مشہور مفکرِ اسلام، دانشور، ادیب، شاعراور درجنوں
کتابوں کے مصنف حضرت علامہ مولانا الحاج بدرالقادری
مصباحی صاحب کا ہالینڈ کے شہر DEEN HAAG میں انتقال ہوگیا۔ موصوف پچھلے
کئی روز سے علالت کے باعث ہالینڈ کے مقامی اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔ کچھ روز قبل بھی حضرت کے انتقال کی جھوٹی خبر پھیلائی
گئی تھی لہٰذا اس بار مدرسہ رضویہ بدرالعلوم گھوسی مئو ہند نے اپنے مدرسے کے آفیشل لیٹر پیڈ کے ذریعے ان کے وصال کی خبر
کی تصدیق کی ہے۔
نمازِ جنازہ اور تدفین کے متعلق علامہ بدرالقادری صاحب کے بھتیجے مولانا محمد ارشد قادری صاحب (جامعہ
رضویہ بدرالعلوم مئو ہند)نے دعوتِ اسلامی
کے شب وروز کو بتایا کہ ابھی بدرالقادری صاحب کے جسدِ خاکی کو ہالینڈ سے ہند لانے کے لئے کاغذی اور قانونی کاروائیاں جاری ہیں، اس لئے
نمازِ جنازہ کاحتمی اعلان شام تک کیا جائے گا البتہ یہ کنفرم ہے کہ نمازِ جنازہ جامعہ
رضویہ بدرالعلوم قصبہ خاص گھوسی مئو ہند کے کمپاؤنڈ میں ادا کیا جائے گا جبکہ تدفین بھی
وہیں مدرسے کے احاطے میں عمل میں لائی جائے گی۔
علامہ بدرالقادری مصباحی صاحب دعوتِ اسلامی اور
بانیِ دعوتِ اسلامی سے بہت عقیدت رکھتے تھے، امیرِ اہلِ سنت کی منقبت ”مسلک کا تو
امام ہے الیاس قادری“ انہی کی لکھی ہوئی
ہے۔آپ کی ولادت 25 اکتوبر 1950ء کو سرزمینِ گھوسی ہند میں ہوئی۔دارالعلوم
اشرفیہ مصباح العلوم سے 10 شعبان المعظم 1389ھ مطابق 23 اکتوبر 1969ء کو فراغت
حاصل کی ۔فراغت کے بعد مختلف مدارس میں خدمات انجام دیں۔الجامعۃ الاشرفیہ میں شعبہ
نشرو اشاعت کے قیام کے بعد اس کے انچارج کی حیثیت سے تشریف لائے۔فروری 1976ء میں
جامعہ اشرفیہ کے دینی و علمی ترجمان ماہ نامہ اشرفیہ کی ادارت سنبھالی ۔بعد ازاں
ہالینڈ تشریف لے گئے ۔وہاں علمی و تبلیغی خدمات میں مصروف عمل رہے ۔موصوف ایک محقق
عالم دین ،مبلغ ،مصنف ،مولف ،ناقد،شاعر اور خطیب تھے۔
حضرت موصوف کا وصال اہلِ سنت کے لئے عظیم سانحہ ہے، دعوتِ
اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن مولانا
حاجی ابوماجد محمد شاہد عطاری مدنی اور
شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز کی ٹیم حضرت
کے تمام سوگواران سے تعزیت کا اظہار کرتی
ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ پاک
ان کی نصف صدی پر محیط پُر خلوص دینی ،ملی،ادبی
اورتبلیغی خدمات کو قبول فرمائے، انہیں
جنّت میں بلند درجات عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ
واٰلہٖ وسلَّم (رپورٹ:محمدعمر فیاض مدنی، دعوتِ اسلامی کے شب
وروز)