کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں کپڑا تیار کرنے والی فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹری کے اندرونی حصے میں قائم گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں ۔ تاہم آگ کی شدت کے باعث مزید گاڑیاں روانہ کی گئیں۔ شدید دھوئیں کے باعث فائر بریگیڈ کے عملے کو ابتدا میں آگ لگنےکے مقام تک پہنچنے میں  دشواری کا سامنا کرنا پڑا، تاہم فیکٹری کی عقبی دیوار اور لوہے کی گرل کاٹ کر آگ لگنے کےمقام تک پہنچا گیا اور آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پاتے ہی فیکٹری میں کولنگ کا عمل شروع کیا گیا۔ آگ لگنے کے نتیجے میں فیکٹری میں موجود کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا جبکہ کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔