گردے ہمارے جسم کے فاضل مواد کوصاف کرنے کا کام کرتے ہیں اگر آپ کو بلند فشار خون، ذیابیطس، یا شریانوں میں کھنچاؤ کا مرض ہے توممکنہ طور پر آپ کو گردے کی بیماریاں ہونے کا خطرہ بھی لاحق ہو سکتاہے اسی لئے گردوں کی صحت کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ گردے ہمارے جسم میں خون کو صاف کرنے ،زہریلے مادوں کے اخراج ،ضرورت سے زائد پانی سے چھٹکارے، بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے ،خون کے سرخ ذرات کی پیدا وار اور ہڈیوں کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ تحقیق کے مطابق دنیا میں ہر دس میں سے ایک فرد کسی حد تک گردے کے امراض میں مبتلا ہے اور اگر اس خرابی کا بروقت تدارک نہ کیا جائے تو گردوں کے فیل ہونے کا امکان ہوتاہے ، گردے کے امراض میں اضافہ ہونے کے اسباب میں گردے کی پتھری ،پانی کا کم استعمال ،آلود ہ پانی کا استعمال ،ورزش کا فقدان،خون میں کیلشیم کی کمی ،کیمیائی ادویہ کا بلاوجہ استعمال اور خون میں یورک ایسڈ کی زیادتی شامل ہیں۔گردوں کے امراض سے بچنے کے لیے صاف پانی کا زیادہ استعمال اور غذا ئی احتیاط ضروری ہے ۔

ماہرین کا مزید کہنا ہے گردوں کی حفاظت کے لئے سبزیوں کا استعمال زیادہ کرناچاہیئے ، ماہرین کے مطابق ہرے پتوں والی سبزیاں وٹامِن سی سے بھرپور ہوتی ہیں ،یہ وٹامن ہمارے بَلڈ شوگر کو کنٹرول کرتے ہیں، جس سے گردوں پر دباؤکم ہو جاتاہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہَرے پتوں والی سبزیاں کثرت سے استعمال کرنی چاہئے روزانہ پتوں والی سبزیاں پکا کر یا سلاد کے طور پر کھائیں جائیں تو گردوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔