دعوتِ اسلامی کے فلاحی ڈیپارٹمنٹ FGRF کی جانب سے یوکے کے شہروں مڈلینڈز اور ویلزمیں Cleanliness Campaign Awareness یعنی صفائی آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیا۔ اس سلسلے میں دعوتِ اسلامی کی جانب سے مختلف سڑکوں، اسٹاپس اور شاپس پر صفائی سے متعلق ترمذی شریف کی حدیث پاک سے مزین بینرز آویزاں کئے گئے۔

مہم میں برمنگھم یوکے کے نگران سید فضیل رضا عطاری سمیت دیگر ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی نے حصہ لیا۔ اس موقع پر یوکے پولیس اور لوکل گورنمنٹ نے FGRF کا ساتھ دیا اور اس صفائی مہم کے اقدام کو سراہتے ہوئے اس کی پذیرائی کی۔

اس مہم کے متعلق یوکے میں موجود دعوتِ اسلامی کے ایک ذمہ دار محمد سمیر عطاری نے دعوتِ اسلامی کے شب وروز کو بتا یا کہ اس مہم کا مقصدلوگوں میں صفائی کی اہمیت کو اجاگر کرنا، ماحول کو صاف ستھرا بنانا اور نبیِ کریم ﷺ کے فرمان”صفائی نصف ایمان ہے“کو عام کرنا ہے۔

واضح رہے کہ حضرت محمد ﷺ نے صفائی کو نصف ایمان قرار دیا ہے۔ صاف ستھرا رہنے سے انسان بیماریوں کے جراثیم سے محفوظ رہتا ہے، دُھلا ہوا لباس جسم کی حفاظت کرتا ہے اور بیرونی اثرات سے محفوظ رکھتا ہے۔ شرط یہ ہے کہ ہاتھ منہ اور باقی جسم کو پاک رکھا جائے۔ یہ جسمانی پاکیزگی اسی صورت میں قائم رہ سکتی ہے جب آپ کے اردگرد کا ماحول صاف ستھرا ہو ۔گھر، گلی، محلے اور اردگرد کے علاقے میں گندگی کے ڈھیر نہ ہوں اور فضا آلودہ نہ ہو،گندگی کے جراثیم ناک اور منہ کے راستے جسم میں داخل ہوجاتے ہیں اورنِت نئی بیماریوں کی خبر لاتے ہیں۔ کسی جگہ گندا پانی کھڑا رہے تو مچھروں اور مکھیوں کی افزائش گاہ بن جاتا ہے۔ ملیریا اور ہیضہ پھیلنے کے خطرات لاحق ہوجاتے ہیں، گندگی کے ڈھیر سے تعفن پھوٹتا رہتا ہے اور جراثیم فضا میں شامل ہوکر انسانی صحت کو تباہ کرنے کا عمل تیزی سے شروع کردیتے ہیں۔