معروف عالم دین ،چیئر مین پنجاب قراٰن بورڈ، چیئر مین شعبہ امتحانات تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان ،رکن اسلامی نظریاتی کونسل اور مہتمم شمس العلوم جامعہ رضویہ کر اچی مولانا ابو الظفر غلام محمد سیالوی صاحب کورونا وبا کے سبب29 مئی2020 ء کو 72 سال کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ میں ان کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی ۔ نماز جنازہ مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئر مین مفتی منیب الرحمن صاحب کی امامت میں کراچی میں ادا کی گئی۔

مرحوم 43 سال سے شمس العلوم جامعہ رضویہ نارتھ ناظم آباد سے وابستہ تھے۔ غلام محمد سیالوی صاحب کو شمس العلوم جامعہ رضویہ میں ہی سپرد خاک کر دیا گیا جہاں محکمہ صحت کراچی کے علاوہ مقامی انتظامیہ کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

مولانا ابو المظفرغلام محمد سیالوی عیدالفطر سے چند روز قبل کراچی روانہ ہوئے ۔طبیعت خراب ہونے پر ٹیسٹ کرائے گئے تو کورونا مثبت نکل آیا۔ ابتدائی طور پر ان کے ادارہ میں ہی رکھتے ہوئے علاج معالجہ کی کوشش کی گئی۔ طبعیت زیادہ خراب ہونے پر انہیں ہسپتال شفٹ کر دیا گیا۔جہاں جمعۃ المبارک کی صبح خالق حقیقی سے جا ملے۔

مولانا غلام محمد سیالوی صاحب کو پہلی بار21نومبر2011 کو ایک سال کیلئے چیئر مین تعینات کیا گیا ، 2011سے تاحال بطور چیئر مین پنجاب قرٰن بورڈ انہیں ہر سال عہدے پر توسیع دی جاتی رہی ۔ رکنِ شوریٰ حاجی ابوماجد محمد شاہد عطاری مدنی اور مجلس دعوتِ اسلامی کے شب وروز کے اراکین مولانا غلام محمد سیالوی صاحب کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ پاک آپ کے درجات کو بلندیاں عطا فرمائے اور آپ کی دینی خدمات کو آپ کی نجات کا ذریعہ بنائے۔ آمین