انسانی جسم کا ہر عضو اپنی جگہ بہت ہی اہمیت اور قدر وقیمت کا حامل ہے، اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں میں سے ایک نہایت ہی اہم نعمت آنکھ بھی ہے۔ انسانی اعضاء میں آنکھ بظاہر جسم کا بہت ہی چھوٹا عضو ہے مگر اپنی اہمیت وافادیت کے اعتبار سے نہایت ہی عظیم، اہم اور حساس ہے۔ لیکن آج کے سائنسی دور میں جہاں مختلف اقسام کی ٹیکنالوجی دنیا بھر میں متعارف کرائی گئی ہیں وہیں موبائل اور ٹیبلیٹ جہاں ضرورت ہے تو وہیں زحمت بھی بنی ہوئی ہے، ترقی یافتہ دور میں بڑے ہوں یا بچے موبائل فون کے نقصانات سے واقف ہونے کے باوجود گھنٹوں اس کو استعمال کرتے نظر آتے ہیں، موبائل فون اور ٹیبلیٹ بڑوں کی صحت کو تو نقصان پہنچاتا ہی ہے لیکن بچوں کی صحت پر بھی منفی اثر ڈالتا ہے، جس کے باعث ان کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے ساتھ ساتھ آنکھیں بھی متاثر ہوتی ہیں، جو بچے بہت زیادہ موبائل فون استعمال کرتے ہیں، یا فون کو اپنی آنکھوں کے بہت قریب رکھتے ہیں، ان کی آنکھوں میں بھینگا پن آنے کے امکانات بہت زیادہ بڑھ جاتے ہیں۔ ماہر امراض چشم کا کہنا تھا کہ موبائل فون اور ٹیبلیٹ کے استعمال سے بچوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے ساتھ ساتھ ان کی آنکھوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ لہٰذا والدین کو چاہئے کہ اپنے بچوں کو کم سے کم ان چیزوں کا استعمال کرنے دیں۔

آنکھ قدرت کا بہت بڑا انعام اور عظیم عطیہ ہے۔اس سے انسان کی ساری دنیا روشن رہتی ہے۔آنکھوں کی بینائی ختم ہوجانے اور آنکھوں سے محروم ہوجانے کی صورت میں انسان کی دنیا اندھیر ہوجاتی ہے، لہٰذا ہمیں چاہئے کہ ہم خود بھی موبائل کا کم سے کم استعمال کریں اور اپنے بچوں کو بھی اس کا استعمال کم سے کم کرائیں تاکہ آگے چل کر آپ کو اور آپ کے بچے کو کسی قسم کی تکالیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔