یورپی ملک جرمنی (Germany)کے روننبرگ ٹاؤن(Ronnenberg Town) کی جامع مسجد گلزارِ مدینہ میں عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے تحت سنتوں بھرے اجتماع کا اہتمام کیا گیاجس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔

معمول کے مطابق اجتماع کے آغاز میں تلاوتِ قراٰن کی گئی اور نعت خواں اسلامی بھائی نے حضور خاتم النبیین صلی اللہ علیہ و سلم کی بارگاہ ِ اقدس میں نذرانۂ عقیدت پیش کرتے ہوئے حاضرین کے دلوں کو منور کیا۔

تلاوتِ و نعت کے بعد دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے ایک کلام پڑھا اور سنتوں بھرا بیان بھی کیا جس میں انہوں نے شرکائے اجتماع کو روزانہ 1200 مرتبہ درودِ پاک پڑھنے کی ترغیب دلائی۔

دورانِ بیان رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے جمعرات کی رات اور جمعہ کے دن خصوصی طور پر درودِ پاک پڑھنے کا ذہن دیتے ہوئے پیارے آقا صلی اللہ علیہ و سلم کی حدیثِ مبارکہ کا مفہوم بیان کیا:کہ جو جمعہ کے دن 200 مرتبہ درودِ پاک پڑھ لے اُس کے 200 سال کے گناہ معاف کردیئے جاتے ہیں۔

رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کے فرمان پر عمل کرتے ہوئے 12 ربیع الاول تک حضور سیّد عالم صلی اللہ علیہ و سلم کی بارگاہ میں ”12 ارب دوردِ پاک“ تحفہ پیش کرنے کے حوالے سے عاشقانِ رسول کی ذہن سازی کی۔

اس کے علاوہ رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے عاشقانِ رسول کو سلسلہ عالیہ قادریہ رضویہ عطاریہ میں داخل کر کے امیرِ اہلِ سنت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ کا مرید بنایا اور دعا کروائی جبکہ اختتام پر صلوٰۃ و سلام بھی پڑھا گیا۔اجتماع کے بعد وہاں موجود عاشقانِ رسول نے رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری سے ملاقات کی۔( کانٹینٹ:غیاث الدین عطاری)