرت محمد ﷺ نے فرمایا : بندہ پورا مومن نہیں ہوتا جب تک مذاق میں بھی جھوٹ کو نہ چھوڑ دے اور جھگڑا کرنا نہ چھوڑ دے،اگرچہ سچا ہو۔

بیان کی گئی احادیث سے پتہ چلتا ہے کہ جھوٹ کا وبال کتنا بڑا ہے۔ بظاہر فائدہ دینے والی بات کیلئے ہم جھوٹ بول دیتے ہیں ہم دھوکہ کھا لیتے ہیں کہ جھوٹ سے فائدہ ملے گا حالانکہ جھوٹ نری (بالکل) ہلاکت ہے۔ اور آج ہمارا معاشرہ اس وبا سے دو چا رہے۔ الله پاک ہمیں جھوٹ بولنے سے بچانے اور اپنا پسندیدہ بندہ بنا ئے۔ آمین