دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کے سلسلے میں مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری کی بنگلہ دیش کے شہر سیّد پور تشریف آوری ہوئی جہاں ذمہ داران سمیت کثیر اسلامی بھائیوں نے پُر جوش انداز میں خوش آمدید کہا۔

معلومات کے مطابق اس دوران سیّد پور کے ایک ہال میں سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، تاجران اور پروفیشنلز حضرات نے شرکت کی۔

ابتداءً تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ و سلم پڑھی گئی جبکہ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری نے ”رزقِ حلال“ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیااور شرکا کو رزقِ حرام سے بچنے کی ترغیب دلائی نیز رزقِ حرام کے سبب انسان پر آنے والی مصیبتوں کے بارے میں بتایا۔

نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری نے دورانِ بیان فرمایا کہ اللہ عزوجل نے جتنا رزق ہمارے نصیب میں لکھا ہےاتنا ہی ملے گا، ہمیں چاہیئے کہ ہم اس پر اللہ پاک کا شکر ادا کریں۔

اس کے علاوہ نگرانِ شوریٰ نےاپنے بیان میں شرکا کو اپنے بچوں اور گھر والوں کو نمازوں کی پابندی کرنے/ کروانے، نیک اعمال کرنے اور پیارے آقا صلی اللہ علیہ و سلم کی سنتوں پر عمل کرنے کا ذہن دیا۔آخر میں اجتماع میں شریک عاشقانِ رسول نے نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطاری سے ملاقات کی۔

واضح رہے اس موقع پر نگرانِ شوریٰ کے ہمراہ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی محمد علی عطاری سمیت دیگر اہم ذمہ داران بھی موجود تھے۔(کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)