نیند کی نعمت
اللہ پاک نے
جہاں انسان کو دن بھر کے معمو لا ت احسن انداز میں نمٹانے کے لئے دماغ جیسی عظیم
نعمت اور جسم کے مختلف اعضاء سے نوازا
ہے وہیں اس دماغ اور جسم کی
توانائی و طاقت کو برقرار رکھنے کے لئے نیند جیسی نعمت سے بھی سر فراز کیا
اور مناسب نیند انسان کی صحت کے لئے
انتہائی اہم اور صحت مند زندگی کےلئے بہت ضروری ہے ۔میڈیا میں شائع ہو نے وا لی
رپورٹ کے مطابق امریکہ میں نیند کے دورانیہ پر کی جا نے وا لی حالیہ طِبّی تحقیق میں
یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ جہاں کم نیند لینا بھی خطرناک ہی مانا جاتا ہے وہیں اس
کے ساتھ ساتھ بہت زیادہ سونے کو بھی عادت بنالینا جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔تحقیق میں
بتایا گیا ہے کہ جو لو گ تقریبا آٹھ گھنٹے سے زائد نیند لینے کے عادی ہوتے ہیں ان میں
فالج کا خطرہ اوسط دورانیے کے نیند لینے والے افراد کے مقابلے میں دوگنا زیادہ
ہوتا ہےاس کے برعکس جو لوگ رات بھر میں چھ گھنٹے سے کم سونے کو عادت بنا لیتے ہیں ان میں اس جان لیوا مرض کے دورے کا
خطرہ تقریبا چار گنا زیادہ ہوتا ہے کیونکہ ان کے دماغ کے مختلف
حصوں کی خون کی سپلائی متاثر ہوتی ہے۔تحقیقی رپورٹ میں بتا یا گیا ہے کہ رات کی
اچھی اور مناسب دورانیے کی نیند بہت اہمیت رکھتی ہے مگر بہت زیادہ دیر تک بستر پر
رہنا بلڈ پریشر کو بڑھا کر فالج کے خطرہ کو تقریبا چھیالیس فیصد تک اضافہ کردیتا ہے۔محققین نے مزید بتا یا کہ اس کی وجوہات ابھی واضح
نہیں ہوسکی اور اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے کہ آخر کیوں بہت زیادہ نیند
جان لیوا ثابت ہوتی ہے۔