محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور میدانی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے فلڈ الرٹ ایڈوائزجاری کر دی ہے۔  اسلام آباد میں صبح سے ہی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا جبکہ لاہور میں کئی دنوں کے بعد اب موسم قدرے بہتر ہوگیا ہے اور انتظامیہ کی جانب سے جگہ جگہ کھڑے پانی کو نکالنے کیلئے امدادی کام جاری ہیں۔ سیالکوٹ، ڈسکہ، گوجرانوالہ ،چیچہ وطنی،واربرٹن، کالاشاہ کاکو، شیخوپورہ، مریدکے، فاروق آباد، نارنگ منڈی، فیروزوالہ، شاہدرہ اور جلالپور میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب شہر کراچی میں صبح ہونےوالی ہلکی بوندا باندی نے موسم کو خوشگوار بنا دیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا درجہ حرارت 34سے32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد جبکہ 28 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مغربی ہوائیں چلتی رہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 27 جولائی 2019ءسے شہر میں باقاعدہ مون سون کی بارشوں کا آغاز ہوجائے گا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک بھر میں بارشوں کی پیشن گوئی کی گئی ہے لہٰذا بارش کے وقت ہمیں چاہئے کہ بوسیدہ عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، کھلے مین ہولز اور ڈرائیونگ کرتے ہوئے احتیاط سے کام لیں ۔