فیصل آباد  میں واقع مدنی مرکز فیضان مدینہ میں دعوت اسلامی کے شعبہ المدینۃ العلمیہ کی ذیلی شاخ میں صحابیات و صالحات کی سیرت مبارکہ اور دیگر اسلامی کتب پر کام کیا جاتا ہے۔ نگران پاکستان انتظامی کابینہ حاجی محمد شاہدعطاری کی زیر پرستی یہاں کے اسلامی بھائی اپنے فرائض منصبی کو اچھی طرح نبھاتے ہوئے کتب و رسائل کو آخری مراحل تک پہنچاتے ہیں۔ جو بعد میں مکتبۃ المدینہ سے عاشقان رسول کو دستیاب ہوتی ہیں۔ اس ذیلی شاخ میں صحابیات و صالحات کی سیرت کے حوالے سے کئی کتب شائع کی جاچکی ہیں جبکہ کچھ کتب پرنٹنگ پریس پر موجود ہیں جو عنقریب عاشقان رسول کو پڑھنے کیلئے مکتبۃ المدینہ پر دستیاب ہونگی۔

ناظم المدینہ العلمیہ فیصل آباد ابرار اختر القادری کا کہنا تھا کہ سیرت نگاری کے حوالے سے فیضان صحابیات کے سلسلوں میں دو طرح کا کام ہوتا ہے، فیضان عائشہ، شان خاتون جنت، فیضان امہات المومنین رضوان اللہ علیہم اَجْمعین اور ازواج انبیاء کرام علیہم السلام کی حکایات ان میں سے تین کتب شائع ہوچکی ہیں جبکہ ایک کتاب آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّمکے شہزادے اور شہزادیاں بھی شائع ہونے کیلئے پریس پر بھیجی جارہی ہے۔

ناظم المدینہ العلمیہ کا مزید کہنا تھا کہ المدینۃ العلمیہ کی ذیلی شاخ میں دعوت اسلامی کے تنظیمی کاموں کو بھی فوقیت دی جاتی ہے جن میں بارہ مدنی کام، اسلامی بہنوں کے آٹھ مدنی کام، تنظیمی تربیت کے رسائل، ماہانہ مدنی مشوروں کے بیانات، دعوت اسلامی کے شعبہ جات کا تعارف اور ان کے کام کرنے کا طریقہ کار، مدنی مرکز کی آبادکاری اور تاجروں کیلئے کام کی باتیں سمیت دیگر رسائل بھی شامل ہیں جبکہ ہفتہ وار اجتماع اور مدنی جدول کا بھی یہاں کام کیا جاتا ہے۔