ہیڈلائنز:09 اکتوبر سے مانٹریال کینیڈا میں جامعۃ المدینہ کی کلاسز کا باقاعدہ آغاز ہوگیا

تفصیلات:دینی مدارس اسلام کے قلعے، ہدایت کے سرچشمے، دین کی پناہ گاہیں اور اشاعتِ دین کا بہت بڑا ذریعہ ہوتے ہیں۔ ان مدارس و جامعات کی اہمیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے عاشقانِ رسول کی مدنی تحریک دعوتِ اسلامی نے آج سے تقریبا تیس سال قبل 1401ھ بمطابق 1981ء میں کراچی پاکستان میں جامعۃ المدینہ کی پہلی شاخ کی بنیاد رکھی۔ حضرت حق تعالیٰ نے اس نیک کام میں ایسی برکت ڈالی کہ جامعات المدینہ کا سلسلہ بڑھتا چلا اور اس وقت پاکستان، ہند ، نیپال، بنگلہ دیش، یوکے ، ساؤتھ افریقہ، سری لنکا، کینیا، موزمبیق اور موریشس میں جامعۃ المدینہ کی سینکڑوں شاخیں قائم ہوچکی ہیں جہاں لاکھوں طلبہ کو بلامعاوضہ تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو رہائش، خوراک اور مفت طبی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

اسی مقصد کے تحت دعوتِ اسلامی کی مجلس جامعۃ المدینہ نے مانٹریال کینیڈا میں ایک دینی درسگاہ جامعۃ المدینہ مانٹریال کا آغاز کیا ہے جس کی باقاعدہ کلاسز کا آغاز 9 اکتوبر 2019ء بروز بدھ سے ہوچکا ہے۔ جہاں قرآن و حدیث، تفسیر، فقہ و اصول فقہ، معانی و ادب ، صرف و نحو، منطق و فلسفہ جیسے ضروری علوم کا ایک مکمل نصا ب انتہائی پاکیزہ اور نورانی ماحول میں پڑھایا جاتا ہے۔ اللہ نے چاہا تو اِنْ شَآءَ اللہ یہ جامعۃ المدینہ بھی دین کی ایسی مشعلیں روشن کرے گا جن کی کرنوں سے ایک عالم منّور ہوتا رہے گا۔