مصر میں ایف جی آر ایف یوکے کے وفد کی فلسطینی سفیر دیاب
اللوح سے ملاقات
مصر میں تعینات فلسطینی سفیر دیاب اللوح نے بین الاقوامی فلاحی تنظیم FGRF (ایف
جی آر ایف) یوکے کی جانب سے غزہ، فلسطین میں کی جانے والی گراں قدر انسانی خدمات
کو بھرپور انداز میں سراہا ہے۔ یہ ملاقات اور تعریف، مشکل حالات میں فلسطینی عوام
کے لیے کی جانے والی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں مصر میں فلسطینی سفیر
نے FGRF یوکے کے وفد سے ملاقات کی۔ اس وفد کی قیادت FGRF یوکے کے ذمہ دار سید محمد فضیل رضا عطاری کر رہے تھے۔
ملاقات کے دوران فلسطینی سفیر کو FGRF یوکے کی جانب سے غزہ میں جاری امدادی سرگرمیوں، بشمول خوراک، طبی امداد،
صاف پانی کی فراہمی اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی فراہمی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
سفیرِ فلسطین نے غزہ کے نہتے اور مظلوم عوام کے
لیے FGRF یوکے کی جانب سے کی جانے والی مسلسل اور بے لوث
خدمات پر تنظیم کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے
مشکل وقت میں FGRF جیسی تنظیموں کا کردار انتہائی قابلِ قدر
ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کی جانب سے اس طرح کی انسانی
ہمدردی پر مبنی کوششیں فلسطینی عوام کے لیے امید کی کرن ہیں۔
FGRF یوکے کے آفیشل پیج سے جاری تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فلسطینی سفیر
اور FGRF یوکے کے فضیل عطاری کے درمیان
خوشگوار ماحول میں بات چیت ہو رہی ہے اور اس موقع پر فلسطینی سفیر FGRF یوکے کےہیڈ سید فضیل عطاری کو ایک یادگاری شیلڈ بھی پیش کررہے
ہیں۔
واضح رہے کہ غزہ میں جاری جارحیت اور محاصرے کے باعث
انسانی صورتحال انتہائی کشیدہ ہے۔ لاکھوں فلسطینی بنیادی انسانی ضروریات سے محروم
ہیں، اور ایسے میں FGRF یوکے جیسی بین الاقوامی فلاحی
تنظیمیں وہاں کے لوگوں کے لیے زندگی کی رَمَق بحال رکھنے میں کلیدی کردار ادا کر
رہی ہیں۔ اس طرح کی ملاقاتیں اور سفارتی سطح پر خدمات کا اعتراف نہ صرف ان تنظیموں
کی حوصلہ افزائی کرتا ہے بلکہ عالمی سطح پر مسئلہ فلسطین کی سنگینی کو بھی اجاگر
کرتا ہے۔
FGRF یوکے، جس کا نصب العین "سب کے لیے ہمدردی" (Compassion for Everyone) ہے، دنیا بھر میں اپنی فلاحی سرگرمیوں کے لیے جانی جاتی ہے۔ فلسطینی
سفیر کی جانب سے ان کی خدمات کو سراہا جانا بلاشبہ تنظیم کے لیے ایک اعزاز ہے۔(رپورٹ: محمدعمر فیاض مدنی)