(اسٹاف رپورٹر) بنگلہ دیش میں ہونے والے دعوتِ اسلامی کے اجتماع کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، مختلف علاقوں سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ اب بھی جاری ہے، لا تعداد فرزندانِ اسلام اجتماع گاہ پہنچ گئے، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور سٹی ٹریفک پولیس نے پارکنگ سمیت دیگر انتظامات مکمل کرلیے۔

اجتماع کا پہلا دن تین نشستوں پر مشتمل تھا۔ پہلے مرحلے کا آغاز تلاوتِ قرآن سے ہوا جس کے بعد حمدِ باری تعالیٰ اور نعتِ رسولِ مقبول پیش کی گئی۔ پہلی نشست سے مبلغِ دعوتِ اسلامی محمد ذاکر رضا عطاری نے وقت کا بہترین استعمال کے عنوان پر اور سید الفِ ثانی عطاری نے صبر و شکر کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا۔ عاشقانِ رسول نے ظہر کی نماز پنڈال ہی میں باجماعت ادا کی۔

دوسری نشست کا آغاز ایک بجکر پچاس منٹ پر تلاوت و نعت سے ہوا جس کے بعد مبلغِ دعوتِ اسلامی محمد مسعود عطاری نے قرآن کی روشنی میں اولیائے کرام کے شان و عظمت کے موضوع پر اور بعد نمازِ عصر مبلغِ دعوتِ اسلامی ظہیر الاسلام مجددی عطاری نے گانے باجے کی تباہ کاریوں سے متعلق سنتوں بھرا بیان فرمایا۔

تیسری نشست کا آغاز تلاوت نعت سے ہوا جس میں مبلغِ دعوتِ اسلامی محمد ریاض عطاری اولاد کی تربیت اور گھر والوں کی اصلاح پر جبکہ مبلغِ دعوتِ اسلامی محمد نعیم عطاری ہم کیوں نہیں بدلتے کے موضوع پر شرکا کے درمیان سنتوں بھرا بیان فرمائیں گے۔

اجتماع گاہ کے اطراف میں کئی ایکڑز پر محیط پارکنگ اسٹینڈز بھی بنائے گئے، پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، داخلی اور خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ لگا دیئے گئے ہیں اور اجتماع گاہ کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جارہی ہے۔

اجتماع میں آنے والے شرکاء کے مطابق وہ دین کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے اجتماع میں آرہے ہیں، مبلغین نے اپنے اپنے بیانات میں امت مسلمہ کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کی روشنی میں زندگی گزارنے کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ اجتماع کی اکثر نشستیں مدنی چینل بنگلہ پر براہِ راست نشر کی گئیں۔